• Sun, 26 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

متھیہ: سچ اور جھوٹ کے بیچ سنسنی خیز جنگ کی کہانی

Updated: November 17, 2024, 12:18 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

بھاگیہ شری کی بیٹی اونتیکا داسانی نے اس سیریز کے ذریعہ اداکاری کے سفر کا آغاز کیا ہے، اس کے مقابل ہما قریشی جیسی تجربہ کار اداکارہ ہیں۔

Huma Qureshi can be seen in a scene from the web series `Mathiya`. Photo: INN
ویب سیریز’متھیہ ‘ کےایک منظر میںہما قریشی کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

متھیہ (Mithya)
 اسٹریمنگ ایپ :زی ۵؍(۶؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:ہما قریشی، اونتیکا داسانی، رجیت کپور، اندرنیل سین گپتا، روشاد رانا، پرمبرتا چٹوپادھیائے، کے سی شنکر، بال کرشنا تھاپا، نوین کستوریا، انوریتا جھا
 ڈائریکٹر:روہن سپی اور کپل شرما 
رائٹر:گولڈی بہل، پریہ جھاور، نسرگ مہتا، اپرنا نادگ، نشانک شرما 
پروڈیوسر:گولڈی بہل، شردھا بہل سنگھ، سمیر نائر، دیپک سیگل
موسیقی: جارج جوزف، ریپل شرما، نرمل پانڈیا 
ایڈیٹنگ:ابھیجیت دیشپانڈے
سنیماٹوگرافی:سرشا رے، راگھو رماڈوس
کاسٹنگ ڈائریکٹر:پریا دکشت
پروڈکشن ڈیزائن:شویتا گپتا، اجیت پراشر، سدھی نگویکر، سنیل نگویکر، نتانشا سنہا
ریٹنگ: ***
 سچ سچ ہوتاہے اور جھوٹ جھوٹ ہوتاہےاور ان کے درمیان کچھ ہوتا ہے تو وہ سب متھیہ (جھوٹ) ہوتا ہے۔ اس بات کو زی ۵؍ کی ویب سیریز متھیہ میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو کہ ایک استاد اور طالب علم کے درمیان دماغی کھیل کی کہانی ہے۔ یہ کہانی کلاس میں شروع ہوتی ہے اور سلاخوں کے پیچھے ختم ہوتی ہے۔ چیک میٹ کا کھیل جو کلاس میں شروع ہوتا ہے اس وقت خونی ہو جاتا ہے جب ایک قتل ہوجاتاہے۔ اس دوران بہت کچھ ہوتا ہے جو ان دونوں کی ذاتی زندگی سے جڑا ہوتا ہے اور اس سے متاثر ہوتا ہے۔ 
 یہ جھوٹ، بے وفائی، خیانت، نفرت اور انتقام کی کہانی بھی ہے۔ اس سیریز میں ناظرین کو مشغول رکھنے کے لیے کافی مسالے تھے، لیکن کمزور تحریر کی وجہ سے، متھیہ ایک بہترین سسپنس تھریلر بنتے بنتے رہ گئی۔ متھیہ کے تمام بڑے کرداروں کی خوبیوں اور خامیوں کو دیکھتے ہوئے، ان کوکھل کر پیش کرنے کے بھی بے پناہ مواقع تھے، جس سے ہدایت کار روہن سپی فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ کہانی کو سمیٹنے میں جلد بازی کی وجہ سے نہ تو پلاٹ کو ٹھیک سے پیش کیا جا سکا اور نہ ہی کرداروں کو۔ 
سیریز کی کہانی
متھیہ کی کہانی دارجلنگ کے پس منظر میں بنی گئی ہے، جہاں جوہی ادھیکاری (ہما قریشی) ایک کالج میں ہندی کی پروفیسر ہے۔ جوہی کےوالد آنند تیاگی (راجیت کپور) ایک مشہور انگریزی مصنف ہیں، لیکن جوہی نے اپنے والد کے نقش قدم پر نہ چلتے ہوئےہندی کو اپنا پیشہ بنایا۔ جوہی کی شادی نیل ادھیکاری (پرمبرتا چٹرجی) سے ہوئی، جو خود بھی اسی کالج میں پروفیسر ہیں۔ 
 جوہی اپنی شادی سے مطمئن نہیں ہے اور اپنے ساتھی پروفیسر وشال (اندرنیل سینگپتا) کے خیالوں میں کھوئی رہتی ہے۔ اس سب کے درمیان، جوہی کی مشکلات اس وقت بڑھنے لگتی ہیں جب اس نےکالج کے ٹرسٹی راج گرو (سمیر سونی) کی بیٹی ریا راج گرو کے مضمون پر سرقہ کا الزام لگایا۔ چالاک ریا کسی بھی قیمت پر اس الزام کو قبول نہیں کرتی اور معاملے کو اس حد تک بڑھا دیتی ہے کہ کالج کو جوہی کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بنانی پڑتی ہے۔ 
 اس کے بعدجوہی اور ریا کے درمیان مستقل تناؤ کی ایک گہری لکیربن جاتی ہے۔ جوہی کھل کر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتی رہتی ہے، لیکن چالاک ریا اپنی نفرت چھپاتی ہے اور ہمیشہ خود کومتاثرہ کے طورپر پیش کرتی ہے۔ نیل جوہی اور ریا کے اس دماغی کھیل میں پھنس جاتا ہے اور ایک رات اس کا قتل ہو جاتا ہے۔ جائے وقوع پر موجود شواہد کی بنیاد پر، جوہی پر قتل کا الزام لگایا جاتا ہے اور وہ سلاخوں کے پیچھے پہنچ جاتی ہے، لیکن پھر کہانی ایک چونکا دینے والا موڑ لیتی ہے اور ایک راز کھل جاتا ہے جو جوہی کے لیے جان لیوا ثابت ہوتا ہے اور اس کی ایک وجہ ریا کی نفرت ہوتی ہے۔ اس راز کے دوسرے سرے پر جوہی کے والد ہیں۔ 
ہدایت کاری
 اس کہانی کو ایک زبردست تھریلر میں بدلنے کے بہت سے امکانات ہیں، لیکن اسکرین پلے کی جلد بازی نے منصوبہ خراب کردیا۔ التھیا کوشل اور انویتا دتہ کے اسکرین پلے میں دکھائے گئے واقعات نیل کے قتل کے دن سے آٹھ دن پہلے رونما ہوتے ہیں اور ہر واقعہ فلیش بیک کے ذریعے قتل کے دن کے قریب جاتا ہے۔ صرف ۸؍ دنوں میں جوہی اور ریا کے درمیان کشیدگی اس نہج پر پہنچ گئی کہ اس کا نتیجہ نیل کے قتل کی صورت میں نکلا، جو حیران کن ہے۔ 
اداکاری
 ریا کا کردار بھاگیہ شری کی بیٹی اونتیکا داسانی نے ادا کیا ہے، جنہوں نے اداکاری کی دنیا میں اپنی اننگزکا آغاز کیا ہے۔ ایک شیطانی، خطرناک سازشی اور بڑے باپ کی بگڑی ہوئی بیٹی کے کردار میں ریا کی اداکاری اور ڈائیلاگ ڈیلیوری میں یکسانیت ہے۔ انہوں نے اس کردار کے منفی پہلوکو سامنے لانے کی بھرپور کوشش کی ہے لیکن فی الحال اس کیلئے ان کے پاس اظہار کی صلاحیت محدود ہے جو ان کی اداکاری میں یکسانیت کی وجہ بھی بنتاہے۔ تاہم اس میں کوئی شک نہیں کہ ریا میں صلاحیت ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اداکاری میں بہتری اور تنوع کی توقع کی جا سکتی ہے۔ تاہم ہما ایک تجربہ کار اداکارہ ہیں اور انہوں نے اس کا اظہار بھی کیا ہے۔ پرمبرتا چٹرجی نیل کے کردار میں غریب نظر آرہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، رجیت کپور آنند تیاگی کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو ایک مشہور انگریزی مصنف ہونے کے گھمنڈ میں لپٹے ہوئے ہیں اور وہ اس کہانی میں رونما ہونے والے منفی واقعات کے لیے بڑی حد تک ذمہ دار ہیں۔ 
نتیجہ
 ۶؍ ایپی سوڈپر مشتمل یہ ویب سیریز برطانوی ٹی وی شو’چیٹ‘ پر مبنی ہےجسےاپلوز انٹرٹینمنٹ نےتیار کیا ہے۔ اسے پورا دیکھنے کیلئے آپ کو بے پناہ صبر کی صلاحیت کا استعمال کرنا ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK