• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نانے گھاٹ ریورس واٹرفال:جہاں پانی نیچے نہیں اوپر جاتا ہے

Updated: July 18, 2024, 11:49 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

کلیان کے قریب واقع اس آبشار میں نیوٹن کا قانون بھی کام نہیں کرتا، سائنسدانوں کے مطابق زیادہ تیز ہوا ہونے کی وجہ سےیہاں ایسا ہوتاہے۔

Water can be seen going up instead of down. Photo: INN.
پانی کو نیچے جانے کے بجائے اوپر جاتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔

دنیا میں کئی ایسی حیرت انگیز جگہیں ہیں، جن کے بارے میں جاننے کے لیے لوگ بے چین رہتے ہیں۔ ان جگہوں کے اسرار ہمیشہ لوگوں کو حیرت میں ڈال دیتےہیں۔ ہم آپ کوایک ایسی جگہ کےبارے میں بتانے جا رہے ہیں جو اپنے آپ میں کافی دلچسپ ہے اور اس کے رازسے لوگ کافی حیران ہیں۔ جی ہاں، ہم نانے گھاٹ میں واقع ریورس واٹر فال کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ 
نانے گھاٹ کا یہ ریورس واٹر فال مغربی گھاٹ میں پونے میں جنر کے قریب واقع ہے۔ نانے گھاٹ کا یہ الٹاآبشار پوری دنیا میں اپنے الٹا بہنے کی خصوصیت کیلئےمشہورہے۔ خاص طور پر بارش کے موسم میں اس کی خوبصورتی اور بھی بڑھ جاتی ہے اور لوگ اسے دیکھنے کے لیے دور دور سے جمع ہوتے ہیں۔ 
اب ایسی صورتحال میں آپ کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہو سکتا ہےکہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ پانی نیچے گرنے کے بجائے اوپر کیسے آتا ہے؟ ایسے میں اس کا ایک سائنسی دعویٰ بھی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہےکہ یہاں ہوا کا زورہےجس کی وجہ سے پانی نیچے گرنے کے بجائے اوپر کی طرف بڑھتا ہے۔ 
یہ آبشار نیوٹن کے قانون کو توڑتا ہے
نیوٹن کا قوّت ثقل کا قانون کہتا ہے کہ جب کوئی چیز اونچائی سے زمین کی جانب پھینکی جاتی ہے توزمین کی کشش ثقل کی وجہ سے وہ زمین پر گرجاتی ہے۔ آبشاریں بھی کشش ثقل کی پیروی کرتی ہیں، لیکن نانےگھاٹ کاآبشاراس اصول کے تابع نہیں ہے، بلکہ کشش ثقل کے قوانین کے خلاف کام کرتاہے۔ گھاٹ کی اونچائی کی وجہ سے آبشار نیچے گرنے کے بجائے اوپر کی جانب بہتا ہے۔ یہ منظر دیکھ کر آپ خود بھی حیران رہ جائیں گے۔ نانےگھاٹ میں پانی نیچے کی طرف گرنے کے بجائے اوپر کی طرف بہتاہے۔ اس بارے میں سائنس کا کہنا ہے کہ نانےگھاٹ میں ہوا بہت تیز چلتی ہے۔ جس کی وجہ سے جب آبشار کا پانی نیچے گرتا ہے تو تیز ہوا کی وجہ سےپانی زمین تک پہنچنے کے بجائے اوپر کی جانب اٹھنے لگتا ہے۔ 
ٹریکنگ کیلئے بھی مشہور ہے
نانےگھاٹ ٹریکروں میں بھی کافی مشہورہے۔ ٹریکنگ کیلئے آپ کو اپنا نام درج کروانا ہوگا۔ تاہم، نانی گھاٹ کا دورہ کرنے کا دلچسپ موسم مانسون ہے، جب پانی کی طاقت کافی مضبوط ہوتی ہے۔ نانے گھاٹ ٹریک گھاٹ گھر جنگل کا ایک حصہ ہے، جو ممبئی سے ۱۲۰؍کلومیٹر اور پونےسےتقریباً۱۵۰؍کلومیٹر دور واقع ہے۔ ٹریکنگ خود۴؍ سے۵؍کلومیٹرطویل ہےیعنی یہاں پہاڑ کے نیچے سے اوپر جانے کیلئے آپ کو۴؍تا ۵؍گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ یہ زیادہ مشکل بھی نہیں اوردونوں یعنی جانے اور آنے میں آپ کو کم از کم ۵؍گھنٹے درکار ہونگے یعنی آپ ۵؍گھنٹے میں جاکر آسکتے ہیں۔ 
پہنچنے کا صحیح وقت
مانسون کے دوران یہاں جانا بہترین سمجھا جاتا ہے۔ کیونکہ اس بارش کی وجہ سے ہر طرف پانی ہی پانی ہوتا ہے اس لئے زیادہ مقدار میں پانی گرتا ہے اور مانسون کے موسم میں ہوائیں بھی تیز ہوتی ہیں اس لئے گرنے کے ساتھ ہی اس آبشار کا پانی الٹی سمت بھی زیادہ مقدار میں بہتا ہے جو زیادہ اچھا لگتا ہے۔ اس کے علاوہ برسات کے موسم میں ماحول بھی سہانہ ہوجاتا ہے جس سے آپ کو تھکن کا احساس بھی کم ہوتا ہے اور بارش کی وجہ سے ہر طرف ہریالی بھی ہوجاتی ہے اور موسم آس پاس کے نظارے بھی دلکش معلوم ہوتے ہیں۔ 
نانے گھاٹ کیسے جائیں ؟
بس کے ذریعہ:اگر آپ سڑک کے ذریعہ بس میں بیٹھ کر یہاں جانا چاہتے ہیں تو آپ ممبئی سے مرباڈ جانے والی متعدد بسوں میں سے کسی بس میں سوار ہوسکتے ہیں۔ مرباڈ سے آپ اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کی بس یا کرائے پر ٹیکسی لے کر آپ ویشاکھارے گائوں پہنچ سکتے ہیں جو کہ نانے گھاٹ کا بیس پوائنٹ والا گائوں ہے۔ 
کارکے ذریعہ:اگر آپ سڑک کے ذریعہ کارمیں بیٹھ کر یہاں جانا چاہتےہیں توقومی شاہراہ ۶۱؍کے ذریعہ یہاں پہنچ سکتے ہیں۔ 
ٹرین کے ذریعہ:نانے گھاٹ پہنچنے کیلئے قریب ترین ریلوے اسٹیشن کلیان ہے۔ ممبئی سے آپ ٹرین کے ذریعہ کلیان پہنچ سکتے ہیں۔ کلیان ریلوے اسٹیشن سےآپ ٹیکسی کرائے پر لے سکتے ہیں یا بس کے ذریعہ بھی آپ ویشاکھارے گائوں پہنچ سکتے ہیں جو کہ اس گھاٹ کا بیس کیمپ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK