یہاں آپ عمدہ قسم کے لہنگے سے لے کر عام قسم کی کرتی تک اورزیورات سے لے کر ہینڈ بیگ اورجوتے چپل تک بہت کچھ خریدسکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: December 03, 2024, 11:10 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
یہاں آپ عمدہ قسم کے لہنگے سے لے کر عام قسم کی کرتی تک اورزیورات سے لے کر ہینڈ بیگ اورجوتے چپل تک بہت کچھ خریدسکتے ہیں۔
ملاڈ کا علاقہ شاپنگ کا مرکز قرار دیا جاسکتا ہے کیوں کہ ملاڈ اسٹیشن سے باہر نکلتے ہیں آپ کو شاپنگ کے مختلف متبادل ملنا شروع ہوجاتے ہیں جوامیر اور غریب ہر طرح کے افراد کیلئےموجود ہیں۔ یہاں انتہائی عالیشان شاپنگ مراکز سے لے کر شاپنگ مال اور مختلف چھوٹے چھوٹے شاپنگ سینٹرز بھی موجود ہیں۔ ایسا ہی ایک شاپنگ سینٹر نٹراج شاپنگ سینٹر ہے جو اسٹیشن سے انتہائی نزدیک ہونے کے ساتھ کئی طرح کی شاپنگ کیلئے صرف ملاڈ ہی نہیں پوری ممبئی میں مشہور ہے اور دور دراز سے بھی لوگ یہاں آکر شاپنگ کرتے ہیں۔ اسےشاپنگ سینٹر ہی نہیں بلکہ شاپنگ کیلئےسونے کی کان کے مترادف قرار دیا جاسکتاہے۔ جس طرح سونے کی کان میں جتنا چاہو سونا نکالتے جائو اسی طرح یہاں بھی آپ جتنی چاہیں شاپنگ کرسکتے ہیں۔ اس کی چھوٹی چھوٹی گلیوں میں کئی چھوٹی چھوٹی دکانیں موجود ہیں جن میں مختلف قسم کا سامان خریدا جاسکتاہے۔ اس کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہاں ملنے والا سامان زیادہ مہنگا بھی نہیں ہوتا۔ یہاں آپ ہر طرح کے ڈریس مٹیریل سے لےکر ساڑیوں، کرتا، لہنگا، پرس اور پاکٹ کے علاوہ سونے چاندی کے زیورات بھی خرید سکتے ہیں۔ آئیے یہاں کی دکانوں کا ایک سرسری جائزہ لیتے ہیں۔
لہنگا
اگر آپ شادی کی تقریب یا ایسے ہی کسی خاص موقع کیلئے لہنگا وغیرہ خریدنا چاہتے ہیں تو آپ کو یہاں اس کے کئی متبادل مل جائیں گے جن میں سے ای ریشم نامی دکان بھی ہے جس میں متعدد قسم کے لہنگے اور دیگر ڈریس مل جائیں گے جن میں مختلف قسم کے شاندار ایمبرائڈری والے کپڑوں سے لے کر زردوزی تک کے عمدہ کپڑے مل جائیں گے۔ اس کے علاوہ مختلف رنگوں میں ایسے کپڑے بھی مل جائیں گے جو ریڈی میڈ ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرینڈی فیری ٹیل ڈیزائنر ڈریس اور انڈو ویسٹرن آئوٹ فٹ بھی یہاں دستیاب ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے کپڑوں کیلئے روپ سنگم نامی اسٹور کا رخ بھی کرسکتے ہیں جہاں مہندی اور ہلدی کی تقریب کیلئے بھی مختلف ورائٹی میں کپڑے مل جاتے ہیں۔
کرتی اور کاٹن کے کپڑے
نٹراج مارکیٹ میں ایسی درجنوں دکانیں موجود ہیں جہاں آپ کرتی اور کاٹن کے کپڑے آسانی سے خرید سکتے ہیں۔ اگر آپ روزانہ یا ہفتہ میں ایک دن کیلئے کپڑے خریدنا چاہتے ہیں تو رادھے باٹمز اور کرتی میں آپ کیلئے شاندار کلیکشن موجود ہے۔ یہاں آپ کو کلاسیکل سے لے کر جدید طرز کے کپڑے بھی مل جائیں گے۔
ہینڈ بیگز
ہینگ بیگ تو خواتین کی پسندیدہ ترین چیز ہوتی ہے جو ہر خاتون اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے، ایسے میں یہاں ایسی بھی متعدد دکانیں موجود ہیں جہاں سے عمدہ ہینڈبیگ اور پرس وغیرہ خریدے جاسکتے ہیں۔ ان کیلئے آپ سنڈریلا ناولٹی اور بھرت ڈیزائنر پرس جیسے اسٹورز کا بھی رخ کرسکتے ہیں جہاں خصوصی تقریب سے لے کر روزانہ استعمال تک کیلئے بیگ مل جائیں گے۔
جویلری
زیورات خریدنے والوں کیلئے تو نٹراج مارکیٹ خاص اہمیت رکھتی ہے۔ اس کیلئے آپ کو کسی خاص اسٹور میں جانے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ دور سے ہی ایسی دکانیں نظر آجاتی ہیں۔ اگر آپ سونے چاندی کے حقیقی زیورات خریدنا چاہتے ہیں اس کیلئے بھی آپ کو ایس وی روڈ پر ہی کئی بڑی بڑی دکانیں نظر آجائیں گی۔
فوٹ ویئر
جوتے چپل کیلئے بھی نٹراج مارکیٹ ایک عمدہ مقام ہے جہاں ہر طرح کے جوتے چپلوں کیلئے عمدہ اسٹور موجود ہیں۔ اگر آپ شاندار جوتے خریدنا چاہتے ہیں توآپ کو رائل فوٹ ویئرضرور جانا چاہئے۔ یہاں آپ کو پیارے سے لوفر، روایتی سینڈل سے لے کر روزانہ استعمال کی چپلیں بھی خرید سکتے ہیں۔