• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہابلیشور میں واقع لنگمالا آبشار ذہنی سکون کیلئے بہترین جگہ

Updated: October 03, 2024, 11:37 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں کا مرکزی آبشار ۵۰۰؍فٹ کی بلندی سے گرتا ہے جسے دیکھ کر ہر کوئی سیلفی لینا چاہے گا، یہاں پہنچنے کیلئے ۳۰؍منٹ کچے راستے پر چلنا ہوتا ہے۔

In this picture it can be seen how high this waterfall falls. Photo: INN.
اس تصویر میں دیکھا جاسکتاہے کہ یہ آبشار کس قدر بلندی سے گرتا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

شہرکی آلودگی اور مصروف زندگی کی کشمکش انسان کو ذہنی اور جسمانی طورپرمکمل طور پر تھکا دیتی ہے۔ روزمرہ کی ہلچل اور خاندانی ذمہ داریوں کےبوجھ سے چھٹکارا پانے کیلئےہر انسان کو اپنے آپ کو تروتازہ کرنے کیلئے چند لمحے درکار ہوتے ہیں۔ اگر انسان ان لمحات کو فطرت کے درمیان گزارتا ہے تو وہ اپنے آپ کو طویل عرصے تک سنبھالے رکھتے ہوئے شہری زندگی کی جدوجہد کا آسانی سے سامنا کر سکتاہے۔ ہندوستان میں بہت سے قدرتی مقامات ہیں جہاں کوئی بھی خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر ری چارج کرنے کے لیے جا سکتا ہے۔ ایسی ہی ایک جگہ مہابلیشور میں موجود لنگمالا آبشار ہے۔ 
لنگمالا آبشار سے متعلق چند باتیں 
مہابلیشور کے لنگمالا آبشار کےقریب چند لمحے گزارنے سے بڑی سے بڑی تھکن بھی رفو چکر ہوجاتی ہے۔ جیسے ہی کوئی لنگمالا کی ان دیکھی خوبصورتی کو دیکھتا ہے دماغ مکمل طور پر فطرت میں گم ہو جاتا ہے۔ لنگمالا آبشارمہابلیشور اور پونے کے درمیان واقع ہے۔ لنگمالا پہاڑیوں ، قدرتی نظاروں ، چٹانوں اور سرسبز و شاداب جنگلات سے گھرا ہوا ہے۔ یہاں کامرکزی آبشار تقریباً۵۰۰؍فٹ کی بلندی سے سیدھا نیچے گرتاہے جسے دیکھ کر ہر کوئی سیلفی لینے کیلئے بے تاب ہوجاتاہے۔ ایک اور چھوٹےآبشار میں سیاح پانی سے لطف اندوز ہوتے نظر آتے ہیں۔ ان کی مستی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ چند لمحوں کے لیے شہر کی تناؤ بھری دنیا سے بالکل دور چلے گئے ہیں۔ 
مرکزی آبشار تک کیسے پہنچیں 
لنگمالا کےچھوٹےآبشار سے مرکزی آبشار تک پہنچنے کے لیے جنگل کے کچے راستوں سے گزرنا پڑتا ہے۔ یہ راستہ تقریباً۳۰؍ منٹ میں مکمل ہوتاہے۔ مقامی انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے اس بڑی آبشار کے قریب کئی بورڈ لگا دیے ہیں۔ 
اس مرکزی آبشار میں کسی قسم کی تفریح اور دیگر سرگرمیاں کرنا ممنوع ہےکیونکہ اس آبشار کا پانی اوپر سے نیچے کی طرف بہت تیزی سے گرتا ہے اور اس کی گہرائی بھی زیادہ ہے۔ یہ جگہ جتنی خوبصورت ہے، تھوڑی سی لاپرواہی اسے اتنا ہی خطرناک بنا دیتی ہے۔ 
لنگمالا آبشار دیکھنے کا بہترین وقت
مانسون کا موسم جنوبی اور وسطی ہندوستان کے قدرتی مقامات کو دیکھنےکابہترین وقت ہے۔ لنگمالا آبشار کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونےکابہترین وقت مانسون کے مہینے ہیں یعنی جولائی سے اکتوبر۔ اس موسم میں بارش کی وجہ سے اوپرسےگرنے والے آبشار میں پانی وافرمقدار موجود ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس کا پانی اپنی پوری قوت کے ساتھ اوپر سے گرتا ہے جسے دور سے دیکھا جا سکتا ہے۔ 
اس موسم میں آبشار کو دور سے دیکھیں کیونکہ بارش کی وجہ سے پانی کا بہاؤ بہت تیز ہوتاہے اور اس کے آس پاس کی جگہ بھی گہری اور پھسلن والی ہوتی ہے۔ مانسون کے موسم میں یہاں آنے والے سیاحوں کی حفاظت کیلئے مقامی انتظامیہ نے مختلف مقامات پر سیکورٹی گارڈز تعینات کیے ہیں جو سیاحوں کو پانی سے دور رکھتے ہیں۔ 
کیسے پہنچیں ؟
لنگمالا آبشار مہابلیشور بس اسٹینڈسےتقریباً۶؍کلومیٹر دور ہے۔ آبشارتک پہنچنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے ذرائع آسانی سے دستیاب ہیں۔ مہابلیشور پہنچنے کے لیے، مہاراشٹر اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیں ریاست کے ہر شہر سے چلتی ہیں ، جو کہ سب سے سستا ذریعہ ہیں۔ پونے ریلوے اسٹیشن ٹرین کے ذریعے آنے والے سیاحوں کے لیے قریب ترین ریلوے اسٹیشن ہے۔ 
پونے ملک بھر کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں سے ٹرین کے ذریعے براہ راست جڑا ہوا ہے۔ پونے ہوائی اڈہ ہوائی جہاز سے آنے والے سیاحوں کے لیے قریب ترین ہوائی اڈہ ہے۔ ملک کے تمام بڑے شہروں سے پروازیں براہ راست پونے آتی ہیں۔ پونے سےمہابلیشور کا فاصلہ تقریباً ۱۲۰؍کلومیٹرہےجسے تقریباً۲؍گھنٹے میں طے کیا جا سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK