• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رائوتو کا راز: نوازالدین صدیقی کی اداکاری سے سجی ایک تفریحی فلم

Updated: July 06, 2024, 10:38 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

بنیادی طور پر یہ قتل پر مبنی ایک سنسنی خیز فلم ہے لیکن اسے ہلکے پھلکے انداز میں بنایا گیا ہے جس میں نواز الدین نے جان ڈال دی ہے۔

Nawazuddin Siddiqui can be seen in a scene from the movie `Rautu Ka Raaz`. Photo: INN
فلم ’رائوتو کا راز‘ کے ایک منظر میں نواز الدین صدیقی کو دیکھاجاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

راؤتو کا راز(Rautu Ka Raaz)
اسٹار کاسٹ :نواز الدین صدیقی، راجیش کمار، اتل تیواری، نارائنی شاستری، نتاشا شرما، سمردھی چنڈولا، ہرشت ورما
 ڈائریکٹر :آنند سوراپور 
رائٹرس: شارق پٹیل، آنند سوراپور
پروڈیوسر: شارق پٹیل، چنٹو شریواستو، آنند سوراپور، امیش بنسل، ہیمراج ڈوگرا 
 سنیماٹوگرافی: سایک بھٹاچاریہ
 ایڈیٹنگ: منیش جیٹلی، آنند سوراپور
 پروڈکشن منیجر :الیکس انتھونی فرنانڈس
پروڈکشن ڈیزائن:حارث عمر خان
کاسٹیوم ڈیزائنر: روشنی بوس
 ریٹنگ: ***

 قتل پر مبنی پراسرار فلمیں ہمیشہ ہی ناظرین کوپسند آتی ہیں۔ خاص طور پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر فلمیں یا ویب سیریز دیکھنے والوں میں سے اکثر کی دلچسپی ایسی ہی کہانیوں میں ہوتی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پربڑی تعداد میں ایسی ہی فلمیں اور ویب سیریز دیکھنے کو ملتی ہیں۔ لیکن عام طور پر اس نوعیت کی فلموں میں واقعات بہت تیزی سےبدلتےہیں، لیکن نوازالدین صدیقی کی فلم ’راؤتو کا راز‘جو اس ہفتے براہ راست او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہوئی ہے، ایک سنسنی خیز فلم ہے جس میں قتل کا معمہ آہستہ آہستہ حل ہوتا ہے اس کے باوجود، آپ کومضحکہ خیز کہانی کی وجہ سے یہ پسند آئے گی۔ 
فلم کی کہانی
 یہ فلم اتراکھنڈ کے مشہور پہاڑی مقام مسوری کے ایک گاؤں راؤتوکی بیلی کی کہانی ہے۔ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کی زندگیوں میں کوئی بھاگ دوڑنہیں ہے۔ یہاں کے لوگوں کا جرائم سےتعلق کم ہونے کی وجہ سے پولیس والوں کے پاس کام بھی کم ہے۔ خوبصورت وادیوں میں واقع اس گاؤں میں معذور بچوں کے لیے سیوادھام کے نام سے ایک اسکول جاری ہے۔ لیکن ایک دن اچانک اس علاقے کے انسپکٹر دیپک سنگھ نیگی (نواز الدین صدیقی)کو خبر ملتی ہے کہ سیوادھام اسکول کی وارڈن سنگیتا (نارائنی شاستری)کاقتل کر دیا گیا ہے۔ وہ اپنے ساتھی سب انسپکٹر نریش پربھاکر ڈمری (راجیش کمار) کے ساتھ کیس کی تفتیش شروع کرتا ہے۔ قتل کے معاملات کی تفتیش کاتجربہ نہ ہونے کی وجہ سے انسپکٹر دیپک اور ان کے ساتھیوں کوکئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی دوران شک کی سوئی اسکول کےمنیجر منوج کیسری (اتل تیواری) کی طرف گھومتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسکول کے پرنسپل سے لے کر کچھ اور لوگ بھی شک کے دائرے میں آتے ہیں۔ اس کےعلاوہ ایک نئی بات سامنے آتی ہے کہ کچھ مافیا اسکول کی قیمتی زمین پرنظررکھے ہوئے ہے۔ کیا راؤتومیں انسپکٹر دیپک نیگی اس قتل کا معمہ حل کر پاتےہیں ؟ یہ جاننے کے لیے آپ کو فلم دیکھنی پڑے گی۔ 
ہدایت کاری
 فلم کے ہدایت کار آنند سوراپور نے ایک دلچسپ کہانی کو پردےپر مزاحیہ انداز میں پیش کیاہے۔ ۲؍ گھنٹے سے بھی کم وقت میں، فلم براہ راست اپنے موضوع پرپہنچ جاتی ہے۔ اس کے بعد قتل کےمعمہ کی تفتیش آہستہ آہستہ آگے بڑھتی ہے۔ گاؤں کے دلکش ماحول میں سادہ لوگوں کے درمیان مزاحیہ مناظر جہاں آپ کو مسحور کرتے ہیں، وہیں سلو موشن میں آگے بڑھنے والےسنسنی خیز اسرار بھی آپ کوباندھے رکھتی ہے۔ انٹرول سےپہلے فلم دھیمے لیکن پر لطف انداز میں آگے بڑھتی ہے اور آپ کو محظوظ کرتی ہے، پھر دوسرے ہاف میں کہانی اور بھی دلچسپ ہوجاتی ہے۔ فلم کا کلائمکس آپ کو حیران کر دیتا ہے۔ 
اداکاری
 اداکاری کے تعلق سے بات کریں توہم پائیں گے کہ نوازالدین نےاکیلےہی اس فلم کو آگےبڑھایاہے۔ تاہم دیگر اداکاروں نے بھی اچھا کام کیاہے۔ اداکار نوازالدین صدیقی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنی کہانیوں کے انتخاب کے لیے آزاد ہیں۔ کمزور کہانی میں بھی اسکرین پر ان کی موجودگی تمام خامیاں مٹا دیتی ہے۔ راجیش کمار نے ثابت کیا کہ وہ کامیڈی سے ہٹ کر ہر طرح کا کردار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اتل تیواری نے ٹرسٹی کے کردار میں اچھا کام کیا ہے۔ پرتھم راٹھور اور دشتی گابا بالترتیب نابینا اسکول کے بچوں رجت اور دیا کے کردار میں بہت معصوم نظر آتے ہیں۔ جب بھی دیپک کا کردار کہتا ہے کہ مشتبہ شخص کی کال لسٹ نکالوتو ایسا لگتا ہے کہ ہم کرائم پیٹرول شو دیکھ رہے ہیں، جس میں آدھے کیس اس طرح حل کئے جاتے ہیں۔ سینماٹوگرافر سیاک بھٹاچاریہ نے پہاڑوں کی خوبصورتی کو کیمرے میں قید کرنے کا کوئی بھی موقع ضائع نہیں کیا۔ اس کی سنیماٹوگرافی آپ کو مسحور کرتی ہے۔ 
نتیجہ
اگر آپ نوازالدین صدیقی کے مداح ہیں اور قتل پر مبنی فلمیں آپ کو پسندہیں تو آپ اس ہفتہ گھر بیٹھے یہ فلم دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK