یہ ریاست کے سرفہرست پر فضا مقامات میں سے ایک ہےجس کی مہاراشٹر کے مشہورسیاحتی مقامات میں ایک الگ شناخت ہے
EPAPER
Updated: June 27, 2024, 1:32 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai
یہ ریاست کے سرفہرست پر فضا مقامات میں سے ایک ہےجس کی مہاراشٹر کے مشہورسیاحتی مقامات میں ایک الگ شناخت ہے
لوناولہ مہاراشٹر کے پونے ضلع میں واقع ایک خوبصورت پہاڑی مقام ہے۔ لوناولہ سیاحتی مقام۶۲۲ ؍میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور یہ سلسلہ دکن اور کوکن ساحل کو الگ کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ لوناولہ سیاحتی مقام ریاست مہاراشٹر کے سرفہرست پہاڑی مقامات میں سے ایک ہے اور اس کی مہاراشٹر کے مشہورسیاحتی مقامات میں ایک الگ شناخت ہے۔ لوناولہ ہل اسٹیشن ۳۸ ؍مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اگر آپ ممبئی کے آس پاس سیاحتی مقام تلاش کر رہے ہیں تو مانسون میں لوناولہ بہترین جگہ ہے۔ لوناولہ اپنی لذیذ مٹھائیوں کیلئے بھی جانا جاتا ہے۔ لوناولہ سیاحتی مقام نہ صرف خوبصورت اور قدرتی طور پر بہترین ہے بلکہ یہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں بھی کامیاب ہے۔ لوناولہ پونے شہر سے تقریباً ۶۷؍ کلومیٹر اور ممبئی شہر سے تقریباً ۹۵ ؍کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ لوناولہ کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ لارڈ ایلفنسٹن نے کھنڈالہ کے ساتھ ساتھ لوناولہ کی ترقی کا عمل شروع کیا تھاجو۱۸۷۱ء میں بمبئی پریزیڈنسی کے گورنر تھے۔ موجودہ دور کا لوناولہ قدیم زمانے میں دیگر شاہی خاندانوں کا حصہ تھا جسے مغلوں نے اپنی سلطنت میں شامل کر لیا تھا۔ آخر میں مراٹھوں نے لوناولہ پر حکومت کی تھی۔ لوناولہ علاقے کے قلعوں اور مالوا جنگجوؤں نے مراٹھا اور پیشوا سلطنتوں کی تاریخ میں اہم کردار ادا کیا۔
لوناولہ سیاحتی مقام کے آس پاس بہت سے خوبصورت سیاحتی مقامات ہیں جہاں سیاح جانا پسند کرتے ہیں۔ اگر آپ لوناولہ کی سیر پر جانے والے ہیں تو اس کے اہم سیاحتی مقامات پر ضرور جائیں جس کے بارے میں ہم آپ کو معلومات فراہم کرنے جا رہے ہیں۔
بھجا غار لوناولہ میں دیکھنے کے قابل جگہ ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ غار ۲۲؍ویں صدی قبل مسیح کے ہیں جو چٹان میں تراشے ہوئے غاروں کا ایک گروپ ہے۔ بھجا غار انداز اور تعمیراتی ڈیزائن میں کارلا غاروں سے ملتے جلتے دکھائی دیتے ہیں۔ سوریا نارائن اور اندرا دیو کے مجسمے بھجا غار کے اندر نصب ہیں۔
لوناولہ میں دیکھنے کے لائق مقامات میں سے ایک راجماچی پوائنٹ پونے-ممبئی ہائی وے پر واقع ہے، کھنڈالہ میں گھاٹ کے ابتدائی حصےکے مشرق میں، لوناوالہ ریلوے اسٹیشن سے تقریباً۶؍ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ راجماچی پوائنٹ لوناولہ اورلوناولہ کے سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ راجماچی پوائنٹ کو اس کا نام اس لئے رکھا گیا ہے کیونکہ مراٹھا حکمراں چھترپتی شیواجی مہاراج کا راجماچی قلعہ اس پوائنٹ کے سامنے واقع ہے۔ راجماچی پوائنٹ وادی کے دلکش نظارے پیش کرتا ہے اور راجماچی قلعے کے آس پاس کے آبشاروں کا منظر بھی دلفریب ہوتا ہے۔ راجماچی پوائنٹ پر دیکھنے کے قابل مندر اور بچوں کیلئے ایک خوبصورت پارک ہے۔ راجماچی پوائنٹ فلم سازوں کیلئے بھی مشہور جگہ ہے۔
لوناولہ میں دیکھنے کے لائق مقامات میں لائنز پوائنٹ ایک خوبصورت جگہ ہے جو بھوشی ڈیم اور آمبی ویلی کے درمیان واقع ہے، جو لوناولہ ریلوے اسٹیشن سے تقریباً۱۲؍ کلومیٹر دور ہے۔ لائنز پوائنٹ کو دیکھنے والے مسحور ہو جاتے ہیں۔ مانسون کے موسم میں بہت سے چھوٹے آبشار، سرسبز پہاڑیاں اور جھیلیں اس جگہ کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں۔
لوہا گڑھ قلعہ لوناولہ سے تقریباً۱۱؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ایک تاریخی قلعہ ہے جو لوناولہ کے علاقے میں سہیادری پہاڑیوں پر واقع ہے۔ لوناولہ کے بہترین سیاحتی مقامات میں شامل یہ قلعہ۱۰۵۰؍ میٹر اونچی پہاڑی پر واقع ہے ۔ لوہا گڑھ قلعہ پونے اور ممبئی کے قریب ٹریک کرنے کیلئے بہترین مقامات میں سے ایک ہے۔
کرنالہ پرندوں کی پناہ گاہ رائے گڑھ کے پنویل میں واقع ہے۔ یہ پناہ گاہ ممبئی شہر کے قریب سیاحتی کے مقامات میں سے ایک ہے اور لوناولہ سے تقریباً۵۶؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ کرنالہ کو۱۹۶۸ء میں پرندوں کی پناہ گاہ کا درجہ دیا گیا تھا۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ پرندوں کی یہ پناہ گاہ کرنالہ قلعہ کے نیچے واقع ہے جس کی وجہ سے یہ سیاحت کیلئے زیادہ مشہور ہے۔ کرنالہ پرندوں کی پناہ گاہ رہائشی اور نقل مکانی کرنے والے پرندوں کا گھر ہے۔
پاونا جھیل لوناولہ کے بڑے پرکشش مقامات میں سے ایک ہے۔ لوناولہ کے مشہور سیاحتی مقامات کے درمیان یہ جھیل سیاحوں کیلئے توجہ کا مرکز بنی رہتی ہے۔