میٹرو اسٹیشن سے قریب واقع شاپنگ کے اس مرکز میں آپ روایتی شلوار قمیص اور شرارہ کے علاوہ ویسٹرن کپڑوں سےلیکر بندے بالی بھی خرید سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 26, 2024, 11:58 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
میٹرو اسٹیشن سے قریب واقع شاپنگ کے اس مرکز میں آپ روایتی شلوار قمیص اور شرارہ کے علاوہ ویسٹرن کپڑوں سےلیکر بندے بالی بھی خرید سکتے ہیں۔
ممبئی میں یوں تو چھوٹے بڑے بہت سے مارکیٹ موجود ہیں جن میں ایک طرف لاکھوں مربع فٹ پر پھیلے شاپنگ مال ہیں تو دوسری جانب چھوٹے چھوٹے شاپنگ سینٹر بھی موجود ہیں۔
اندھیری کو مغربی مضافات کا مرکزی علاقہ کہا جاتا ہےکیوں کہ یہ مضافات کی حد کے نقطہ آغاز یعنی باندرہ اور اختتام یعنی بوریولی کے بیچ میں واقع ہے۔ اس کے علاوہ بھی کئی خصوصی چیزوں کی وجہ سے بھی اسے اہمیت حاصل ہے جس میں اکثرفلمی ہستیوں کے جائے رہائش کے سبب بھی اسے مقبولیت حاصل ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ یہاں آبادی زیادہ ہے اور اسی لئے یہاں شاپنگ کے مراکز بھی کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ آج ہم اندھیری میں واقع ایک چھوٹے سے شاپنگ سینٹر منیش نگر شاپنگ سینٹر کا تعارف پیش کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ ہم سی ایس ایم ٹی اسٹیشن کے قریب واقع منیش مارکیٹ کی بات نہیں کررہے جوپورے ممبئی ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں مشہور ہے۔
کیسے پہنچیں ؟
یہاں پہنچنے کیلئے بہترین متبادل میٹرو ٹرین ہے۔ چاہے آپ گھاٹکوپر سے جارہے ہوں یابوریولی اور ملاڈ کی جانب سے میٹرو ٹرین آپ کو یہاں پہنچادے گی۔ گھاٹکوپرسے آنے پر آپ کو ڈی این نگر اور بوریولی کی جانب سے جانے پر آپ کو اندھیری ویسٹ کے میٹرو اسٹیشن پر اترنا ہوگا۔ یہاں سے چند منٹ پیدل چلنے کے بعد آپ اس مارکیٹ میں پہنچ جائیں گے۔ اگر آپ لوکل ٹرین سے جارہے ہیں تو آپ کو اندھیری اسٹیشن پر اترکر رکشہ سے جانا ہوگا۔ یہ مارکیٹ صبح ۱۰؍بجے سے رات ۱۰؍بجے تک کھلا رہتا ہے۔ اگر آپ صبح کے وقت جائیں تو بہتر ہے کیونکہ یہاں بھیڑ بھاڑ بہت زیادہ ہوجاتی ہے۔
آئیے اب یہاں کے مختلف اسٹورز کا جائزہ لیتے ہیں۔
گلیمر فیشن ایکسیسریز
تیرومالا کے شاندار شاپنگ سینٹر کے قریب واقع یہ ایک چھوٹا سا اسٹور ہے جس آپ اپنے دوپٹوں اور کپڑوں کے کناروں پر لگانے کیلئے لیس، بارڈر، لٹکن اور ایسی ہی دیگر چیزیں خرید سکتے ہیں۔ اگر آپ آرٹ اور کرافٹ کے چاہنے والے ہیں توآپ یہاں سے مختلف قسم کے لٹکن، ٹسیل جیسا سامان لےکر اپنے پلین ڈینم جیکٹ کو بھی نہایت شاندار بنا سکتے ہیں۔
ڈیوائن کلیکشن
اگر آپ کسی خاص تقریب جیسے کہ تہوار یا شادی بیاہ کیلئے شرارہ جیسے ملبوسات خریدنا چاہتے ہیں تو آپ کو یہاں واقع ڈیوائن کلیکشن کا رخ کرنا چاہئےجہاں عمدہ قسم کے شلوار قمیص، شرارہ اور انارکلی جیسے ڈریس ملتے ہیں۔ آپ اپنی مرضی کے مطابق کپڑے خرید سکتے ہیں۔
کیمیو ویسٹرن آؤٹ فٹ
روایتی اوراپنے قدیم طرز کے کپڑوں کے بجائے اگر آپ ویسٹرن طرز کے کپڑے خریدنا چاہتے ہیں تو آپ کو یہاں پر واقع کیمیو ویسٹرن آئوٹ فٹ کا رخ کرنا ہوگا۔ یہاں پائے جانے والے شرگ آپ کے پیسے کا صحیح استعمال ثابت ہونگے۔ اس کے علاوہ یہاں ڈینم جیکٹ ملتے ہیں جس کے پشت پر شاندار ڈیزائن بنے ہوتے ہیں بھی نہایت دلکش لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں جمپ سوٹ، پیپلم ٹاپس جیسے ملبوسات بھی ملتے ہیں۔
سہیلی این ایکس
یہاں پر آپ عمدہ قسم کے آکسیڈائزڈ کلپ آن اور نتھنی جیسی چیزیں خرید سکتے ہیں۔ یہاں ان چیزوں کی قیمت بھی اتنی کم ہے کہ آپ کثیر تعداد میں خریدنا چاہیں گے۔ سہیلی کا امیٹیشن جویلری کلیکشن اس وقت بھی بہت کام آتا ہے جب آپ کو کہیں شادی میں جانا ہے لیکن آپ کے بٹوہ میں زیادہ پیسہ بھی نہیں ہے۔ یہاں سے آپ ان چیزوں کو کرائے پر بھی لے سکتے ہیں۔
نیر دوپٹہ
یہ یہاں کی سب سے اہم دکان ہے جہاں بندھنی، شیفون، گوٹا ورک، جارجٹ، چکن کاری، سلک ہرطرح کا دوپٹہ خریدسکتے ہیں۔