• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نیواتی بیچ: سندھودرگ میں واقع ایک سنسان اور دلکش ساحل

Updated: March 28, 2024, 1:02 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہ ایک ایسا ساحل ہے جہاں کوئی بھیڑبھاڑ اور شورشرابہ نہیں ہوتا، سفید ریت سے غروب آفتاب کا نظارہ دلکش ہوتا ہے، یہاں ایک قلعہ بھی واقع ہے۔

A distant view can be seen from the top of Nivati Fort. Photo: INN
نیواتی قلعہ کے اوپر سے دور تک کا نظارہ دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

اگر آپ ایک ایسے سیاح ہیں جوایسے مقامات کی سیر کرنے کا شوقین ہو جہاں زیادہ بھیڑ بھاڑ نہ ہو اور وہ جگہ دلکش بھی ہو تو نیواتی بیچ آپ کو ضرور پسند آئے گا۔ کوکن کے ساحل پر واقع نیواتی بیچ ایک سنسان بیچ ہے، یہاں زیادہ بھیڑ بھاڑ نہیں ہوتی لیکن یہاں کا ہر موڑ آپ کیلئے حیرتوں کے سمندر لئے ہوئے ہے۔ 
نیواتی بیچ دراصل مہاراشٹر کے ضلع سندھودرگ کےپرولے گائوں میں واقع ایک سنسان بیچ ہے۔ یہ اپنی سفید ریت، خاموش لہروں اورغروب آفتاب کے دلکش نظارے کیلئے مشہور ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں پر سمندر کی لہریں مدھم موسیقی ترتیب دیتی ہیں اور غروب آفتاب کا نظارہ ایسا لگتا ہے جیسے کسی نے بہت سارے دلکش رنگ آسمان میں بکھیر دیئے ہیں۔ یہ بیچ تارکرلی سے ۳۲؍ کلومیٹر دور ہے جبکہ یہ وینگورلا اور مالون کے تارکرلی سے کوسٹل ہائی وے کے ذریعہ جڑی ہوئی ہے۔ کسی تصنع اور بناوٹی رکھ رکھائو کے بجائےنیواتی اپنےقدرتی رکھ رکھائو کیلئے مشہور ہے جہاں آپ بڑی تعداد میں مچھیروں کواپنی کشتیوں میں مچھلیاں پکڑتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں جبکہ بیچ پر کوئی بھیڑ بھاڑ نظر نہیں آئے گی۔ اس بیچ پر ایک چھوٹی سی پہاڑی بھی ہے جس پر آپ کوہ پیمائی سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ 
نیواتی بیچ کیسی ہے؟
 نیواتی بیچ دراصل بنیادی طور پرماہی گیروں کا مرکز ہےجبکہ اس سنسان اور بھیڑبھاڑ سے دو اس بیچ کے نظارے نہایت دلکش ہیں۔ یہ بیچ وینگورلا بیچ کے جنوب میں واقع ہے۔ اس کے سنسان ہونے کی وجہ سے آپ شہر کی بھاگ دوڑ والی ہنگامہ خیز زندگی سے دور کچھ پل سکون کے حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ بیچ چاروں جانب سے ہریالی سے گھری ہوئی ہےیعنی یہاں پر ہری بھری ڈھلانیں سمندر کے قریب آتی ہیں۔ آپ کو یہاں سمندر کے کنارے جنگلی حیات بھی دیکھنے کو مل سکتی ہے جیسے کہ کوئی نایاب پرندہ یا اچھل کود کرتا ہوا بندر وغیرہ۔ 
اس ساحل پر سیاحوں کو رہنے کیلئے بھی محض ۲؍تا ۳؍ مقامات ہی دستیاب ہیں۔ اگر آپ یہاں قیام کرتے ہیں تو صبح جب آپ اٹھیں گے توایک جانب پتھر نظر آئیں گے تو دوسری جانب سمندر کی ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں آپ کا استقبال کرتی نظر آئیں گی۔ 
نیواتی قلعہ
یہاں سمندر کے کنارے ایک قلعہ بھی موجود ہے جو کافی مخدوش ہوچکا ہے۔ اس قلعہ کے اوپر سے آپ کو بھوگے بیچ کا بھی دلکش نظارہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ قلعہ نیواتی دراصل پرولے گائوں کا ایک علاقہ ہے جسےمقامی زبان میں ’واڑی‘ کہتے ہیں۔ اس قلعہ کی تاریخ اور قدرتی خوبصورتی علاقے کو ایک نئی شان عطا کرتی ہے۔ اس قلعہ کو بھی عظیم مراٹھا حکمراں شیواجی نے تعمیر کروایا تھا۔ شیواجی مہاراج ایک دور اندیش شخصیت تھے انہوں نے اپنی حکومت کے تحفظ کیلئے سمندر کے کنارے کئی قلعے تعمیر کروائے تھے انہیں میں سے ایک قلعہ یہ بھی ہے۔ اس قلعے کوسرجےکوٹ، پدم گڑھ اور راج کوٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس قلعے کے اوپر سے دوردور تک نظر رکھی جاسکتی ہے۔ 
نیواتی بیچ کیسے جائیں ؟
ٹرین کے ذریعے: نیواتی ریلوے لائن کے ذریعہ اچھی طرح جڑا ہوا ہے۔ یہاں کا قریب ترین ریلوے اسٹیشن کنکولی اور کوڈال ہے۔ کوکن ریلوے یا ممبئی سے گوا جانے والی دیگر کوئی بھی ٹرین کنکولی اسٹیشن پر رکتی ہے۔ یہاں رکنے والی ٹرینوں میں سندھودرگ پسنجر، پورنا سوپر فاسٹ ایکسپریس(وایا پنویل)، تیرونل ویلی ایکسپریس (وایا کوکن) ارناکولم ایکسپریس، ممبئی سی ایس ٹی منگلور جنکشن ایکسپریس، مڈگائوں ممبئی ایل ٹی ٹی اے سی ڈبل ڈیکرایکسپریس شامل ہیں۔ 
سڑک کے ذریعے:نیواتی بیچ سڑک کے ذریعہ بھی مہاراشٹر اورگوا کے اہم شہروں سے اچھی طرح جڑا ہوا ہے۔ نیواتی بیچ پہنچنے کیلئے قریب ترین شہر کوڈل ہے جو نیواتی سے ۲۵؍کلومیٹر دور ہے۔ کوڈل پہنچ کر آپ نیواتی بیچ جانے کیلئے آٹو رکشا کرائےکے ذریعہ جاسکتے ہیں۔ کوڈل اور کنکولی ایم ایس آر ٹی سی کی اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کی بسوں سے اچھی طرح جڑا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی، پونے، کولہاپو اور گوا سے کئی پرائیویٹ بسیں بھی نیواتی بیچ جاتی ہیں۔ اگر اپنی کار کے ذریعہ ممبئی سےنیواتی جا رہے ہیں تو آپ کو ممبئی سے پنویل، پین، پالی، کولاڈ، مہاڈ، کھیڑ، چپلون، راجاپور، کنکولی، اوروس، کوڈل ہوتے ہوئے نیواتی پہنچ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK