یہاں واقع قلعہ مبارک، شیش محل، موتی باغ اور بہادر گڑھ جیسی تاریخی عمارتیں قابل دید ہیں جبکہ بارہ دری گارڈن اور بیر موتی باغ بھی خوبصورت ہیں۔
EPAPER
Updated: September 11, 2024, 11:30 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
یہاں واقع قلعہ مبارک، شیش محل، موتی باغ اور بہادر گڑھ جیسی تاریخی عمارتیں قابل دید ہیں جبکہ بارہ دری گارڈن اور بیر موتی باغ بھی خوبصورت ہیں۔
پٹیالہ ریاست پنجاب کا ایک خوبصورت شہر ہے۔ ریاست کا چوتھا سب سے بڑا شہر ہے اور ملک کی سنہری سرزمین کے جنوب مشرقی سمت میں واقع ہے۔ پٹیالہ کو پنجاب کی بڑی روایات، ثقافتی ورثےاور رسوم و رواج سے واقف کرانے کیلئےایک مثالی جگہ سمجھا جاتاہے۔ یہاں بہت سے سیاحتی مقامات ہیں جہاں آپ جا سکتے ہیں۔ اس کی شہرت کی بنیادی وجوہات کلاسیکی موسیقی، پرانڈا، پٹیالہ سلوار، پٹیالہ جوتی شامل ہیں۔
قلعہ مبارک
قلعہ مبارک کمپلیکس، پٹیالہ کے اہم پرکشش مقامات میں سے ایک ہے جوسیاحوں کو بہت اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ قلعہ مبارک کمپلیکس سکھ طرز تعمیرمیں بنایا گیا ہے۔ قلعہ مبارک ہندوستان میں مغلوں اور راجپوتوں کے شاندار فن تعمیر سےماخوذہے۔ واضح رہےکہ یہ قدیم قلعہ ایک سہ محلا ہے، جسے مہاراجہ الا سنگھ کے حکم کے مطابق ۱۷۶۴ءمیں بنایا گیا تھا۔ قلعہ کے اہم پرکشش مقامات میں رانی باس (گیسٹ ہاؤس)، دربار ہال کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔ قلعہ کے اندر زیر زمین سیوریج سسٹم سب سے نمایاں ہیں۔
شیش محل
شیش محل پٹیالہ کا ایک مشہورمحل ہےجو ۱۹؍ویں صدی میں پرانےموتی باغ محل کے ایک اہم حصے کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔ شیش محل میں آپ کو بہت سی دیواریں ملیں گی، جن میں سے زیادہ تر مہاراجہ نریندر سنگھ کے دور میں بنائی گئی تھیں۔ شیش محل کا لفظی مطلب ہے’آئینے کا محل‘۔ محل کے سامنے لکشمن جھولا کے نام سے ایک پرکشش پل اور جھیل ہے، جو محل کی خوبصورتی کو مزید بڑھا دیتی ہے۔ شیش محل دیکھنے کے لیے سیاح بڑی تعداد میں آتے ہیں۔
موتی باغ محل
پٹیالہ کامشہور موتی باغ محل ایک قدیم اور پرکشش محل ہے، جو موتی باغ میں واقع ہے۔ موتی باغ محل مہاراجہ بھوپندرسنگھ نے ۱۸۴۰ءمیں بنایا تھا۔ تاہم ۱۹۲۰ءکی دہائی میں محل کے احاطے میں توسیع کی گئی۔ موتی باغ پیلس میں ۲۰؍ویں صدی سے تعلق رکھنے والی بہت سی دلکش پینٹنگز دیکھی جا سکتی ہیں۔ محل ۱۵؍ ہال ہیں۔ محل کے فن تعمیر میں راجپوت اور کانگڑا کے انداز دیکھے جا سکتےہیں۔ اس کے علاوہ محل کی دیواروں پر بنے تمغے محل کی کہانی بیان کرتے ہیں۔
بارہ دری گارڈن
پٹیالہ کی توجہ کامرکز بارہ دری گارڈن مہاراجہ راجندر سنگھ کے دور میں بنایاگیاتھا۔ یہ پرکشش باغات پرانے پٹیالہ شہر کی شمالی سمت میں شیرانوالہ گیٹ کےقریب واقع ہیں۔ بارہ دری گارڈن میں بہت سے نایاب درخت، پودے، دلکش جھاڑیاں اور پھول دیکھے جاسکتے ہیں، نوآبادیاتی عمارتوں کی موجودگی باغ کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے۔ سیاح بارہ دری گارڈن میں مہاراجہ راجندر سنگھ کا ایک خوبصورت مجسمہ بھی دیکھ سکتےہیں۔ پارک کے دیگر پرکشش مقامات میں کرکٹ اسٹیڈیم، ایک چھوٹا سا محل اور اسکیٹنگ رنگ شامل ہیں۔ اس وقت محل کمپلیکس کو ہیریٹیج ہوٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
بہادر گڑھ قلعہ
پٹیالہ کاتاریخی بہادر گڑھ قلعہ ایک پرکشش ڈھانچہ ہے جو ۱۶۵۸ءقبل مسیح میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اسے نواب سیف خان نے بنایا تھا۔ تاہم بعد میں اس قلعے کی ۱۸۳۷ءمیں مہاراجہ کرم سنگھ کے دور میں تزئین و آرائش کی گئی۔ بہادر گڑھ قلعہ۲۱؍مربع کلومیٹر کے رقبے پرپھیلا ہوا ہے اور اس کا نام سکھوں کے نویں گرو گرو تیغ بہادر کے نام پررکھا گیا تھا۔ قلعہ کا ڈھانچہ دو دیواروں اور ایک کھائی پر مشتمل ہے اور اسےگول شکل میں بنایا گیا ہے۔ قلعہ احاطے میں ایک گرودوارہ بنایا گیاہے جسے گرودوارہ صاحب پاتشائی نوین کے نام سے جانا جاتا ہے اور ایک مسجد بھی بنی ہوئی ہے۔ بہادر گڑھ فورٹ کمپلیکس اس وقت پنجاب پولیس کمانڈو ٹریننگ سینٹرکے طور پر استعمال ہو رہا ہے۔
بیر موتی باغ وائلڈ لائف سینکچری
بیر موتی باغ وائلڈ لائف سینکچری، پٹیالہ کے سیاحتی سفر میں قابل دید مقام ہے، شہر سےتقریباً۵؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اوریہ۶۵۴؍ہیکٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اس علاقےکو ۱۹۵۲ء میں جنگلی حیات کی پناہ گاہ قرار دیا گیا تھا۔ یہاں خصوصی طور پر مور، مینا، تیتر، چیتل، ہاگ ڈیر وغیرہ دیکھے جاسکتے ہیں۔