اس مشہور کمپنی کے نئے فون میں اسنیپ ڈریگون ۸؍جنریشن۳؍ پروسیسراستعمال کیا گیا ہے، اے آئی کے کئی عمدہ فیچرز بھی اس میں دیئے گئے ہیں۔
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 12:06 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس مشہور کمپنی کے نئے فون میں اسنیپ ڈریگون ۸؍جنریشن۳؍ پروسیسراستعمال کیا گیا ہے، اے آئی کے کئی عمدہ فیچرز بھی اس میں دیئے گئے ہیں۔
ایپل اور سیمسنگ کے بعد ون پلس بھی اسمارٹ فون بنانے والی ایک بڑی کمپنی قرار دی جاتی ہے۔ اس کے فون بھی اکثر ہاتھوں ہاتھ لئے جاتے ہیں۔ کمپنی نے حال ہی میں ہندوستان میں دو نئے فون ’ون پلس ۱۳‘ اور ’ون پلس ۱۳؍آر‘ لانچ کئے ہیں جن میں جدید ترین ہارڈ ویئر اور نئے قسم کا ڈیزائن استعمال کیا گیا ہے۔
رنگ اور قیمت
ون پلس ۱۳؍آر کی قیمت ۴۲؍ہزار ۹۹۹؍ روپے رکھی گئی ہے جبکہ اس میں ۱۲؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج دیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ ۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج کا دوسرا متبادل بھی موجود ہے جبکہ اس کی قیمت ۴۹؍ہزار ۹۹۹؍ہے۔
ڈیزائن
جیسا کہ پہلے کہا گیا ون پلس ۱۳؍آر میں جدید طرز کی ڈیزائن استعمال کی گئی ہے جس میں فلیٹ فریم اور فلیٹ فریم استعمال کیا گیا ہےاس کے باوجود آپ اسے دور سے دیکھ کر ہی بتاسکتے ہیں کہ یہ ون پلس کا فون ہے کیوں کہ اس میں پیچھے کی جانب دائرے میں کیمرے دیئے گئے ہیں جو کہ ون پلس ۱۱؍ سے استعمال کیا جارہا ہے۔ ۱۳؍ آر کو ہاتھ میں پکڑنے پر ہی محسوس ہوتا ہے کہ کوئی عمدہ فون ہاتھ میں پکڑا گیا ہے۔ اس کے پیچھے جانب پیٹرن والی میٹ فنش دی گئی ہے جو دیکھنے میں کافی اچھی لگتی ہے۔
ڈسپلے
ون پلس ۱۳؍آر کا ڈسپلے پورے طور پر چپٹا ہےاور اس میں نیا ایل ٹی پی او ۴ء۱؍ امولیڈ پینل استعمال کیا گیا ہے۔ باقی باتیں پچھلے فون جیسی ہی ہیں۔ اس میں ۱۲۰؍ہرٹز ریفریش ریٹ، ۱۵۰۰؍ ریزولیوشن، ایچ ڈی آر ۱۰؍پلس سپورٹ، ڈولبی ویژن جیسی چیزیں اس میں شامل ہیں۔ ویڈیو یا نیٹ فلکس اور دیگر پلیٹ فارمزپر فلمیں اور ویب سیریز دیکھنا بھی اچھا تجربہ ثابت ہوتا ہے۔ اس پر سورج کی روشنی میں بھی نظر نہ آنے کا مسئلہ پیدا نہیں ہوتا۔ اس میں ایکوا ٹچ ۲ء۰ اور گلوز(دستانے) موڈ بھی دیا گیا ہے۔
سافٹ ویئر
ون پلس ۱۳؍آر میں اینڈرائڈ ۱۵؍ کی بنیاد پر بنایا گیا آکسیجن او ایس ۱۵؍ استعمال کیا گیا ہے جو کہ اس سے قبل استعمال کئے گئے آکسیجن او ایس سے بہتر ہے۔ اس میں بلوٹ ویئر تقریباً نہیں ہیں جبکہ اس میں اینیمیشن بھی عمدہ استعمال کئے گئے ہیں۔ اس میں فیس بک، لنکڈان اور نیٹ فلکس جیسے چند ایپس ہی پہلے سے انسٹال شدہ آتے ہیں۔ اس آپریٹنگ سسٹم کے تعلق سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ گزشتہ کے مقابلے ۴۰؍فیصد ہلکا ہےجس سے آپ کو اپنے ایپس اور ڈاٹا کیلئے زیادہ جگہ ملتی ہے۔
اس کے علاوہ اس میں اے آئی کے چند فیچرز بھی استعمال کئے گئے ہیں۔ اس میں فوٹوز کے ایپ میں اے آئی ڈٹیل بوسٹ (تصویرمیں کسی چیز کی زیادہ تفصیلات جس سے تصویر عمدہ نظر آئے گی)، اے آئی ان بلر(اس سے تصویر دھندلی نظر نہیں آئے گی)، اے آئی ایریزر(اس کی مدد سے آپ تصویر میں سے کوئی چیز مٹا سکتے ہیں ) اور اے آئی ریفلیکشن ایریزر(اس کی مدد سے آپ تصویر میں سے غیر ضروری چیز جیسے کہ کسی کا سایہ وغیرہ مٹا سکتے ہیں ) جیسے فیچر دیئے گئے ہیں۔
ہارڈ ویئر
اس فون میں اسنیپ ڈریگون ۸؍جنریشن ۳؍ پروسیسر استعمال کیا گیا ہےجو کافی اچھا کام کرتا ہے۔ اس کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ گرم بھی نہیں ہوتا۔
کیمرے
اس میں کیمرے کافی عمدہ استعمال کئے گئے ہیں۔ اس کا مین کیمرہ ۵۰؍میگا پکسل کا سونی ایل وائی ٹی ۷۰۰؍ کیمرہ ہے جس میں او آئی ایس اور آٹو فوکس کی سہولت دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ ۵۰؍ میگا پکسل کا سیمسنگ کا ٹیلی فوٹو کیمرہ استعمال کیا گیا ہے جس سے آپ ۲؍گنا آپٹیکل زوم کرسکتے ہیں۔ اس میں بھی آٹو فوکس ہے۔ الٹرا وائڈ تصویر کیلئے ۸؍میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے جس سے ۱۱۲؍ ڈگری تک کی تصویر کھینچی جاسکتی ہے۔ ۱۶؍میگا پکسل کا سیلفی کیمرہ ہے۔
ڈسپلے ۶ء۷۸؍انچ
پروسیسر اسنیپ ڈریگون۸؍جنریشن ۳؍
ریم ۱۲؍ اور۱۶؍جی بی ریم
اسٹوریج ۲۵۶؍ اور۵۱۲؍جی بی
آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ ۱۵؍ کی بنیاد پر آکسیجن او ایس ۱۵؍
کیمرے ۵۰؍، ۵۰؍، ۸؍میگاپکسل، ۱۶؍ سیلفی
بیٹری ۶؍ہزار ایم اے ایچ، ۸۰؍واٹ چارجنگ