لوناولا سے قریب واقع اس قلعہ میں فن تعمیر سے متعلق بہت سے پرکشش مقامات ہیں، تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کیلئے یہ خاص جگہ ہے۔
EPAPER
Updated: March 20, 2025, 11:05 AM IST | Mumbai
لوناولا سے قریب واقع اس قلعہ میں فن تعمیر سے متعلق بہت سے پرکشش مقامات ہیں، تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کیلئے یہ خاص جگہ ہے۔
لوہ گڑھ قلعہ سطح سمندر سے تقریباً۳۴؍سو فٹ کی بلندی پر ایک خوبصورت پہاڑی پر واقع ہے۔ یہ مہاراشٹر کا ایک اہم سیاحتی مقام ہے۔ لوہ گڑھ قلعہ نے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں بھی جگہ بنائی ہے۔ یہ تاریخی قلعہ پونے سے تقریباً۵۲؍ کلومیٹر کے فاصلے پر اور لوناؤلہ ہل اسٹیشن سے تقریباً۲۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ لوہ گڑھ قلعہ ایک خوبصورت پہاڑی پر واقع ہے۔ اس قلعہ میں قدیم فن تعمیر اور فطری حسن کا بہترین امتزاج دیکھا جا سکتا ہے۔ لوہ گڑھ قلعہ ٹریکنگ اور فطرت سے محبت کرنے والوں کے لئے ایک مثالی جگہ ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ وہی قلعہ ہے جس میں چھترپتی شیواجی مہاراج اپنا خزانہ رکھا کرتے تھے۔ لوہ گڑھ قلعہ کی جڑیں اپنے پڑوسی ویسا پور قلعہ سے ملتی ہیں۔ لوہ گڑھ قلعہ کی سیر کرنے سے ایک حیرت انگیز خوشی ملتی ہے، کیونکہ اس کے ساتھ سیاح لوناؤلہ اور ویسا پور قلعہ بھی دیکھ سکتے ہیں۔
تاریخ
لوہ گڑھ قلعہ۱۸؍ویں صدی کا ایک عظیم تاریخی اہمیت کا حامل قلعہ ہے۔ مختلف اوقات میں کئی شاہی خاندانوں کے لئے طاقت کا ایک بڑا مرکز رہا ہے۔ ان میں اہم شاہی خاندانوں میں بہمنی، نظام، مغل، یادو اور مراٹھا وغیرہ شامل تھے۔ ۱۶۴۸ء میں چھترپتی شیواجی مہاراج نے اس قلعے کو فتح کر کے اپنے قبضے میں لے لیا تھالیکن ۱۶۶۵ء میں پورندر معاہدے کے تحت یہ قلعہ مغلوں کے قبضے میں آ گیا تھا۔ لوہ گڑھ قلعہ کی بلندی سطح سمندر سے تقریباً۳۴؍سو فٹ ہے۔ لوہ گڑھ قلعہ کے ۴؍ داخلی دروازے ہیں جنہیں گنیش دروازہ، نارائن دروازہ، ہنوما دروازہ اور مہا دروازہ کہا جاتا ہے۔ مرکزی دروازے پر کچھ خوبصورت تراشے ہوئے مجسمے دیکھے جا سکتے ہیں۔
قلعہ میں ایک مشہور مقام ونچو کاٹا ہے جو پہاڑیوں کی ایک سلسلہ ہے۔ اس کے علاوہ لوہ گڑھ قلعہ میں فن تعمیر سے متعلق بہت سے پرکشش مقامات ہیں۔
ان باتوں کا خیال رکھئے
جب آپ لوہ گڑھ قلعہ کا دورہ کریں تو آرام دہ اور پرسکون کپڑے اور جوتے پہنیں۔
اگر آپ مانسون میں سفر کر رہے ہیں تو برساتی کوٹ اور پانی بھی ساتھ رکھنا نہ بھولیں۔
آپ قلعے کے آس پاس کے کچھ مقامی ریستوراں سے کھانا حاصل کر سکتے ہیں۔
کسی کو اطلاع دیئے بغیر قلعہ کے اندر کسی خطرناک غار میں داخل نہ ہوں۔
داخلہ مفت
لوہ گڑھ قلعہ دیکھنے کے لئے آپ کو معمولی داخلہ فیس ادا کرنے کی ضرورت ہے، یہاں ۲۵؍روپے داخلہ فیس لی جاتی ہے۔ لوہ گڑھ قلعہ صبح۹؍بجے سے شام۶؍ بجے تک سیاحوں کے لئے کھلا رہتا ہے۔
ذیل میں قلعے کے آس پاس کے چند مقامات کا ذکر کیا جارہا ہےجن کی سیر کرکے اپنے دورے کو یادگار بنایا جاسکتا ہے۔
لوناؤلہ جھیل
لوناؤلہ پونے ضلع کا ایک پرکشش ہل اسٹیشن ہے جو اپنی خوبصورتی کے لئے جانا جاتا ہے اور لوہ گڑھ قلعہ کے قریب ہی واقع ہے۔ یہاں کی لوناؤلہ جھیل سیاحوں کے لئے توجہ کا مرکز ہے۔
بھجا غار
لوہ گڑھ قلعہ میں سیاحتی مقام بھجا غار یا بھجے غار ہیں جو۲۲؍ویں صدی قبل مسیح کے ہیں اور یہ۲۲؍ چٹانوں سے کٹے ہوئے غاروں کا ایک گروپ ہے۔ بھجا غار طرز اور تعمیراتی ڈیزائن میں کارلا غاروں سے ملتے جلتے نظر آتے ہیں۔ سوریہ نارائن اور اندرا دیو کے مجسمے بھجا غار کے اندر نصب ہیں۔
ان کے علاوہ اور بھی مقامات ہیں جن کی سیر کی جاسکتی ہے۔ یہاں کسی بھی طریقے سے پہنچنا آسان ہے۔