• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رات جوان ہے: اپنے لئے بھی جینے کا پیغام دینے والی سیریز

Updated: October 20, 2024, 11:00 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اکثر لوگ والدین بننے کے بعداپنی تمام خواہشات اور تمنائوں کو بالائے طاق رکھ کر صرف بچوں کیلئے جینا شروع کردیتے ہیں،ایسے والدین کیلئے سبق ہے۔

Anjali Anand, Priya Bapat and Barun Sobati can be seen in a scene from the web series `Raat Jawaan Hai`. Photo: INN
ویب سیریز’رات جوان ہے ‘ کےایک منظر میںانجلی آنند،پریا باپٹ اوربرون سوبتی کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

رات جوان ہے (Raat Jawan Hai)
اسٹریمنگ ایپ :سونی لیو(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:کرن دیسائی، پریا باپٹ، برون سوبتی، انجلی آنند
رائٹر اور ڈائریکٹر:سمیت ویاس
سنیماٹوگرافی:جے آئی پٹیل 
کاسٹنگ: گوتم کرشناچندانی، سلونی چندرا
موسیقی:نتیش رام بھدرن
کاسٹیوم:چراغ میناریا، سپنا یادو
میک اپ:روہت مہاڈک
ویزوئل افیکٹ:آکانکش سیٹی، آدیناتھ شندے
موسیقی:پرتھمیش دودھانے، کرینا شاہ
ریٹنگ: ***
 کہا جاتا ہے کہ جب آپ والدین بن جاتے ہیں توآپ کی زندگی اور آپ کی خوشی بے معنی ہو جاتی ہے۔ پھر بچہ، اس کی ضروریات اور اس کی خوشی مقدم ہوجاتی ہے۔ کافی حد تک تو ایسا ہی ہوتاہے۔ لیکن حالیہ ویب سیریز’رات جوان ہے‘، اس نظریہ کی منفی کرتی ہے اوربتاتی ہے کہ اچھے والدین بننے کے لیے اپنی خوشیوں کو قربان کرنا ضروری نہیں ہے۔ آپ کو کچھ محنت ضرور کرنی پڑے گی لیکن آپ اپنے کرئیر، خوشیوں اور بچوں کو ساتھ لےکر چل سکتے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ کھیاتی آنند پوتھرن کی لکھی ہوئی اور سمیت ویاس کی ہدایت کاری میں بنائی گئی اس خوبصورت احساس کی حامل ویب سیریزمیں یہ بڑی باتیں کسی لیکچر کے بغیر دلکش اور پرلطف انداز میں پیش کی گئی ہیں۔ 
سیریز کی کہانی
 اس ویب سیریز کی کہانی ۳؍دوستوں کے گرد گھومتی ہے جن میں ایک کھل کر جینے والی لڑکی رادھیکا (انجلی آنند)، باپ بننے کے بعد کارپوریٹ کی ملازمت چھوڑ کر بچے کی پرورش میں مصروف ہوجانے والےاویناش (برون سوبتی)، اور سمجھدار لڑکی سمن (پریا باپٹ) شامل ہیں۔ یہ تینوں بچپن کے دوست ہیں، جو گھر اور بچوں کی ذمہ داریوں کے درمیان اپنی دوستی، شوق اور خوابوں کو زندہ رکھنے کیلئے شدید جدوجہد کررہےہیں۔ ان کی زندگی کو دیکھ کر وہ نئے والدین ضرور خود کو ان کی جگہ محسوس کریں گے جوکہ اپنی زندگی میں بچوں کے آجانے کے بعداپنی پسند کی فلم دیکھنے سے لے کر دیگر چھوٹے بڑے کام تک نہیں کرپارہے ہیں۔ 
 عموماً اسکول کالج کے دوست شادی کے بعد اتنے قریب نہیں رہ پاتےکیونکہ وہ اپنی زندگی میں مصروف ہوجاتےہیں لیکن یہ سیریز اس موڑ پر دوستی کی اہمیت کو خوبصورتی سے پیش کرتی ہے۔ سیریز میں ایسےبہت سے لمحات اور مکالمے ہیں، جنہیں آپ اپنی زندگی میں محسوس کریں گے، جیسے کہ پہلےہی ایپی سوڈمیں، رادھیکا کے والد کمود مشراکہتےہیں، ’’اپنی بیٹی کی پرورش کے چکر میں میری بیٹی کو مت بھول جانا۔ ‘‘ دوسرے ایپی سوڈمیں، تینوں ’باپ کی باپتا‘ پر بحث کرتے ہیں، یعنی والدین میں سےباپ کے کردار کو نظر اندازکئے جانے پر کہتے ہیں کہ ’ماں کی مامتا‘پر بہت سی نظمیں اور مضامین موجود ہیں، لیکن ’باپ کی باپتا‘پر ایساکچھ بھی دستیاب نہیں۔ ایسا کیوں ہے؟ کیا خواتین ماں پہلے اور عورت بعد میں ہوتی ہیں اور آدمی پہلے مرد اور باپ بعد میں ہوتا ہے۔ اس سیریز کی ایک اچھی بات یہ بھی ہے کہ اس میں کسی کو ستایا ہوا نہیں دکھایا گیا ہے بلکہ تینوں کے پارٹنرز اور فیملیز سمجھدار دکھائے گئے ہیں جوایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ 
ہدایت کاری
 یہ کھیاتی کی پہلی کہانی ہے جس کی وجہ سے اس میں کسی قسم کی کوئی ملاوٹ نہیں بلکہ تازگی نظر آتی ہے۔ اسکرین پلے چست ہے، ڈائیلاگ عین مطابق ہیں۔ ہاں اگر گالیوں کو تھوڑا کم رکھا جاتا تو اس کےناظرین زیادہ ہوسکتےتھے۔ ہدایت کاری کی بات کریں تو مختصر فلم ہیئر کٹ اور منی سیریز تنکیش ڈائریزکےذریعے ہدایت کاری میں ہاتھ آزمانےوالے اداکار سمیت ویاس نے بھی پہلی بار ہدایت کاری میں قدم رکھا ہے اور اس پہلی ہی سیریز میں انہوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 
اداکاری
  سنجیدہ کرداروں کے بعد جدید اورگھریلو شوہر اویناش کے طور پر برون کی اداکاری قابل دید ہے، جب کہ انجلی نڈر، اوٹ پٹانگ رادھیکاکے طورپرمناسب ہے ان کی کیمسٹری سیریز کی جان ہے۔ 
نتیجہ
 یہ سیریز، جو والدین اور دوستی کے تانے بانے کو خوبصورتی سے پیش کرتی ہےضرور دیکھنا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK