• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اوپورینو ۱۲؍پرو:عمدہ ڈیزائن اور اعلیٰ خصوصیات کا حامل موبائل

Updated: July 22, 2024, 12:12 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہ موبائل انتہائی پتلا یعنی محض ۷ء۴؍ملی میٹر ہے، اے آئی کے چند کارآمد فیچر بھی دیئے گئے ہیں، سیلفی کیلئے ۵۰؍میگا پکسل کا کیمرہ ہے۔

Oppo Reno 12 Pro .Photo.INN.
اوپو رینو ۱۲؍پرو۔ تصویر: آئی این این۔

اوپو کی رینو سیریز کا مقصد اپنے دلچسپ ڈیزائن اورعمدہ کیمرے کے ذریعہ نوجوانوں کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے۔ ماضی میں بھی رینو کے ذریعہ کمپنی چند عمدہ ڈیزائن پیش کرچکی ہے لیکن اس وقت اس نے اوپو رینو ۱۲؍پرو میں مزید چند دلچسپ عناصر کو شامل کیا ہے۔ 
قیمت
یہ فون ۱۲؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍جی بی اسٹوریج کے ساتھ ۳۶؍ہزار ۹۹۹؍ روپےمیں دستیاب ہےجبکہ۱۲؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍جی اسٹوریج والے فون کی قیمت ۴۰؍ہزار ۹۹۹؍ روپے ہے۔ اس جدید ترین فون میں عوام تک اے آئی کی خصوصیات پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ مارکیٹ میں دستیاب ان چند موبائلوں میں شامل ہوگیا ہے جس میں دلکش ڈیزائن، کارآمد اے آئی کی خصوصیات اور عمدہ پرفارمنس کا امتزاج موجود ہے۔ 
ڈیزائن
اوپو رینو کی سب سے بڑی خصوصیت پتلا اور خوبصورت ڈیزائن ہوتی ہے اور رینو ۱۲؍پرو اس سے مختلف نہیں ہے۔ کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اس مرتبہ اب تک کا سب سے پتلا اور شاندار فون تیار کیا ہے۔ یہ فون ۲؍رنگوں کے متبادل میں دستیاب ہے جس میں ایک سن سیٹ گولڈ اور اسپیس برائون شامل ہے۔ اس کے پیچھے جانب ڈوئل ٹون فنش دی ہے جس میں میٹ اور گلاسی فنش کی بھی آمیزش ہے۔ اوپو رینو ۱۲؍پرو کا ڈیزائن اس سے قبل آنے والے فون رینو ۱۱؍پرو سے بہتر ہے۔ یہ فون اس سے تھوڑا زیادہ پتلا یعنی ۷ء۴؍ملی میٹر کا ہے جبکہ ۱۱؍پرو ۷ء۶۶؍ملی میٹر کا تھا۔ اس کا وزن بھی کم یعنی محض ۱۸۱؍گرام ہے۔ گلاسی اور میٹ فنش کے ساتھ پتلا فون پکڑنے میں مشکل ہوتا ہے، اس کے ساتھ بھی یہی مسئلہ ہے۔ لیکن اچھی بات یہ ہے کہ اوپو فون کے ساتھ بکس میں ٹی پی یو کور بھی دیتا ہے جس سے یہ مسئلہ ختم ہوجاتا ہے لیکن اس سے اس فون کی خوبصورت بھی چھپ جاتی ہے۔ 
ڈسپلے
اس فون میں امولیڈ ڈسپلے دیا گیا جو فل ایچ ڈی پلس ریزولیوشن اور ۱۲۰؍ہرٹز کا ریفریش ریٹ دیتا ہے۔ کواڈ کرو والا اسکرین عمدہ رنگ پیش کرتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ برائٹ نیس ۱۵۰۰؍ نٹ کی ہےجس سے اس پر سورج کی تیز روشنی میں بھی کچھ پڑھنا آسان ہوتا ہے۔ اس پر دیکھنے کے زاویے بھی عمدہ ہیں۔ 
اے آئی ٹول
گوگل جیمنی کی سپورٹ سے اس میں کئی اے آئی کے فیچرز استعمال کئے گئے ہیں جنہیں استعمال کرنا بہت اچھا لگتا ہے۔ ایک اے آئی رائٹر ٹول جو آپ کے سوشل میڈیا پوسٹ کیلئے کیپشن وغیرہ لکھ کر دیتا ہے۔ اس میں متعلقہ ہیش ٹیگ بھی لگ جاتے ہیں۔ جبکہ اس کی مدد سے ای میل بھی لکھا جاسکتاہے۔ اے آئی سمری ٹول ہےجو برائوزر پر موجود آرٹیکل کے نکتہ پیش کردیتا ہے۔ اے آئی ریکارڈنگ سمری کا ٹول ریکارڈنگ میں موجود باتوں کو اختصار سے آپ کے سامنے پیش کردے گا۔ اس کے کیمرے میں بھی ایک ٹول اے آئی اریزر ۲؍ موجود ہے جو بیک گراوئنڈ میں موجود اضافی چیزوں کو ختم کردیتا ہے۔ مثال کے طور پر آپ کے پیچھے بہت سارے لوگ ہیں جو آپ نہیں چاہتے کہ آپ کی تصویر میں آئیں تو یہ ٹول ان افراد کو ہٹاکر صرف آپ کو تصویر میں پیش کرسکتاہے۔ 
سافٹ ویئر
اوپو رینو ۱۲؍پرو میں کلر او ایس ۱۴؍دیا گیا ہے جس میں چند عمدہ خصوصیات موجود ہیں۔ ان میں ایک خصوصیت اسمارٹ سائڈ بار ہے جس کے ذریعہ آپ ایک ایپ سے کسی چیز کو دوسرے ایپ میں لے جاسکتے ہیں۔ اس کی مدد سے آپ مثال کے طور پر گیلری سے کوئی تصویر یا ویڈیو اس سائڈ بار میں لے کر بعد میں اسے وہاٹس ایپ یا ای میل میں ڈراپ کرسکتے ہیں۔ 
کیمرہ
رینو سیریز میں کیمرہ سب سے بڑی خوبی ہوتی ہے۔ اس میں ۵۰؍میگا پکسل کا سونی کاکیمرہ دیا گیا ہے جس سے حقیقت سے قریب تصویر لی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ۸؍ میگا پکسل کا الٹرا وائڈ سونی کا کیمرہ اور تیسرا کیمرہ ۵۰؍میگا پکسل کا سیمسنگ کا کیمرہ استعمال کیا گیا ہے۔ پیچھے کی جانب ان تین کیمروں کا سیٹ اپ ہے جبکہ آگے کی جانب سیلفی کیلئے بھی ۵۰؍میگا پکسل کا سیمسنگ کا کیمرہ استعمال کیا گیا ہے۔ 
بیٹری
اس میں ۵؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جبکہ اسے چارج کرنے کیلئے ۸۰؍واٹ کا سوپر وی او او سی کی فاسٹ چارجنگ کی سہولت دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK