• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پنجور گارڈن: سو ایکڑ کے وسیع وعریض رقبے پر پھیلا ہوا ہے

Updated: June 19, 2024, 11:34 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

ہریانہ کے پنچکولہ ضلع کے شہر پنجور میں واقع اس گارڈن میں سیاحوں کی دلچسپی کیلئے بہت کچھ ہے۔  منی چڑیا گھر اور پنجور ہیریٹیج فیسٹیول خاص ہیں۔

Pinjore Garden is the best place to spend time with nature. Photo: INN.
پنجور گارڈن فطرت کے ساتھ وقت گزارنے کی بہترین جگہ ہے۔ تصویر: آئی این این۔

پنجور گارڈ ن یایادویندر گارڈن مغل طرز کا ایک خوبصورت گارڈن ہے جو ۱۷؍ ویں صدی کے ہندوستان میں بنایا گیا تھا، جو ہریانہ کے پنچکولہ ضلع کے شہر پنجور میں واقع ہے۔ یہ باغ سو ایکڑ کے وسیع وعریض رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ فطرت کے ساتھ وقت گزارنے کی ایک خوبصورت جگہ ہے۔ پنجور گارڈن اپنی ہریالی اورفواروں کیلئے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ اس مغل گارڈن کو دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں۔ پنجور گارڈن کوشلیا اور جھجر ندیوں کے قریب واقع ہے۔ پنجور گارڈن ہندوستان میں ٹیرس گارڈن کی ایک منفرد اور شاندار مثال ہے۔ مینگو فیسٹیول ہر سال بیساکھی کے موقع پر اپریل اور جون کے درمیان بڑے پیمانے پر منعقد کیا جاتا ہے۔ اس میں نہ صرف خوبصورت درخت اور پودے ہیں بلکہ ایک چھوٹا چڑیا گھر، جاپانی باغ اور ایک شاندار نرسری ہے۔ اگر آپ کبھی پنجور گارڈن جائیں تو شام کا وقت یہاں آنے کیلئے بہت اچھا ہے، کیونکہ غروب آفتاب کے بعد باغ کی روشنی سے یہاں کا ماحول بالکل بدل جاتا ہے۔ 
پنجور گارڈن۱۷؍ویں صدی میں اورنگ زیب کے دور میں بنایا گیا تھا۔ تاریخ کے مطابق مغل شہنشاہ اور نگ زیب اور اس کے کزن نواب فدائی خان نے مل کر باغ کا ڈیزائن بنایا تھا۔ ایک بار جب وہ وادی پنجور کا دورہ کر رہے تھے تو وہ اس کی خوبصورتی سے مسحور ہو گئے تھے اور اسی وقت انہوں نے اس جگہ پر شہنشاہ اورنگ زیب کے ساتھ بنائے گئے باغ کے ڈیزائن کو حقیقت کا روپ دینے کا فیصلہ کیا۔ ۱۷۶۹ء میں گورکھوں کو شکست ہوئی اور پنجور کے باغات اور آس پاس کی زمینیں پٹیالہ ریاست کے حوالے کر دی گئیں۔ ۱۷۷۵ء میں اس صوبے پر پٹیالہ کے بادشاہ مہاراجہ امر سنگھ کی حکومت تھی۔ پنجور پر قبضے کے بعد باغ پر دوبارہ کام شروع کرنے اور اسے مزید بہتر کرنے کا فیصلہ کیا۔ ۱۹۶۶ء میں ہندوستان کی آزادی کے بعد ان کے بیٹے مہاراجہ یادویندر سنگھ نے پنجور کے باغات قوم کو عطیہ کئے۔ اس کے بعد سے پنجور باغات کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ اب یہاں بڑی تعداد میں سیاح آتےہیں ۔ 
پنجور گارڈن روایتی مغل طرز پر بنایا گیا ہے۔ یہاں ٹیرس گارڈن، عظیم الشان پویلین اور خوبصورت فوارے ہیں۔ باغ میں کل ۷؍ چبوترے ہیں جو کچھ فاصلے پر بنائے گئے ہیں۔ سو ایکڑ پر پھیلا یہ باغ ۷؍ چھتوں پر بنایا گیا ہے۔ باغ کا مرکزی دروازہ سب سے اونچی پہلی چھت میں کھلتا ہے جہاں سے آپ فوارے دیکھ سکتے ہیں۔ یہ چھت راجستھانی -مغل طرز میں ڈیزائن کی گئی ہے۔ ایک چبوترے پر صنوبر کے درخت ہیں۔ خاندانوں اور جوڑوں کو اکثر یہاں کچھ وقت گزارتے دیکھا جاتا ہے۔ یہاں مختلف قسم کے خوشبودار پھو ل والے پودے، آم کے باغات، جھاڑیاں اور دیگر درخت ہیں۔ اونچے اونچے درخت راہ چلنے والے سیاحوں کو سایہ فراہم کرتے ہیں۔ 
منی چڑیا گھر: پنجور گارڈن کےسو ایکڑ باغ کے اندر مختلف اقسام کے جانوروں اور پرندوں کے ساتھ ایک چھوٹا چڑیا گھر ہے۔ بچے اور بالغ دونوں مفت میں پنجور گارڈن کے چڑیا گھر کا دورہ کر سکتے ہیں۔ 
نرسری: پنجور گارڈن کی نرسری میں بہت سےپھولوں اورپھلوں کےپودے ہیں۔ آپ یہاں سےپودے بھی خرید سکتے ہیں۔ 
جاپانی گارڈن: پنجور گارڈن کے باغ کے ایک حصے میں ایک پر سکون جاپانی باغ تیار کیا گیا ہے جس میں ایک پل، ایک خوبصورت ٹاور اور جاپانی دیومالائی مخلوق کے مجسمے ہیں۔ 
اسٹریٹ فوڈ: یہاں کا مقامی اسٹریٹ فوڈ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ کئی پکوان کا نام ہی سن منہ میں پانی آجاتا ہے۔ 
اونٹ کی سواری: یہاں آپ باغ کی سیر کے ساتھ باغ کے باہر اونٹ کی سواری سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ 
پنجور ہیریٹیج فیسٹیول: پنجور ہیریٹیج فیسٹیول ہر سال دسمبر میں منایا جاتا ہے۔ اس وقت یہاں کے باغات روشنیوں سے جگمگاتے ہیں اور شام کے وقت سیاحوں کی تفریح ​​کیلئے بہت سے پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے شام کے وقت یہاں سیاحوں کا ہجوم دیکھا جا سکتا ہے۔ میلے کے دوران مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، جیسے ڈرائنگ، رنگولی، لوک رقص اور مہندی کے مقابلے۔ اس جگہ پر سیاحوں کیلئے ایک کرافٹ مارکیٹ بھی ہے جہاں شاندار مقامی کھانے اور خوبصورت دستکاری کے نمونے فروخت ہوتےہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK