• Wed, 12 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لویاپا: موبائل کی دنیا میں گم رہنے والی نسل کی محبت کی کہانی

Updated: February 08, 2025, 12:37 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

جنوبی ہندکی فلم پر مبنی ایک اور فلم جس میں عامر خان کے بیٹےجنید اور سری دیوی کی بیٹی خوشی کپورکی اداکاری سے سجی فلم میں جدید تقاضے پیش کئے گئے ہیں۔

Junaid Khan can be seen jumping in a scene from the movie Loyyappa. Photo: INN
فلم’لویاپا‘کے ایک منظر میں جنید خان کودیکھاجاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

لویاپا (Loveyapa)
اسٹارکاسٹ:جنید خان، خوشی کپور،اشوتوش رانا، گروشا کپور، کیکو شاردا، تنویکا پارلیکر، دیویشی مدان، آدتیہ کلشریشٹھ،نکھل مہتا
 ڈائریکٹر :ادویت چندن 
رائٹر:اسنیہا دیسائی، سدھانت ماگوڈپردیپ رنگ ناتھن
پروڈیوسر:عامر خان، بونی کپور،کل پتی اگورم،سرشٹی بہل آریہ،کل پتی گنیش،مدھو منتینا ورما، پردیپ رنگناتھن،بھائونا تلوار، کل پتی سریش
میوزک:تنشک باگچی،امن پنت،سدھارتھ سنگھ،کیتا سودھا
 سنیماٹوگرافی:راجیش نارے
ایڈیٹنگ:انترا لہری،
 کاسٹنگ:مکیش چھابرا
 پروڈکشن ڈیزائن:چھایاتی کوشک
 ریٹنگ: ***
 گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی ’دیوا‘ساؤتھ انڈین فلم ’ممبئی پولیس‘ کا ریمیک تھی۔ اب اس ہفتے ریلیز ہونے والی ادویت چندن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’لوویاپا‘ بھی۲۰۲۲ءمیںریلیز ہونےوالی تمل فلم ’لو ٹوڈے‘کا ریمیک ہے۔ ساؤتھ کی کامیاب فلموں کےہندی میں ریمیک بنانے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ ویلنٹائن ویک کی شروعات یعنی ’روز ڈے‘ پر ریلیز ہونے والی اس فلم میں جنید خان اور خوشی کپور ’جنریشن زی‘  کی ایک پیاری محبت کی کہانی کے ساتھ پیش ہوئے ہیں۔
فلم کی کہانی
 کہانی کا پس منظر دہلی کا ہے،جہاں ۲۴؍سالہ گورو (جنید خان) اوربانی (خوشی کپور) ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ دونوں دن رات فون پر مصروف رہتے ہیں اور ایک دوسرے کو ہر لمحے کی خبردیتےہیں۔انہیں لگتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے بارے میں سب کچھ جانتے ہیں اور ان کے درمیان اعتماد کی ڈور بہت مضبوط ہے۔گورو کی ماں (گریشا کپور) کو ہر وقت فون پر چپکے رہنے کی عادت سےشدید چڑ ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ گھر میں گورو کی بہن کی شادی ہونے والی ہے لیکن گورو کا سارا دھیان فون پر ہے۔
 دوسری طرف، بانی کے والد (آشوتوش رانا) اپنی بیٹی کے لیے رشتہ دیکھ رہے ہیں۔ ایک دن وہ فون پر گورو اور بانی کی محبت بھری باتیں سن لیتے ہیں۔ اب گورو کو بانی کے گھر جا کر اس کا ہاتھ مانگنا پڑتا ہے۔بانی کے والد شادی کے لیے ایک شرط رکھتے ہیں کہ گورو اور بانی کو ۲۴؍گھنٹوں کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ اپنے فون کا تبادلہ کرنا ہوگا، اور اس کے بعد ہی شادی کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
 لیکن جیسے ہی وہ دونوں اپنے فون کا تبادلہ کرتے ہیں، ان کے رشتےکا زاویہ بدلنے لگتا ہے۔ گورو اور بانی کو ایک دوسرے کے بارے میں ایسی باتیں معلوم ہوتی ہیں جن کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ فون کے تبادلے کے بعد ان کے رشتے میں آنے والے طوفان کا اثرگورو کی بہن کرن اور اس کے ہونے والے شوہر انوپم (کیکو شاردا) کے رشتے پر بھی پڑتا ہے۔
جب ایک دوسرے کے فون میں چھپی سچائی سامنے آتی ہے تو سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا گورو اور بانی اب بھی ایک دوسرے سے شادی کرنا چاہتے ہیں؟کیا ان کا رشتہ ان رازوں کے بعد بھی قائم رہ سکے گا؟یہ جاننے کے لیے آپ کو فلم دیکھنی پڑے گی!
ہدایت کاری
 آج کے فون اور انٹرنیٹ کے دور میں رشتوں کے بے شمار آپشنز موجودہیں۔ ایک کلک، لیفٹ سوائپ، یا ایک نئے ونڈو کے درمیان کیاآج کی نسل اپنے رشتوں کی حفاظت کر پاتی ہے؟ ایسے کئی سوالوں کے جوابات تلاش کرتی ہے ہدایت کار ادویت چندن کی یہ فلم۔ البتہ ۲۰۲۲ءمیںریلیزہونے والی ’لو ٹوڈے‘ کو۲۰۲۵ءمیں تھوڑامزید اپ ڈیٹ کیا جانا چاہیے تھا۔’جنریشن زی‘کے رشتوں کی پیچیدگیوں کو زیادہ گہرائی سے دکھایا جا سکتا تھا کیونکہ پچھلے ۳؍ برسوں میں جنریشن زی کے لیے بہت کچھ بدل چکا ہے۔
اداکاری
جنید خان پچھلےسال او ٹی ٹی پرریلیز ہونے والی ’مہاراج‘میں سنجیدہ کردار ادا کرنے کے بعد، اس ہلکی پھلکی رومانوی فلم میں ’گورو‘ کے روپ میں خوب جچے ہیں۔ خوشی کپور’بانی‘ کے کردار میں پیاری لگتی ہیں، لیکن اداکاری کے میدان میں انہیں مزید محنت کی ضرورت ہے۔ آشوتوش رانا ایک ذمہ دار والد کے طور پر اپنی گہری چھاپ چھوڑتے ہیں۔کیکو شاردااپنی روایتی کامیڈی امیج کے برعکس، ہونے والے داماد ’انوپم‘ کے کردار میں شاندار پرفارمنس دی ہے۔گریشاکپوربھی گورو کی والدہ کے کردار میں متاثر کن نظر آتی ہیں۔ تنویکا پارلیکر گورو کی بہن ’کرن‘ کے کردار کو خوبصورتی سے نبھایا ہے۔سپورٹنگ کاسٹ بھی ٹھیک ٹھاک ہے۔
نتیجہ
 اگر آپ کو نئے دور کی محبت کی کہانی پسند ہے اور عامر خان کے بیٹے جنید خان اور سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور جیسے نئے اداکاروں کی اداکاری کے جوہر دیکھنا چاہتے ہیں تو اس فلم کو دیکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK