دلکش مقام ہونے کے ساتھ اس جگہ خوبصورت نظارے،دلکش آبشار، ہل اسٹیشن کا لطف اور ٹیپو سلطان کا تاریخی قلعہ دیکھنے کو ملے گا۔
EPAPER
Updated: December 18, 2024, 12:49 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
دلکش مقام ہونے کے ساتھ اس جگہ خوبصورت نظارے،دلکش آبشار، ہل اسٹیشن کا لطف اور ٹیپو سلطان کا تاریخی قلعہ دیکھنے کو ملے گا۔
ہندوستان میں ایسی بہت کم جگہیں ہیں جہاں ۳؍ندیاں ملتی ہیں اور وہاں ایک خوبصورت ہل اسٹیشن بھی موجودہو۔ حالانکہ یو پی کے الہ آبادمیں ۳؍ندیوں کاسنگم ہے لیکن وہاں کوئی ہل اسٹیشن نہیں ہے۔ لیکن یہ چیز آپ کو کرناٹک میں واقع نندی ہلز علاقے میں دیکھنے کو ملتی ہے۔ بہت سے لوگ نندی ہلزکو نندی درگایا نندی قلعہ کے نام سےبھی جانتے ہیں۔ ہر سال ملک بھر سے لاکھوں سیاح اس ہل اسٹیشن اور آس پاس کے قدرتی حسن کو دیکھنے آتے ہیں۔ ٹیپو سلطان کا بنایا ہوا نندی قلعہ پورے ہندوستان کے قدیم اور شاندار قلعوں میں سے ایک ہے۔ اگر آپ کسی ہل اسٹیشن کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں اور ہریالی کے درمیان گھومناچاہتے ہیں تو اس سے بہتر کوئی اور جگہ نہیں ہو سکتی۔
تین دریاؤں کا سنگم
آپ کی معلومات کے لیے بتاتے چلیں کہ نندی ہلز ریاست کرناٹک کے ضلع چکبالاپور میں واقع ہے جس کا شمار ہندوستان کے بہترین پہاڑی مقامات میں ہوتاہے۔ یہ ہل اسٹیشن اپنی قدرتی خوبصورتی اور ٹریکنگ جیسی دیگر سرگرمیوں کیلئےپورے جنوبی ہندوستان میں ایک مشہور مقام ہے۔ یہ پہاڑی مقام دریائے پنار، دریائے پونیر اورپالار ندی کے سنگم سے تھوڑےفاصلے پر واقع ہے۔ نندی ہلزپر واقع دریائی قلعہ ٹیپو سلطان کی گرمائی رہائش گاہ ہوا کرتا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اس قلعے نے جدوجہد آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
چننا پورہ آبشار
چننا پورہ آبشار نندی ہلزاوراس کے آس پاس کے مقامات کی خوبصورتی میں اضافہ کرتاہے۔ ہر سال لاکھوں سیاح مانسون کے دوران اس آبشار اوراس کے آس پاس کے مقامات کو دیکھنے آتے ہیں۔ آپ یہاں ٹریکنگ کے ذریعے بھی پہنچ سکتےہیں۔ اس آبشار کےآگے جنوبی ہندوستان کا مشہور پیرا گلائیڈنگ مقام ہے۔ اگر آپ ہوا میں اڑتے دریائی پہاڑیوں کے حیرت انگیزنظارے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں تو آپ کیلئےاس سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہوسکتی۔
ٹیپو سلطان کا قلعہ
جنوبی ہند کی کئی ریاستوں پر ٹیپو سلطان نے کئی برسوں تک حکومت کی۔ اپنے دور حکومت میں انہوں نےکئی ایسے قلعے بھی بنائے جو آج عالمی ورثے کے ساتھ ساتھ ایک مشہور سیاحتی مقام کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ ان میں سے ایک کرناٹک میں موجود ٹیپو سلطان کا قلعہ ہے۔ حالانکہ ہندوستان میں بہت سے پراسرار قلعے موجود ہیں لیکن یہ قطعی مختلف ہے۔ اس قلعے کی تعمیر ٹیپو سلطان کے والد حیدر علی خان نے شروع کی تھی لیکن کسی وجہ سے یہ مکمل نہ ہوسکا اور بعد میں اسے ٹیپو سلطان نے تعمیر کروایا۔ اس محل کو تشک جنت بھی کہا جاتا ہے۔
احتیاطی اقدامات
اگرآپ نندی ہلز کی سیر کا منصوبہ بنا رہے ہیں، تو اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ آپ کھانے پینے کی اشیاء اپنےساتھ لے کر جائیں۔ ایسا نہیں ہے کہ آپ کو یہاں کچھ نہیں ملے گا۔ لیکن آپ کو جو کچھ ملے گا اس میں آپ کو انتخاب کا کوئی موقع نہیں ہوگا۔ نندی ہلز دیگر سیاحتی مقامات کی طرح زیادہ ترقی یافتہ نہیں ہے۔ اس کے کچھ نقصانات بھی ہیں اور کچھ فائدے بھی۔ یہاں آلودگی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ آپ یہاں کھل کرسانس لے سکتے ہیں۔
جانے کا بہترین وقت
ریاست کرناٹک میں واقع نندی ہلزسیاحوں کے لیے ایک پسندیدہ سیاحتی مقام ہے۔ یہ جگہ خاص طور پر ان سیاحوں کو پسند آتی ہےجو ایڈونچر ٹورازم کے شوقین ہیں۔ یہاں آپ پیرا گلائیڈنگ، ٹریکنگ، سائیکلنگ، بائیکنگ، تاریخی مقامات کی سیراور نیچر واک سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ یہ نئےجوڑوں کے دورے اور خاندانی سفر دونوں کے لیے ایک بہترین سیاحتی مقام ہے۔ اگرچہ آپ یہاں کسی بھی وقت جا سکتے ہیں، لیکن کہا جاتا ہے کہ یہاں آنے کا بہترین وقت ستمبر سے فروری کے درمیان ہے۔
کیسے پہنچیں
نندی ہلز کرناٹک کے چکبالاپورضلع میں واقع ہے۔ یہ چکبالا پور شہرسےتقریباً ۱۰؍ کلومیٹر اور ہندوستان کے آئی ٹی مرکز بنگلورو سے تقریباً ۴۵؍کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ نندی ہلزکو بنگلورو اور چکبالا پور دونوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے آسانی سے پہنچا جا سکتا ہے۔