اس چھوٹی سی جگہ میں کئی شاندار چیزیں دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں جن میں راجا کی سیٹ،ابی آبشار اور مڈیکیری قلعہ شامل ہے، اسے ’کافی کا ملک‘ بھی کہا جاتا ہے۔
EPAPER
Updated: April 09, 2025, 10:24 AM IST | Mumbai
اس چھوٹی سی جگہ میں کئی شاندار چیزیں دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں جن میں راجا کی سیٹ،ابی آبشار اور مڈیکیری قلعہ شامل ہے، اسے ’کافی کا ملک‘ بھی کہا جاتا ہے۔
مڈیکیری جسے کورگ کا دل بھی کہا جاتا ہے، کرناٹک ریاست کےمغربی گھاٹ میں واقع ایک خوبصورت پہاڑی مقام ہے۔ یہ جگہ اپنی قدرتی خوبصورتی، کافی کے باغات، ہری بھری وادیوں، آبشاروں اور خوشگوار موسم کی وجہ سے سیاحوں میں بے حد مقبول ہے۔
مڈیکیری کی قدرتی خوبصورتی
مڈیکیری ایک ایسی جگہ ہے جو کئی وجوہات سےشہرتی رکھتی ہے۔سب سے پہلی وجہ یہاں کی ہریالی اور خوبصورت مناظر ہیں۔ مڈیکیری کا ہر منظر ایک تصویرکی مانند ہوتاہے— ہر طرف سبزہ،بلند و بالا درخت، دھند میں لپٹےپہاڑی راستے، اور فضاؤں میں کافی کی خوشبو۔ اس کے علاوہ یہاں کا موسم بھی یہاں کی دلکشی کا ایک اہم سبب ہے۔ یہاں کا موسم سال بھر خوشگوار رہتا ہے، خاص کر مانسون (جون تا ستمبر) میں بادلوں اور بارش کا حسین امتزاج دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔
مشہور سیاحتی مقامات
یہاں کئی مقامات سیاحوں کی دلکشی کا باعث ہوتے ہیں جنہیں دیکھنے دور دور سے سیاح آتے ہیں۔جن میں چند درج ذیل ہیں۔
راجا سیٹ
یہ مڈیکیری کا ایک نہایت خوبصورت، رومان انگیز اور مشہور سیاحتی مقام ہے، جو قدرتی حسن اور تاریخی پس منظر دونوںکا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔ اگر آپ مڈیکیری جاتے ہیں اور راجا سیٹ نہیں دیکھتے، تو گویا آپ نے اس جگہ کی اصل روح کو محسوس نہیں کیا۔ یہ جگہ مڈیکیری ٹاؤن کے قلب میں ایک چھوٹی سی پہاڑی پر واقع ہے۔یہاں سے آپ کو نیچے پھیلی ہری وادیوں، بلند درختوں، اور دور دور تک پہاڑوں کا شاندار نظارہ ملتا ہے۔سورج کے طلوع اور غروب کامنظریہاں سے اتنا دلکش ہوتا ہے کہ سیاح خاص طور پر اسی لمحے کا انتظار کرتے ہیں۔شام کے وقت یہاں ایک میوزیکل فاؤنٹین شو بھی منعقد کیا جاتا ہے، جس میں روشنیوں اور موسیقی کی دھن پر پانی کا رقص پیش کیا جاتا ہے۔یہ شو بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے یادگار تجربہ ہوتا ہے۔
ابّی آبشار
کافی کے باغات کے بیچ یہ ایک خوبصورت آبشار ہےجہاں اونچائی سے پانی گرنے کاشور اور قدرتی ماحول روح کو سکون بخشتا ہے۔خاص طور پر مانسون کے بعد آبشار کی روانی اور خوبصورتی اپنے عروج پر ہوتی ہے۔
مڈیکیری قلعہ
مڈیکیری کا قلعہ ایک تاریخی ورثہ ہے،جوکورگ کی تہذیبی عظمت اور فوجی شان کاآئینہ دار ہے۔ یہ قلعہ نہ صرف اپنی پُرشکوہ تعمیرات کی وجہ سےمشہور ہے بلکہ یہاں کی فضا میں تاریخ کی خوشبو، راجاؤں کے عروج و زوال کی کہانیاں اور انگریزوں کے قدموں کی چاپ بھی سنائی دیتی ہے۔یہ قلعہ سب سے پہلے ۱۷؍ویں صدی میں مدو راجانے تعمیر کروایاتھا۔بعد میں ٹپو سلطان نے اسے اپنے عہد میں دوبارہ مضبوطی سےتعمیر کروایا اور ایک مسجد بھی تعمیر کروائی۔انگریزوں کے دور میں اسےایک بار پھر تعمیر و مرمت کے مراحل سے گزارا گیا، اور کئی نئے ڈھانچے شامل کیے گئے۔ قلعہ باہر سے دیکھنے میں ایک مضبوط، پتھروں سے بنا ہوا ڈھانچہ نظر آتاہے، جس کی دیواریں وقت کی سختیوں کے باوجود آج بھی جمی ہوئی ہیں۔
داخلی دروازے کے دونوں جانب ۲؍چیتوںکی شاندار مورتیاں آپ کا خیرمقدم کرتی ہیں، جو قلعے کی شان اورشاہی جاہ و جلال کو ظاہر کرتی ہیں۔قلعے کے اندر ایک پرانا محل ہے،جو کبھی حکمرانوں کی رہائش گاہ تھی۔اب اس محل کو ضلعی انتظامیہ کا دفتربنا دیا گیا ہے، لیکن اس کی پرانی شان آج بھی دکھائی دیتی ہے۔
تلاکاویری
یہ وہ مقام ہے جہاں سے دریائے کاویری کا آغاز ہوتا ہے،یہی وجہ ہے کہ اس مقام کومقدم مانا جاتا ہے۔جو مڈیکیری سے تقریباً ۴۸؍کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ہندو عقیدے کے مطابق یہ بہت مقدس مقام ہے، جہاں ہر سال ہزاروں زائرین آتے ہیں۔
کافی کے باغات کا تجربہ
مڈیکیری کو’کافی کا ملک‘بھی کہا جاتا ہے۔یہاں سیاح کافی کےباغات کی سیرکر سکتے ہیں، کافی چننے کے عمل کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں، اور آرگینک کافی کا ذائقہ چکھ سکتے ہیں۔بہت سے ریزورٹس اور ہوم اسٹے ان باغات کے بیچ واقع ہیں۔