Inquilab Logo Happiest Places to Work

نتھنگ فون ۳؍ اے: اپنے اندر بہت کچھ لئے ہوئے ہے

Updated: March 24, 2025, 10:26 AM IST | Mohammed Habib | Mumabi

اس فون میں دیگر کئی چیزوں کے ساتھ کیمرا سیٹ اپ کو مزید بہتر بناتے ہوئے ۳؍ لینس استعمال کئے گئے ہیں،ڈیزائن بھی منفرد ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

نتھنگ فون (۲؍اے)گزشتہ سال کافی مقبول ہوا تھا۔ اس کےمنفرد ڈیزائن، گلِف انٹرفیس اور صاف ستھرےسافٹ ویئر کے باعث اسے خاصی پذیرائی ملی۔اب کمپنی اس کاجانشین نتھنگ فون (۳؍اے) پیش کیا ہےجو محض۲۴؍ہزار۹۹۹؍روپے کی ابتدائی قیمت پرکئی بہتر اپ گریڈز کے ساتھ لانچ ہوا ہے۔
پہلی نظر میں فون۳؍اےآپ کو فون ۲؍اےجیسا ہی لگے گا، لیکن اس میں بہترکیمرا سیٹ اپ، اے آئی کی شمولیت اور پریمیم بلڈ کوالٹی جیسی چیزیں اسے زیادہ پرکشش بناتی ہیں۔ اس بار اس مڈ-رینج فون میں سب سے بڑا اضافہ ٹیلی فوٹو کیمرا ہے، جو اس قیمت میں شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔
ان باکسنگ
اس فون کی ان باکسنگ باقی فونزکےمقابلے میں کچھ مختلف ہے۔یہ پہلے ایک پتلے اور چمکدار کارڈ بورڈ باکس میں آتا ہے، جس پر فون کے کیمرا ماڈیول کا ڈیزائن بنا ہواہے۔ اسے کھولنے پر اندر ایک اورسفید رنگ کا کارڈ بورڈ باکس ملتا ہے، جو قدرے مضبوط اور موٹا ہے۔یہ باکس کتاب کی طرح کھلتا ہے۔ اس میں سب سے پہلے فون رکھاہوتا ہے، اور اس کے نیچے ایک ٹائپ سی سےٹائپ سی چارجنگ کیبل اور کچھ دستاویزات رکھے گئے ہیں۔اس فون کے ساتھ چارجر اور ٹی پی یوکیس نہیں دیا گیا۔
ڈیزائن
نتھنگ فون (۳؍اے)میںکمپنی نےاپنے منفرد ڈیزائن کو برقراررکھتے ہوئے کئی بہترتبدیلیاں کی ہیں، جوفون ۲؍اےکے مقابلےایک اچھا اپ گریڈ ثابت ہوتی ہیں۔ نتھنگ کے فون اپنی شفاف بیک کیلئےمشہور ہیں، اور یہ خصوصیت اس میں بھی موجود ہے۔ اس کے ساتھ گلِف انٹرفیس اور مونوکروم کلر اسکیم بھی شامل ہے، جو اسے ایک منفرد اور دلکش انداز دیتا ہے۔اس بار سب سے بڑا فرق کیمرا ماڈیول میں آیا ہے۔ اس مڈ-رینج فون میں۲؍کے بجائے۳؍ رئیرکیمرے دئیےگئےہیں، جس کی وجہ سے اس کا لُک پہلے سے زیادہ بولڈ لگتا ہے۔ یہ کیمرا سیٹ اپ اوپر درمیان میں افقی انداز میں رکھا گیا ہے، جس سے فون متوازن رہتا ہے اور سطح پر رکھتے وقت زیادہ ہلتا نہیں ہے۔
ڈسپلے
یہ فون پتلا، ہلکا اور چھوٹا نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود اسے ایک ہاتھ سے آسانی سے پکڑا جا سکتا ہے۔ اس میں۶ء۷۷؍انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیاہے، اس کا وزن۲۰۱؍گرام ہے اور اس کی موٹائی ۸ء۳۵؍ ایم ایم ہے۔
سافٹ ویئر
نتھنگ فون۳؍ اےمیں نتھنگ او ایس ۳ء۱؍دیا گیا ہے، جو اینڈرائڈ ۱۵؍پرمبنی ہے۔کمپنی اس فون کیلئے۳؍سال تک اینڈرائیڈ اپڈیٹس اور۴؍سال تک سیکورٹی پیچ فراہم کرے گی۔ نتھنگ او ایس سب سےصاف ستھرےاینڈرائیڈ اسکنز میں شمار ہوتا ہے، جو نہایت ہمواراور تیز رفتار ہے۔ اس میں غیر ضروری ایپس شامل نہیں ہیں جو ایک بہتر تجربہ ثابت ہوتے ہیں۔تاہم، کسٹمائزیشن کے آپشنز محدود ہیں، جو بعض اوقات کمی محسوس کرواتے ہیں۔
کیمرے
اس فون میںٹرپل رئیرکیمرا سیٹ اپ دیا گیا ہے، جس میں اس قیمت کے لحاظ سے ایک ٹیلی فوٹو لینس بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کا پرائمری کیمرا ۵۰؍میگا پکسل،ٹیلی فوٹوکیمرابھی ۵۰؍ میگا پکسل ہےجس سے۲؍ گنا آپٹیکل زوم،۴؍گنا ان سینسر زوم اور ۳۰؍ گنا الٹرا زوم کیا جاسکتاہے۔اس کے علاوہ الٹرا وائڈکیمرا۸؍میگال پکسل اور فرنٹ کیمرا۳۲؍میگا پکسل کا ہے۔یہ نتھنگ کا پہلا مڈ-رینج فون ہے جس میں ٹرپل کیمرادیا گیا ہے۔ پرائمری کیمرےکی تصویریں اچھی آتی ہیں، لیکن کچھ جگہوں پر تفصیلات کی کمی محسوس ہوتی ہے۔
بیٹری
اس فون میں۵؍ہزار ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے، جو ایک دن آرام سے نکال سکتی ہے۔عام استعمال پر یہ ڈیڑھ دن دن تک چل سکتی ہے۔ اس میں۴۵؍ واٹ فاسٹ چارجنگ کی سہولت بھی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK