• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جموں کشمیر میں واقع پلوامہ حیرت انگیز تفریحی مقام ہے

Updated: October 09, 2024, 11:44 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں ہزاروں میٹر کی بلندی پر واقع جھیلیں انتہائی دلکش معلوم ہوتی ہیں،جبکہ کوسر ناگ جھیل گرمیوں کے موسم میں بھی منجمد رہتی ہے۔

Ahrbal Falls. Photo: INN
اہربل آبشار۔ تصویر : آئی این این

پلوامہ، سری نگرسے ۲۵؍کلومیٹرکےفاصلے پر واقع ہے، جموں کشمیر کا ایک چھوٹا شہر ہے۔ جموں کشمیرکاچھٹابڑاشہر ہے۔ دودھ اور چاول کی پیداوار کے لیےمشہور، پلوامہ کو’کشمیر کاچاول یاپیالہ‘ کے نام سےبھی جانا جاتا ہے۔ اس جگہ پر سیب کے باغات، قدرتی آبشار اور قدرتی وادیاں ہیں، جو پلوامہ کی سیاحت کا ایک اہم حصہ ہےاور سیاحوں کی بڑی تعداد کے لیے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر کا مشہور شہر پلوامہ کوہ پیمائی، گرمیوں میں ٹریکنگ اور سردیوں میں اسکیئنگ اور سنو بورڈنگ جیسی دلچسپ سرگرمیوں کے لیے بھی مشہور ہےجہاں سیاح اکثر ان دلچسپ کھیلوں سے لطف اندوز ہوتے نظر آتے ہیں۔ 
اہربل آبشار
 اہربل آبشار سری نگر سے ۷۵؍کلومیٹر اور جامع مسجد شوپیاں سے ۳۵؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، یہ پیر پنجال کےپہاڑوں میں دیودار کے گھنے درختوں کی وادی سے۲۵؍میٹرنیچے گرنے والی ویشو ندی کا ایک شاندار منظر ہے۔ جسے جموں کشمیر وادی کا سب سےمشہور اور بہت بڑا آبشار سمجھا جاتاہے۔ اہربل آبشار جموں کشمیرمیں اپنے خاندان یا دوستوں کے ساتھ تعطیلات منانے کے لیے سب سے پرکشش مقامات میں سے ایک ہے، جہاں سیاح اکثر ٹراؤٹ فشنگ، ٹریکنگ، رافٹنگ وغیرہ جیسی ایڈونچر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے دیکھے جاتے ہیں۔ 
ترسر اور مرسر جھیل
 ترسر اور مرسر جھیل دو خوبصورت جھیلیں ہیں جو پلوامہ ضلع کے ناگبرن گاؤں سےتقریباً۳؍کلومیٹراور۵؍لومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔ مرسر جھیل داچیگام نیشنل پارک کے قریب واقع ہے جسے ٹوئن سسٹرس بھی کہا جاتا ہے۔ ترسر اور مرسر جھیل پلوامہ کے اہم سیاحتی مقامات میں سےایک ہے، جہاں سیاح اور مقامی لوگ پکنک کے لیے ان خوبصورت جھیلوں کا رخ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ترسر اور مرسر ٹریک وادی کشمیر کے مقبول ترین ٹریکس میں سے ایک ہے۔ ان جھیلوں کو ۱۶؍ ویں صدی سے زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی تھی، جب ان جھیلوں کا تذکرہ اس وقت کے کشمیر کے حکمران یوسف شاہ چک نے اپنی نظم میں کیا تھا۔ 
کنگ وٹن
اہربل آبشارسے۸؍ کلومیٹر دور اور انسانی سرگرمیوں سے دور کنگ وٹن پلوامہ میں ایک پرکشش مقام ہے۔ کنگ وٹن ایک گھاس کا میدان ہے جو۸؍ہزار ۴۰۰؍ میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ جو سیاحوں کیلئےحیرت انگیز اور خوبصورت نظارےپیش کرتا ہے۔ جہاں آپ فطرت کے دلفریب نظاروں کے درمیان اپنی روزمرہ کی زندگی سے دور کچھ وقت گزار سکتے ہیں۔ 
جامع مسجد شوپیاں 
 پیرپنجال کے پار مغل روڈ پر واقع جامع مسجد پلوامہ ایک اہم مقام ہے۔ مغلوں کے دور میں تعمیر کی گئی جامع مسجد مغلوں کی کشمیر واپسی کے راستے میں ایک اہم پڑاؤ تھی۔ اور آج بھی جامع مسجد کشمیر کاایک اہم نشان اور کشش ہے۔ جہاں مسلمانوں کے ساتھ دیگر مذاہب کے سیاح بھی بڑی تعداد میں اسے دیکھنے آتے ہیں۔ 
کوسرناگ جھیل
 وادی کشمیر کے ضلع کولگام میں واقع کوسر ناگ جھیل اونچائی پر واقع ایک جھیل ہے۔ کوسرناگ جھیل، سطح سمندر سے۴؍ہزارمیٹر کی بلندی پر واقع ہے، پلوامہ کےپرکشش مقامات میں سے ایک ہے۔ کوسرناگ جھیل کی سب سےپرکشش بات یہ ہے کہ یہ گرمیوں میں بھی برف سےجمی رہتی ہے۔ جو سیاحوں کے لیے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں موسم گرما میں سیاح اکثر تفریح کرتے نظر آتے ہیں۔ اس کےساتھ آپ بہت سی ایڈونچر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں جیسےٹریکنگ، اسکیئنگ، گھڑ سواری اور فوٹو گرافی۔ 
جانے کا بہترین وقت
اگر آپ اپنے اہل خانہ یا دوستوں کے ساتھ پلوامہ جانے کا ارادہ کر رہے ہیں تو ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ ہمالیائی سلسلوں کے بیچ میں واقع پلوامہ کا موسم سال بھر خوشگوار رہتا ہے۔ لیکن پلوامہ جانے کا بہترین وقت اپریل سے اکتوبر ہے۔ جب آپ شدید گرمی میں یہاں برف کے درمیان ایک دلچسپ وقت گزار سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، آپ اس پہاڑی مقام پر جانے کے لیے مانسون کا موسم بھی منتخب کر سکتے ہیں، لیکن سردیوں کے دوران پلوامہ جانے سے گریز کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK