• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مرزا پور۳؍: یوپی میں راج کرنے والے بے تاج بادشاہوں کی کہانی

Updated: July 14, 2024, 12:20 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

امیزون پرائم کی ایسی سیریز جس کے ختم ہوتے ہی اگلے سیزن کا انتظارشروع ہوجاتا ہے،علی فضل، شویتا ترپاٹھی اور دیگر کی عمدہ اداکاری سے بھرپور۔

Ali Fazal and Rajesh Telang can be seen in a scene from the web series `Mirzapur 3`. Photo: INN
ویب سیریز’مرزاپور۳؍‘ کےایک منظر میں علی فضل اورراجیش تیلنگ کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

مرزا پور۳ (Mirzapur 3)
اسٹریمنگ ایپ : امیزون پرائم ویڈیوز(۱۰؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:علی فضل، شویتا ترپاٹھی، رسیکا دگل، پنکج ترپاٹھی، انجم شرما، شیبا چڈھا، ہنسیکا گوڑ، راجیش تیلنگ، پرشنسا شرما، ایشا تلوار، پلّو سنگھ، ایاز خان
رائٹر:پونیت کرشنا، اپوروا دھار
ڈائریکٹر: گرمیت سنگھ، آنند ایئر
پروڈیوسر:فرحان اختر، عباس رضا خان، رتیش سدھوانی، قاسم جگمگیا، وشال رامچندانی، گرمیت سنگھ، رتی شنکر ترپاٹھی، رک وید مکھرجی
میوزک:جان اسٹیوارٹ ایدوری
سنیماٹوگرافی:سنجے کپور
ایڈیٹنگ:سدھیشور ایکمبے، منن اشون مہتا
ریٹنگ: ***
 کچھ فلمیں اور ویب سیریز ایسی ہیں جن کا جادو عوام کے سر چڑھ کر بولتا ہے اورایک مرتبہ دیکھنے کے بعد اس کے اگلے حصہ یا سلسلے کو دیکھنے کا انتظار کرنے لگتے ہیں۔ ایسی ہی ویب سیریز میں ’مرزا پور‘ بھی شامل ہے۔ طویل انتظار کے بعد ’مرزا پور‘ کا تیسرا سیزن ریلیز ہوچکا ہےجسے بڑی تعداد میں عوام دیکھ رہے ہیں، اس کا اندازہ اس بات سےلگایا جاسکتا ہے کہ اس کے چند مناظر کو سوشل میڈیا پر خوب وائرل کیا جارہا ہے۔ اب ان مناظر کے وائرل ہونے کی وجہ چاہے کچھ بھی ہو لیکن یہ حقیقت ہے کہ اس سیریز کا انتظار سبھی کو بڑی بے صبری سے ہوتا ہے۔ ہدایت کار گرمیت سنگھ نے گزشتہ دو سیزن کی حیرت انگیز کاسٹ کےساتھ کہانی اور کرداروں کو خوبصورتی سے آگے بڑھایا ہے۔ اداکاروں کی اداکاری اس سیریز کا پلس پوائنٹ ہے لیکن اگراس کی رفتار پہلے سیزن کی طرح تیزہوتی توزیادہ اچھا ہوتا۔ 
کہانی:اس سیزن کی کہانی وہیں سے شروع ہوتی ہےجہاں پچھلا سیزن ختم ہوا تھا۔ جیسا کہ ناظرین جانتےہیں کہ یہ باہو بلیوں کے ذریعہ اقتدار کیلئےاپنائےگئے ہتھکنڈوں کی کہانی ہے۔ گڈو پنڈت (علی فضل) منا ترپاٹھی (دیویندو شرما) کو مار کراورکالین بھیا (پنکج ترپاٹھی) کو اپنے راستے سے ہٹا کر مرزا پور کا خود ساختہ باہوبلی بن گیا ہے۔ لیکن وہ اس بات سے بے خبر ہے کہ شرد شکلا (انجم شرما) نے زخمی کالن بھیا کو بچایا ہے اور چپکے سےاس کا علاج کروا رہا ہے۔ شرد شکلا مرزا پورکےتخت پر قابض ہونے کے لیے گڈو کے راستے کا کانٹا بنا ہواہے۔ اسی طرح مغربی علاقوں کے کچھ طاقتور لوگ گڈو کو اپنا بادشاہ ماننےسے انکاری ہیں۔ لیڈی ڈان گولو (شویتا ترپاٹھی) جو پہلے سے زیادہ خطرناک ہو چکی ہے، گڈو کا دایاں ہاتھ بن جاتی ہے اور دشمنوں کی ہر چال سے ہر قدم پر اس کی حفاظت کرتی ہے۔ شرد ریاست کی وزیر اعلیٰ اور منا کی بیوی مادھوری یادو(ایشا تلوار) کے ساتھ مل کر گڈو کو ختم کرنے کی سازش کرتاہے۔ ایک بے خوف ریاست کی مہم کے ساتھ، مادھوری باہو بلیوں کو باہو بلیوں کےخلاف کھڑا کر کے بدلہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ دوسری جانب بینا(رسیکا دگل) اپنے پرانے زخم نہیں بھولی ہیں۔ وہ اپنے نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال میں مصروف ہے۔ یہاں گڈو کے والد رماکانت پنڈت (راجیش تیلنگ) ایس ایس پی موریہ (امیت سیال) کو قتل کرنے کے اپنے جرم کے لیے خود سپردگی کردیتے ہیں۔ ان کی بیوی وسودھا (شیبا چڈھا) گڈو کے ساتھ رہنےسےانکار کرتی ہے۔ وہیں سیوان میں، بھرت تیاگی (وجے ورما)نےاپنے جڑواں بھائی چھوٹے عرف شتروگھن تیاگی (وجئے ورما) کی شناخت خفیہ طور پر چرا لی ہے۔ جب کہ سب کا ماننا ہےکہ چھوٹا مر گیا ہے۔ ددّا(للی پٹ)نےاپنے چھوٹے بیٹے کی موت قبول کر لی ہے۔ لیکن سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا موت سے واپس آنے والے کالین بھیا کی قسمت ایک بار پھر سنبھل پائے گی؟ کیا گڈو اپنے دشمنوں کو ختم کر کے مرزا پور کا تخت نشین ہو سکے گا؟ ایسے کئی سوالوں کے جوابات جاننے کیلئے آپ کو سیریز دیکھنا ہوگی۔ 
ہدایت کاری:مرزا پورکےسیزن۳؍ کی سب سے بڑی خصوصیت گڈو اور شرد کاعروج ہے، جو سیریزمیں ایک نیا پن لے کر آتا ہے، لیکن اس کی رفتار پچھلے سیزن کی نسبت سست ہے۔ ’مرزا پور‘جیسی سیریز میں ناظرین کو تیز رفتاری کی توقع ہوتی ہے۔ دوسری جانب اس کی خامی یہ ہے کہ اس سیریز سے مناترپاٹھی(دیویندوشرما)غائب ہے کیوں کہ اس سیریز کی سب سے بڑی خوبی گڈو اور منا کا براہ راست ٹکرائو تھاجو اس میں نظر نہیں آتا۔ جبکہ کالین بھیاکو بھی اس میں بہت کم جگہ دی گئی ہےجواس سیریز کی جان ہیں۔ اگرچہ مصنفین اپوروا دھر، اویناش سنگھ، اویناش تومراور وجے نارائن نے کہانی میں کئی موڑرکھے ہیں، لیکن درمیان میں وہ اپنی گرفت کھو بیٹھتے ہیں۔ اس کا ۱۰؍ایپی سوڈ پر مشتمل ہونا تھوڑا طویل لگتا ہے لیکن ہرکردار کا پوشیدہ ایجنڈا تجسس کو برقرار رکھتا ہے۔ دس منٹ کا کلائمکس ناظرین کو چونکا دینے کے لیے کافی ہے۔ 
اداکاری: اداکاری کے لحاظ سے سیریزمیں کئی ہیرےہیں۔ اس بار گڈو پنڈت کاجلوہ پوری طرح سےنمایاں ہوتاہے۔ اس نے اپنے متکبر، غیرمتوقع اور خطرناک انداز کو ایک خاص طریقے سے پیش کیا ہے۔ جبکہ شرد شکلاکےطور پر انجم شرما نے بھی عمدہ اداکاری کی ہے۔ شویتا ترپاٹھی گولوکے طور پر متاثرکن ہیں۔ اسکرین کی محدود جگہ میں بھی پنکج ترپاٹھی نے کالین بھیا کے کردار میں گہرا تاثر چھوڑا ہے۔ رسیکا اسی شدت کے ساتھ بینا کا کردار نبھا رہی ہیں۔ ایشا تلوار نے وزیراعلیٰ مادھوری کاکردار چالاکی سے نبھایا ہے۔ گڈو کی ماں کے طور پر شیبا چڈھا، ان کے والد کے طور پر راجیش تیلنگ، رابن کے طور پر پریانشو پینیولی، رؤف لالہ کے کردار میں انیل جارج اور دادا کے کردار میں للی پٹ نے اپنے کرداروں کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ 
نتیجہ: علی فضل، شویتا ترپاٹھی اور انجم شرماکی پراداکاری کے نئے انداز اورچونکا دینے والے کلائمکس کیلئے اسے دیکھا جاسکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK