اس سیریز میں وکیلوں کے مختلف مسائل اور ان کےذریعہ آزمائے جانے والے حربوں اورجوڑ توڑ کی کوششوںکو پیش کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: March 03, 2024, 10:09 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس سیریز میں وکیلوں کے مختلف مسائل اور ان کےذریعہ آزمائے جانے والے حربوں اورجوڑ توڑ کی کوششوںکو پیش کیا گیا ہے۔
معاملہ لیگل ہے
(Maamla Legal Hai)
اسٹریمنگ ایپ :نیٹ فلکس(۸؍ ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:روی کشن، نائلہ گریوال، ندھی بشٹ، اننت جوشی، انجم بترا، یشپال شرما
رائٹر:کمار انیجا، سوربھ کھنہ
ڈائریکٹر:راہل پانڈے
پروڈیوسر:امیت گولانی، سورو کھنہ، بسوپتی سرکار، سمیر سکسینہ
ایڈیٹر:چندرشیکھر پرجاپتی، دیویش سونوانیہ
ریٹنگ: ***
ایک کہاوت مشہور ہے کہ وکیلوں کے چکر سے ہمیشہ محفوظ رہنا چاہئے کیوں کہ جو ان کے چکر میں پھنستا ہے الجھتا ہی چلا جاتا ہے۔ لیکن دوسری جانب دیکھا جائے تو ان وکیلوں کی بھی تو کوئی زندگی ہے۔ نیٹ فلکس پر حال ہی میں ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’معاملہ لیگل ہے‘ ان وکیلوں کی زندگی کو ہی پیش کرتی ہےجس میں ہم دیکھتے ہیں کہ کوئی تاریخ پر تاریخ دلواکر ہی اپنی وکالت چمکارہا ہے تو کوئی بڑا عہدہ حاصل کرنے کی تگ و دو میں ہے تو کوئی سینئر وکیل ہونے کے باوجود اپنا چیمبرحاصل نہ کرپانے سے پریشان ہے۔
کہانی:اس ویب سیریز کی کہانی روی کشن کے کردار وی ڈی تیاگی سےشروع ہوتی ہے، جو ایک ہوشیار وکیل ہیں۔ وہ مقدمہ جیتنے کیلئےقانونی نظام میں خامیاں تلاش کرنےکےماہرہیں۔ وہ بار اسوسی ایشن کاصدر بننے کی بھی خواہش رکھتے ہیں۔ ان کے ساتھ اننیا شراف بھی ہیں جن کا کردار نائلہ گریوال نےادا کیا ہے۔ وہ ہارورڈ کی ایک نوجوان اورپرجوش وکیل ہیں جو پسماندہ افراد کو قانونی امداد فراہم کرنےکا خواب دیکھتی ہیں۔ لیکن پٹپڑ گنج عدالت میں اسے نظام کی سنگین سچائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ندھی بشٹ نےوکیل سجاتا کا کردار ادا کیاہے، جسے عدالت کے لوگ دیدی کے نام سے جانتے ہیں۔ وہ خود کوئی مقدمہ نہیں لڑنا چاہتی بلکہ اپنا چیمبر حاصل کرنا چاہتی ہے۔ اننت جوشی نے کورٹ منیجر وشواس پانڈے کا کردار اداکیاہے، جو خود کو پٹپڑ گنج ڈسٹرکٹ کورٹ کا ڈونا پالسن ظاہر کرتا ہے۔ سیریزمیں ڈولا کا کردار ایک تیز اور ذہین سیکریٹری کا ہے۔ رائٹرزکنال اور سوربھ کی ٹیم نے ہوشیاری سے ہر ایپی سوڈ میں کچھ نہ کچھ حیرت انگیز پیش کیاہےیہاں تک کہ اگریشیئس، دروازہ، ڈگنٹی، اوقات، ٹچ، برادری، کٹائی، اور آخر میں لا اینڈ جسٹس کے زیر عنوان ایپی سوڈمیں کچھ نہ کچھ کمال کا دکھایا ہے۔ نوٹری سے لے کرکمیشن کے بعد ٹرانسفر کروانے والے وکیلوں اوربرسوں سےچیمبر کو ترس رہے وکیلوں کا درد بھی دکھایا ہے۔
ہدایتکاری:پروڈیوسر سمیر سکسینہ، ہدایت کار راہل پانڈے اورمصنف سوربھ کھنہ اور کنال انیجا کی ٹیم نے’جولی ایل ایل بی‘کا او ٹی ٹی ورژن تیارکیاہے۔ ایک ایسی کہانی جو مذاق اور ہلکے پھلکے ماحول میں بڑی چیزوں کے بارے میں بات کرتی ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ شوکے تھیم پر بہترین تحقیق کی گئی ہے۔ کہانی کے ساتھ اس میں دکھائےگئے عدالتی کیس سے متعلق اخباری تراشے بھی دکھائے گئے ہیں جو اس کی صداقت کی تصدیق کرتے ہیں۔ تاہم، سیریز میں ایسے اوقات ہوتے ہیں جب کہانی ایسا لگتا ہے جیسے کہ زبردستی کھینچی گئی ہے۔ خاص طور پر وی ڈی تیاگی کی ذاتی زندگی کے حصے میں کافی میلو ڈراماہے۔ اس وجہ سے جو سیریز ہلکے پھلکے انداز میں کھیلی جا رہی ہے وہ بھاری محسوس ہوتی ہے۔
اداکاری:روی کشن اس شو کی جان ہیں۔ انہوں نے بہترین اداکاری کی ہے۔ وہ وکیل وی ڈی تیاگی کے کردار میں حیرت انگیز تبدیلیاں لاتے ہیں، جو ایک لمحے ٹیڑھا اور دوسرے لمحے سیدھا ہوتا ہے۔ ان کاکردار اپنی اسٹریٹ اسمارٹ حکمت عملی اور قانونی خامیوں کے علم کے ساتھ شو میں ماحول کو برقرار رکھتا ہے۔ یشپال شرما، نائلہ گریوال، اننت جوشی اور ندھی بشت سمیت دیگر معاون اداکاروں نے بھی اپنی اداکاری سے شو کا لطف برقرار رکھا ہے۔ سیریز میں بہت سے دلچسپ ون لائنرزاور لطیفے ہیں، جو نہ صرف تفریح کرتے ہیں بلکہ یادگار بھی ہیں۔
نتیجہ:’معاملہ لیگل ہے‘کامیڈی اور ڈرامے کا ایک دلچسپ کاک ٹیل ہے۔ اگر آپ کورٹ روم ڈراماپسند کرتے ہیں اور کچھ اچھا دیکھنا چاہتے ہیں تو یہ سیریز آپ کے لیے ہے۔