• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مسٹر اینڈ مسز ماہی: کرکٹ کے ساتھ جذبات کو پیش کرنے والی فلم

Updated: June 01, 2024, 9:42 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

راجکمار رائو اور جھانوی کپور کی اداکاری سے سجی اس فلم میںشوہرکی انا،غرور، عدم تحفظ کو مار کر اپنی بیوی کوکامیابی دلانےکی کہانی پیش کی گئی ہے۔

Rajkummar Rao and Janhvi Kapoor can be seen in a scene from the movie `Mr and Mrs Mahi`. Photo: INN
راجکمار رائو اور جھانوی کپور فلم’مسٹر اینڈ مسز ماہی‘ کے ایک منظر میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

مسٹر اینڈ مسز ماہی
 (Mr. & Mrs. Mahi)
اسٹار کاسٹ :راجکمار رائو، جھانوی کپور، کمود مشرا، راجیش شرما، پرنیندو بھٹاچاریہ، زرینہ وہاب، ارپن داس، ہمانشو جے کر۔ 
 ڈائریکٹر :شرن شرما
رائٹر:نکھل مہروترا، شرن شرما
موسیقی:منن بھاردواج، امیت تریویدی
 پروڈیوسر:کرن جوہر، ہیروجوہر، اپوروا مہتا، گوپال بابل
 سنیماٹوگرافی:انے گوسوامی، یش کھنہ
کاسٹنگ:پنچمی گھوری
پروڈکشن ڈیزائن:مینل اگروال، شرنیا مینن
آرٹ ڈائریکٹر:رمیش اندھالے
ایڈیٹنگ:نتن بید
 ریٹنگ: ***
 یقینی طور پر یہ ہندی فلموں کا خوبصورت دور ہے، جہاں ہر رنگ کی فلمیں بن رہی ہیں۔ ان میں سے ایک رنگ یہ ہے کہ اپنے خوابوں کاتعاقب ترک کرنے والے میاں بیوی ایک دوسرے کا سہارا بن جاتےہیں اور ان خوابوں کی تکمیل کے لیے کسی بھی حد تک چلے جاتے ہیں۔ ہدایت کار شرن شرما راج کمار راؤ اور جھانوی کپور کی تازہ جوڑی کے ساتھ ایک ایسی ہی کہانی لے کر آئے ہیں، جنہوں نے اپنے خوابوں کو چھوڑ دیا اور زندگی کی ہلچل میں شامل ہو گئے، لیکن پھر کرکٹ جیسا پرجوش کھیل ان دونوں کو ایک مقام پرلاکر نہ صرف قریب لاتا ہے، بلکہ زندگی میں کامیابی کی وجہ بھی بن جاتا ہے۔ 
کہانی: کہانی جے پورمیں رہنے والے مہندر (راج کمار راؤ) سےشروع ہوتی ہے۔ وہ ایک بار کلب کی سطح پر کھیل چکے ہیں، ایم ایس دھونی کی طرح چوکے اور چھکے مار چکے ہیں، لیکن ریاستی اور قومی سطح تک پہنچنےمیں ناکام رہے۔ اب حالات ایسے ہیں کہ وہ اپنے والد(کمود مشرا) کی اسپورٹس شاپ میں سیلز مین بن گئے ہیں۔ کرکٹ میں ناکامی اور گھر میں اپنے اداکار بھائی کی مقبولیت کی وجہ سےوہ زندگی میں کچھ نہ کرپانے کے احساس کمتری کا شکار ہیں لیکن پھر ان کی شادی ڈاکٹر مہیما (جھانوی کپور) سے طےہو جاتی ہے۔ 
 مہیندر کی طرح ماہی کا عرفی نام بھی ماہی ہے۔ باپ اپنے بیٹےمہیندر کو مہیما کے خاندان کے سامنے ایک کامیاب بزنس مین کے طور پر پیش کرتا ہے، تو مہیندر، مہیماکو اپنی سچائی بتادیتا ہےکہ وہ زندگی میں ایک ہارا ہوا انسان ہے۔ اس کی ایمانداری سے متاثر ہو کر مہیما شادی کے لیے راضی ہو جاتی ہے۔ شادی کے بعد مہندرا کو معلوم ہوتا ہے کہ ان کی طرح مہیما بھی نہ صرف کرکٹ کی دیوانی ہیں بلکہ دھواں داربلے باز بھی ہیں۔ والد کے دباؤ میں انہیں ڈاکٹربننا پڑا۔ اب وہ مہیما کو کرکٹر بنانے کے لیے اپنی جان لگا دیتےہیں۔ لیکن اس سفر میں مہندر کو اپنی انا، غرور، عدم تحفظ اور خوابوں کی خود شناسی سے بھی گزرنا پڑتا ہے۔ 
ہدایتکاری : ہدایتکار شرن شرما بھلے ہی شوہر کی نیک نیتی کے ساتھ اپنی بیوی کو آگے بڑھانے کی اچھی نیت کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں، لیکن وہ کرداروں اور کہانی کو پیش کرنے میں اتنا وقت لگادیتے ہیں کہ فلم کا پہلا ہاف سست اور بوجھل ہو جاتاہے۔ فلم دوسرے ہاف میں رفتار پکڑتی ہے، جب کرکٹ کہانی کی بنیاد بنتاہے۔ لیکن یہاں شرن شرما کرکٹ جیسے جنونی کھیل کے لیے اپنا جنون دکھانے میں کمزورہو گئے ہیں۔ تاہم، وہ امید، مایوسی اور عدم تحفظ کے جذبات کی عکاسی کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ 
 فلم کا اسکرین پلے مزید چست ہوسکتا تھا۔ مکالمے بھی اوسط درجے کے ہیں لیکن گانے اور موسیقی کے لحاظ سے’دیکھاتینو‘، ’اگر ہو تم‘ اور’رویا جب تو‘ اچھے بنے ہیں۔ فلم میں کچھ ایسے موضوعات بھی پیش کئے گئے ہیں جو قابل توجہ ہیں اور وہ یہ ہیں کہ والدین کے لیے اپنے بچوں کے خیالات جاننا کیوں ضروری ہے؟ اور حقیقی خوشی باہر نہیں بلکہ آپ کے اندر سے آتی ہے۔ 
اداکاری :فلم اداکاری سےمالا مال ہے۔ راج کمار راؤ بطور مہندر ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کے ساتھ جلوہ گر ہوئے ہیں۔ ایک ہیرو ہونے کے باوجود، اس نے اپنے متکبر اور خود کوغیر محفوظ سمجھنے کے منفی پہلو کو دمدار طریقےسے پیش کیا ہے۔ ہدایت کار شرن شرما کے ساتھ جھانوی کپور کی یہ دوسری فلم ہے۔ اس سے پہلے وہ ان کے ساتھ’گنجن سکسینہ‘ میں کام کر چکی ہیں۔ ہدایت کار نے اس فلم میں بھی ان کے ساتھ بہت اچھا کام کیا ہے۔ جھانوی اپنے کردار کے ساتھ پوری طرح ایماندارہیں۔ کمود مشرا، زرینہ وہاب اور راجیش شرما نے بھی اپنے کرداروں کو بخوبی نبھایا ہے۔ 
سنیماٹوگرافی:فلم ’مسٹر اینڈ مسز ماہی‘کا پس منظر جے پورکاہے اور انے گوسوامی نے آؤٹ ڈور شوٹنگ میں گلابی شہر کی سست صبحوں اور چمکتی ہوئی راتوں کو بخوبی قید کیا ہے۔ فلم کی انڈور شوٹنگ میں بھی ان کی کیمرہ کمپوزیشن مناظر کے جغرافیہ کے مطابق اچھی ہے۔ نتن بید کی ایڈیٹنگ بھی چست ہے۔ 
نتیجہ: خاندان اور کرکٹ کے موضوعات پر مبنی فلموں کے شائقین اس فلم کو دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK