• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لٹیرے: ہندوستانی اسکرین پر ہالی ووڈ کے انداز کی کہانی

Updated: May 26, 2024, 9:17 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

رجت کپور ہی ایک ایسا چہرہ جسے آسانی سے پہچانا جاسکتا ہے، دیگر اداکاروں میں افریقی اداکاروں کی بڑی تعداد شامل، زیادہ تر شوٹنگ صومالیہ میں کی گئی۔

Rajat Kapoor and other actors can be seen in the web series Latare. Photo: INN
ویب سیریز’لٹیرے‘ میں رجت کپور اور دیگر اداکار دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

لٹیرے(Lootere)
اسٹریمنگ ایپ :ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار(۸؍ ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: وویک گومبر، رجت کپور، امرتا کھانولکر، چندن رائے سانیال، مارشل بچامن چانا، گوروشرما، گورو شرما، ابھیشیک خان، گورو پاسوالا۔ 
ہدایت کار:جے مہتاl تخلیق کار:ہنسل مہتا، شیلیش آر سنگھ
رائٹر: وشال کپور، سوپرن ورما، جبران نورانی، انشومان سنہا
شو رنر:ہنسل مہتاlپروڈیوسر:وشال چترویدی، رچیتا جانولیکر، شکیب سید
شو رنر:ہنسل مہتاl موسیقی:اچنت ٹھکرlسنیماٹوگرافی: جل کوواسجی
ایڈیٹنگ:ویراج گدوڑیاl کاسٹنگ:مکیش چھابرا
ریٹنگ: ***
 آپ نے ہالی ووڈکی کئی فلموں میں قزاقوں کی کہانیاں ضرور دیکھی ہوں گی، لیکن فلمساز ہنسل مہتا، جو او ٹی ٹی پر’اسکیم‘ اور’اسکوپ‘ جیسی زبردست ویب سیریز لے کر آئے تھے، اب اسی موضوع پر ایک نئی ویب سیریز لٹیرےلےکر آئے ہیں۔ صومالیہ کے قزاقوں پر مبنی اس سیریز کو ان کے بیٹے جئے مہتا نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ 
 عام طور پرہندی ویب سیریز دیکھنے والوں کے لیے اس سیریز کی بنیاد نئی ہے اور اس کے اداکار بھی اتنے مشہور نہیں ہیں جتنے کہ وہ عام طورپر ان دنوں ویب سیریزمیں دیکھتےہیں۔ یہی اس ویب سیریز دیکھنے کی بڑی وجہ بھی ہو سکتی ہے۔ یہ سیریز عام ویب سیریز کےشائقین کے لیے تھوڑی بھاری پڑ سکتی ہے، لیکن کرائم سیریز کے طورپر لٹیرےاپنے مقصد میں کامیاب دکھائی دے رہی ہے۔ 
کہانی:سیریز کا آغاز دلچسپ ہے۔ پہلے ایپی سوڈ میں جئے ہمیں اپنےکرداروں کی دنیا میں جس طرح تیز رفتار میوزک، رنگ برنگے مناظر اور طویل فضائی شاٹس کے ساتھ لے جاتے ہیں، اس سے ہماری توجہ اپنی طرف ضرور کھینچتے ہیں۔ کہانی ہندوستانی نژاد شخص وکرانت گاندھی (وویک گومبر)کی حالت زار سے شروع ہوتی ہے جس نےصومالیہ کو اپنا گھر بنا لیا ہے۔ وکرانت کا سسر صومالیہ کابے تاج بادشاہ تھا یعنی کالا کاروبار کرنے والا ایک بڑا امیر آدمی تھےلیکن ان کےانتقال کے بعد ان کے ڈوبتے ہوئے کاروبار کو بچانے کی ذمہ داری وکرانت کے کندھوں پر آ گئی۔ کاروبار میں وکرانت کی حالت تنگ ہے۔ ان کا واحد سہارا پورٹ پریسیڈنٹ کا عہدہ ہے لیکن آئندہ دوبارہ الیکشن میں یہ عہدہ بھی ان سے چھن جانے والا ہے۔ اسی دوران ان کاایک جہاز صومالیہ پہنچنے والاہےجس میں بہت زیادہ قیمتی (غیر قانونی)سامان موجود ہے۔ صومالیہ کے حکام کو اس کا علم ہو گیا۔ اب وکرانت کےپاس ایک ہی آپشن ہے کہ یہ جہاز کسی طرح بندرگاہ تک نہ پہنچے، ورنہ اس کی ساکھ ضرورختم ہو جائے گی، سزا الگ ہو گی۔ ایسے میں وہ اپنے ایک دوست کو اس جہاز کو ساحل تک آنے سے روکنے کیلئے ترکیب لگانےکو کہتا ہے اور وہ ایک ایسی ترکیب لگاتا ہے جوسب کیلئے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔ وہ اس جہاز کو قزاقوں کے حوالے کر دیتا ہے۔ قزاقوں کے قبضے کے بعد جہاز پر کیا حالات پیش آتے ہیں، جہازکے کیپٹن اے کے سنگھ (رجت کپور)، ان کی ٹیم اور بحری قزاقوں کے درمیان کیا معاملات پیش آتے ہیں ؟کیا جہاز کا عملہ قزاقوں کے چنگل سے چھوٹ کر اپنےگھرہندوستان پہنچ پاتا ہے؟یہ اور ایسے ہی دیگر کئی سوالات کا جواب جاننے کیلئے آپ کو مکمل ویب سیریز دیکھنا ہوگی جو ابتدائی طور پر ہر ہفتہ ایک ایپی سوڈ کے حساب سے جاری کیا جارہا تھا اب مکمل طور پر جاری کیا جاچکا ہے۔ 
ہدایت کاری:ہنسل مہتا نے ویب سیریز’لٹیرے‘کے شو رنر کےطورپرایسا سماجی، ذہنی اور تجارتی جال نہیں بُنا ہے جو فلم’شاہد‘کے بعدان کی کہانیوں میں دیکھاگیاہے، لیکن انہوں نے اس کو اچھی طرح سےپیش کیاہے۔ ویب سیریز’لٹیرے‘کواس لئے بھی دیکھنے کے قابل قرار دیا جاسکتاہے کیوں کہ یہ سامعین کو کچھ نیا پیش کرتی ہے۔ بحیثیت ہدایت کارجئے مہتا نے اپنی سمجھ اور سوچ کے مطابق سنسنی سےبھرپور سیریز بنانے کی کوشش کی ہے جس کی ترغیب مختلف انگریزی ویب سیریزسےلی گئی معلوم ہوتی ہے۔ لیکن، جئے مہتا کی ہدایت کاری دلچسپ ہے۔ وہ فنکاروں کو سستی کا موقع نہیں دیتے۔ کہانی سرپٹ دوڑتی ہے۔ اسرار کی تہوں کو ایک ایک کرکے آشکار کرتی ہے اس لحاظ سےرائٹر اور ہدایت کار میں تال میل نظر آتا ہے۔ 
ادا کاری:اداکاروں میں، رجت کپور ویب سیریز کے سب سے مقبول اور فوری طورپرپہچانے جانے والےاداکارہیں۔ رجت کپور جنہوں نے کبھی جہاز کا سفر نہیں کیا، شعوری طور پر اپنے کردار کے انڈر کرنٹ کوجیا اور اس کردار کو کسی بھی طرح ہلکا نہیں ہونے دیا۔ کردار کی سنجیدگی کے ساتھ موقع کی نزاکت کے مطابق وہ اپنے کردار کی پیش کش میں اچھے اتار چڑھاؤ لانے میں کامیاب ہیں۔ وویک گومبر کہانی کا مرکزی کردار ہے۔ ایک طرف یہ کردار اپنے خاندان کو اپنی سماجی حیثیت سے دور رکھنے کی کوشش کر رہا ہے اور دوسری طرف اپنی مجرمانہ سرگرمیوں سے ابتدائی مناظر کی رکاوٹوں کے بعد یہ کردار اپنی گرفت میں آنے لگا ہے۔ برکت کے طور پر بچمن کی کارکردگی کو اس کی رنگت، شکل اور قد سےمدد ملتی ہے۔ اگر وورا، سانیال، خان ولکر وغیرہ جیسے اداکارکہانی میں اپنی اپنی جگہ پر ٹھیک ہیں۔ 
نتیجہ: آپ صومالیہ کے قزاقوں کی نئی دنیا کی سیر کے لیے اس سیریزسے لطف اندوز ہونے اور ایک نئے قسم کی کہانی، دلکش مناظر اور سنسنی خیز اتار چڑھائو کیلئے اس سیریز کو یقینی طور پر دیکھنا چاہیں گے جو چھوٹے اسکرین پر بڑے پردے کا لطف دیتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK