• Mon, 24 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’میرے ہسبینڈ کی بیوی‘ حالانکہ مزاحیہ فلم ہے مگر کمزور نظر آتی ہے

Updated: February 22, 2025, 11:59 AM IST | Ismata Shrivastava | Mumbai

’کھیل کھیل میں ‘جیسی فلموں سے ہنسانے والے ڈائریکٹر اِس فلم کی بکھری ہوئی کہانی اور اداکاروں کی اووَر ایکٹنگ کی وجہ سے ناکام معلوم ہورہے ہیں۔

In the film, Prabhalin (Bhumi) and Antra (Rukul) compete to get Ankur (Arjun Kapoor). Photo: INN
فلم میں انکور (ارجن کپور) کو پانے کیلئے پربھلین (بھومی) اور انترا(رکول) میں مقابلہ آرائی ہے۔ تصویر: آئی این این

  نام سے  ہی ظاہر ہے کہ  یہ مزاحیہ فلم ہے۔مدثر عزیز جو ’ہیپی بھاگ جائے گی‘، ’پتی پتنی اور وہ ‘ اور ’کھیل کھیل میں‘ جیسی  فلموں سے ناظرین کو  تفریح  فراہم کرچکے ہیں،  نے ’’میرے ہسبینڈ کی بیوی‘‘ کے ذریعہ بھی یہی کوشش کی ہے تاہم  وہ بہت زیادہ کامیاب نظر نہیں  آتے۔    ڈھائی گھنٹے کی  اس فلم  میں کئی مناظر سپاٹ سے ہیںجبکہ کہانی بھی ناظرین کو پکڑ کر رکھنے میں ناکام ہے۔ کہانی میں اس قدر بکھراؤ ہے، کہ لگتا ہے کہ رائٹر جو کہنا چاہتا ہے وہ کہہ ہی نہیں  پایا۔  اس میں کوئی شک نہیں کہ فلم میں کچھ اچھے اور مزاحیہ ڈئیلاگ  ہیں جنہوں نے فلم کو سنبھالا ہےمگر وہ ایسے بھی نہیں کہ بے ساختہ ہنسی آجائے۔ فلم مجموعی طورپر ’’اووَر ایکٹنگ‘‘ سے بھری ہوئی نظر آتی ہے۔ البتہ یہ اعتراف کرنا بھی ضروری ہے کہ فلم کے لیڈ کیریکٹرس نے اپنی ذمہ داری کو سمجھا اور اپنے کردار کو سنجیدگی سے نبھانے کی کوشش کی ہے۔  
فلم کی کہانی
 فلم کی شروعات اس طرح ہوتی ہے کہ دہلی میں رہنےوالا انکور چڈھا (ارجن کپور)اپنی اہلیہ پربھلین چڈھا سے خوفزدہ نظر آتا ہے۔ پربھلین کو شروع میں پردہ پر اس طرح پیش کیاگیا ہے جیسے وہ بہت ہی  ظالم اورخونخوار بیوی ہے۔ ایسا تاثر قائم ہوتا ہے جیسے  وہ  ظالم بیوی ہے جس نے اپنے  شوہر کی زندگی کو جہنم بنا کر رکھ دیا ہے تاہم  دونوں  میں  علاحدگی ہوچکی ہے۔ انکور کے ہر اچھے برے وقت میں اس کا دوست قریشی (ہرش گجرال)اس کے ساتھ ہوتا ہے۔  انکور اپنے خاندانی کاروبار کے سلسلے میں رشی کشی جاتا ہے،وہاںا س کی ملاقات کالج کے دنوں  میں  لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہنےوالی اَنترا کھنہ  (رکول پریت سنگھ) سے ہوتی ہے۔ اَنترا کو انکور اپنے ماضی کے بارے میں بتاتا ہے۔   اس   میں بھلین کافی  بولڈ، بنداس اور تیز طرار نظر آتی ہے۔ کالج کی پڑھائی مکمل کرنے کے بعد وہ  ایک نیوز چینل سے وابستہ ہو جاتی ہے۔  انکور سے شادی کے بعد نیوز چینل کی ملازمت دونوں کے رشتے میں  آڑے آنے لگتی ہے اور بات یہاں تک بڑھتی ہے کہ دونوں ایک دوسرے سے علاحدگی اختیار کرلیتے ہیں۔ مگر جب انترا اور انکور  شادی کرنے کافیصلہ کرتے ہیں تو پربھلین اُن کی زندگی میں لوٹ آتی ہے۔ دراصل ایک حادثہ میں وہ اپنی یادداشت کھو بیٹھتی ہے۔  اس کی وجہ سے اسے یہ تو یاد ہے کہ انکورسے اس کی شادی ہوئی تھی مگر یہ یاد نہیں کہ اُن میں علاحدگی بھی ہوچکی ہے۔  نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ انترا اور پربھلین   میں انکور کو پانے کیلئے مقابلہ آرائی شروع ہوجاتی ہے۔ کہانی میں کئی ایسے  پہلو ہیں جن کے جواب نہیں ملتے۔مثلاًانکور اور پربھلین میں علاحدگی کی کوئی ٹھوس وجہ معلوم نہیں ہوتی۔ یہ حیران کن ہے کہ علاحدگی کے بعد وہ دوبارہ انکور میں دلچسپی لیتی ہے جبکہ راجیو (آدتیہ سیل) سے اس کا معاشقہ  بھی چل رہا ہوتاہے۔ یہ بھی سمجھ میں نہیں آتا کہ آخر میں اچانک پربھلین اپنی غلطی کیوں مان لیتی ہے۔ 
ہدایت  کاری
  فلم اِنٹروَل  سے پہلے کافی کھنچی ہوئی معلوم ہوتی ہے۔فلم کی شروعات میں انکور کا اپنے دوست کی بیچلر پارٹی میں جانا اور وہاں  پر باؤنسرس سے مار کھانا بڑا ہی بچکانا اورغیر ضروری معلوم ہوتا ہے۔  اسی پارٹی میں انکور کے والد بھی نظر آتے ہیں جن کا کردار سڑک چھاپ عاشق جیسا دکھایا گیا ہے مگر فلم کے باقی حصے میں  ان کے کردار کا یہ پہلو نظر نہیں آتا۔  فلم میں پربھلین کے کردار کو سب سے عجیب دکھانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن پوری کہانی میں  اس میں کامیابی ملتی نظر نہیں آتی۔  
اداکاری
  نئی دہلی اور امرتسر  ہوتے ہوئے فلم لندن تک پہنچ جاتی ہے مگر کہیں بھی  ناظرین کو راغب کرنے میں کامیاب نظر نہیں  آتی۔ ارجن کپور   خود کو شکستہ دل بتاتے ہیں مگرمظلوم زیادہ نظر آتے ہیں۔ وہ دل ٹوٹنے کی بات تو کرتے ہیں مگر  ویسا تاثر ان کے چہرے پر نظر نہیں  آتا۔ بھومی کا کردار اووَر ایکٹنگ کا شکار نظر آتا ہے۔ رکول پریت خوبصورت نظر آئی ہیں مگر ان کا چہرا تاثرات کو پیش کرنے میں ناکام ہے۔ آدتیہ سیل کے توکردار کی افادیت پر ہی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔
نتیجہ
 ہلکے پھلکے مزاح کے باوجود فلم کیلئے  ناظرین کو  ڈھائی گھنٹے تک باندھ کر رکھنا مشکل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK