• Mon, 24 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگاؤں بیچ صاف شفاف اور پرسکون ماحول کیلئےمشہور ہے

Updated: February 13, 2025, 12:54 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں چلنے والی ہلکی ٹھنڈی ہوا جسم میں تازگی کا احساس پیدا کرتی ہے،شوروغل سے دور پرسکون ماحول فراہم کرتی ہے جو ناقا بل فراموش تجربہ ہوتا ہے۔

Serene environment of Nagaon Beach. Photo: INN
ناگائوں بیچ کا پرسکون ماحول۔ تصویر: آئی این این

بحر عرب کےکنارے واقع ناگاوں بیچ ایک بے حد رومانوی اور خوشگوار مقام ہے۔ یہ بیچ اپنے صاف، شفاف اور پرسکون ماحول کے لیےمشہور ہے۔ یہ ساحل تقریباً۳؍ کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ ساحل پر نظر آنے والابحر عرب کا منظر دیکھنے والوں کے لیے ایک دلکشی کا باعث بنتا ہے۔ 
 ہلکی ٹھنڈی ہوا جسم میں تازگی کا احساس پیدا کرتی ہے اور شہر کی مصروف زندگی کے شور و غل سے ایک پُرسکون فرار کا تجربہ فراہم کرتی ہے۔ یہاں سورج کے طلوع و غروب کا منظر انتہائی دلکش ہے، جو یقیناً کسی بھی سیاح کے لیے ناقابلِ فراموش تجربہ ثابت ہوتا ہے۔ 
 ناگاوں بیچ ممبئی اورپونے کے سیاحوں کے لیے ایک مشہور مقام ہے۔ یہ بیچ اپنی صاف ستھری ریت، شفاف پانی، اور مختلف واٹر اسپورٹس کے لیےمشہور ہے۔ بیچ کی ہموار سطح اسے تیراکی اور دیگر آبی کھیلوں کے لیے موزوں بناتی ہے۔ 
پر سکون ساحل کا تجربہ
 ناگاوں بیچ اپنی صاف اور پرسکون فضا کے لیے جانا جاتا ہے، جو سن باتھنگ، ریت پر آرام کرنے، اور گداز لہروں کے مزے لینے کے لیےایک مثالی جگہ ہے۔ یہ بیچ مہاراشٹر کے دیگر مشہور بیچز کے مقابلے کم بھیڑ بھاڑ والا ہے، جس کی وجہ سے یہاں زیادہ پُرسکون ماحول میسر آتا ہے اور آپ یہاں آکر خودکو تازہ دم محسوس کرسکتے ہیں۔ 
واٹر اسپورٹس
 مہم جوئی کے شوقین افراد کے لیے ناگاوں بیچ پر مختلف واٹر اسپورٹس دستیاب ہیں جن میں جیٹ اسکی، بنانا رائیڈ، پیرہ سیلنگ، اے ٹی وی رائیڈ، بمپی رائیڈ شامل ہیں۔ اگر آپ کو اس طرح کے کھیلوں سے ڈر محسوس ہوتا ہے تو بھی آپ اس کی نرم و ملائم ریت پر چہل قدمی کرکے خود کو پرسکون کرسکتے ہیں۔ 
بیچ کے قریب تفریحی مقامات
چونکہ یہ علی باغ میں واقع ہے جو کہ نہایت ہی خوبصورت مقام ہے، اس لئے یہاں کے قریب دیگر کئی دلکش مقامات بھی ہیں جہاں کی سیر آپ ناگائوں بیچ کی سیر کے ساتھ کرسکتے ہیں۔ 
علی باغ قلعہ:یہ ایک تاریخی سمندری قلعہ ہے جوبحر عرب کے خوبصورت مناظر پیش کرتا ہے۔ کاشد بیچ: اپنی دلکش خوبصورتی اور پُرسکون فضا کے لیے مشہور، تیراکی اور آرام کے لیے بہترین جگہ۔ 
قلابہ قلعہ:یہ ایک اور تاریخی قلعہ ہےجہاں آپ اسی وقت جاسکتے ہیں جبکہ سمندر میں طغیانی نہ ہو یعنی سمندر میں پانی کم ہو۔ 
 کیسے جائیں ؟
 ناگائوں بیچ علی باغ شہرسےتقریباً۷؍کلومیٹراور ممبئی سے۱۰۰؍ کلومیٹر دور واقع ہے۔ ممبئی اور پونے سے ناگائوں بیچ تک پہنچنے کے لیےٹرانسپورٹ کے مختلف طریقے دستیاب ہیں۔ 
ٹرین سے: آپ ممبئی یا پونے سے پنویل تک ٹرین کے ذریعہ جا سکتےہیں اور پھر علی باغ تکپہنچنے کیلئے بس یا ٹیکسی کرائے پر حاصل کر سکتےہیں۔ پنویل سےعلی باغ کا فاصلہ تقریباً ۶۰؍کلومیٹر ہے اور یہ فاصلے طے کرنے کیلئےتقریباً۲؍گھنٹے لگتے ہیں۔ علی باغ سے، آپ ناگائوں بیچ تک رکشہ یا ٹیکسی سے جا سکتے ہیں۔ 
سمندری راستے سے: آپ ممبئی میں گیٹ وے آف انڈیا سے علی باغ میں مانڈوا جیٹی تک فیری لے سکتے ہیں۔ فیری کی سواری میں تقریباًایک گھنٹہ لگتاہے اور اس کی قیمت تقریباً۱۵۰؍ روپے فی فرد ہے۔ مانڈوا جیٹی سے، آپ ناگائوں بیچ تک بس یا ٹیکسی کے ذریعہ پہنچ سکتے ہیں۔ 
سڑک سے: آپ قومی شاہراہ نمبر۶۶؍ یا قومی شاہراہ نمبر ۴۸؍کے ذریعے سڑک کے راستے بھی ناگائوں بیچ تک جا سکتے ہیں۔ ممبئی سے یہ فاصلہ تقریباً ۱۰۰؍کلومیٹرہے اورسفر کا دورانیہ تقریباً۳؍گھنٹے ہے۔ پونےسے فاصلہ تقریباً ۱۴۰؍کلو میٹر ہے اور سفر کا دورانیہ تقریباً ۴؍ گھنٹے ہے۔ ناگائوں بیچ تک پہنچنے کے لیے آپ ممبئی یا پونے سے ٹیکسی یا بس بھی کرایہ پرمل جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK