یہاں طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کا نظارہ بہت دلکش ہوتا ہے،اس کے علاوہ یہاں مختلف آبشار، نیشنل پارک اور دیودار کا جنگل قابل دید ہے۔
EPAPER
Updated: November 20, 2024, 12:46 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
یہاں طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کا نظارہ بہت دلکش ہوتا ہے،اس کے علاوہ یہاں مختلف آبشار، نیشنل پارک اور دیودار کا جنگل قابل دید ہے۔
نیترہاٹ جھارکھنڈ کے لاتیہار ضلع میں واقع ایک سیاحتی مقام ہے جو چھوٹا ناگپور کی رانی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ نیترہاٹ ایک بہت پرکشش جگہ ہےجو سیاحوں کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔نیترہاٹ بنیادی طور پر طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کےبہترین نظاروں کیلئے جانا جاتا ہے۔ نیترہاٹ چھوٹا ناگپور سطح مرتفع کا سب سے اونچا مقام ہے۔ نیترہاٹ ہندوستان کا ایک سیاحتی مقام ہےجس کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ یہاں سیاحوں کا زیادہ ہجوم نہیں ہے جس کی وجہ سے آپ کو یہاںکا سفر کرکے حیرت انگیز سکون ملے گا۔ نیترہاٹ میں، آپ اونچائی پر کھڑے ہو کر دور دور تک پھیلی ہریالی کو دیکھ سکتے ہیں اور تازہ ہوا سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
بیتلا نیشنل پارک
بیتلا نیشنل پارک ایک خوبصورت قومی پارک ہےجو جھارکھنڈ کے رانچی کے مغرب میں پلامو ضلع کےپہاڑی علاقے میں پھیلا ہوا ہے۔ آپ اس پارک کے جنگل میں جنگلی ہاتھیوں کو گھومتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔بیتلا نیشنل پارک مختلف قسم کے نباتات اور حیوانات سے بھرا ہوا ہے جو سیاحوں کو مسحور کرنےکے لیے کافی ہے۔ تاہم اس پناہ گاہ میں شیر بہت کم ہیں۔ بیتلا کے اپنے دورےمیں، آپ جنگلی جانوروں جیسے بائسن، ہاتھی، شیر، چیتے وغیرہ کو دیکھ سکتے ہیں۔بیتلا نیشنل پارک تقریباً۹۷۹؍ مربع کلومیٹر کےرقبے پر پھیلا ہوا شمال مشرق کےسب سے مشہور قومی پارکوں میں سےایک ہے۔اس پناہ گاہ کا مرکزی رقبہ ۲۳۲؍مربع کلومیٹر ہے۔ سیاح اس پناہ گاہ میںبہت سے آبشاروں اور گرم پانی کے چشموں کو بھی دیکھ سکتےہیں۔اگر آپ نیترہاٹ کا دورہ کرنے جا رہے ہیں، تو آپ کو اپنی فہرست میں بیتلا نیشنل پارک کو ضرور شامل کرنا چاہیے۔
اوپری گھگھری آبشار
اوپری گھگھری آبشار نیترہاٹ کے بڑے پرکشش مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ آبشار ایک بہت ہی خوبصورت جگہ ہے جو آسمان کے نیچے ایک سرسبز و شاداب وادی کے وسط میں واقع ہے، جسے آپ ضرور ضرور دیکھیں۔ اگر آپ اپنے سفر کو مزید خاص بنانا چاہتےہیں، تو آپ کو گھگھری آبشار کا دورہ کرنا چاہیے،جو نیترہاٹ سے ۴؍ کلومیٹر دور واقع ہے۔
نچلا گھگھری آبشار
نچلاگھگھری آبشار نیترہاٹ کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے جہاں آپ کو ضرور جانا چاہیے۔نچلا گھگھری آبشار ایک گھنے جنگل میں واقع ایک ایسی جگہ ہےجہاں ۳۲؍فٹ سے ایک آبشار گرتا ہے۔ یہ آبشار جنگل میں سے گزرتا ہواایک چھوٹی ندی کی طرح دکھائی دیتاہے۔ اس آبشار کے دونوں طرف درخت ہیں جو اسے مزید خوبصورت بناتےہیں۔نچلا گھگھری آبشار نیترہاٹ سےتقریباً ۱۰؍ کلومیٹر دور واقع ہے۔
میگنولیا سن سیٹ پوائنٹ
میگنولیا سن سیٹ پوائنٹ نیترہاٹ میں ایک اور خوبصورت جگہ ہےجہاں سے آپ غروب آفتاب کا دلکش نظارہ کرسکتے ہیں۔ یہاں جب آپ غروب ہوتے سورج کو دیکھتے ہیں تو پورا آسمان نارنجی رنگ میں نظر آتا ہے۔ جب آپ یہاں سے سورج کو غور سے دیکھیں گے تو ایسالگے گا جیسے سورج آہستہ آہستہ آسمان سے نیچے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اگر آپ نیترہاٹ جانے جارہے ہیں تو اس جگہ کو ضرور دیکھیں۔
دیودار کے جنگلات
نیترہاٹ میں دیودار کے جنگلات ایسی جگہ ہیں جہاں آپ ایڈونچر ٹریکنگ کا بھرپور لطف اٹھا سکتے ہیں۔ دیودار کے جنگل میں ٹریک کرنااور یہاں کے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونا آپ کے لیے بہت خاص ثابت ہو سکتا ہے۔ اس جگہ کا موسم زیادہ تر ٹھنڈا رہتاہےجس کی وجہ سے یہ شہر کے مقابلے کافی خوشگوار محسوس ہوتا ہے۔ یہ جگہ چند سال پہلے تک گورنر کا مستقل سمر اسٹیشن ہوا کرتی تھی۔
جانے کا بہترین وقت
اگر آپ نیترہاٹ (چھوٹا ناگ پور کی ملکہ) جانے کا ارادہ کر رہےہیں، تو یہاں آنے کا بہترین وقت موسم بہار اور موسم گرما کے ابتدائی مہینوں میں ہے۔ لیکن نیترہاٹ ایک سیاحتی مقام ہے جہاں آپ سال کے کسی بھی وقت جا سکتے ہیں۔یہاں کی خوبصورتی آپ کو ہر موسم میں تقریباً یکساں ہی نظر آئے گی۔