اس کا ڈسپلے بڑا اور بہتر بنایا گیا ہے، اچھا اے آئی کیمرہ اور فلیش کے سسٹم کو کافی بہتر بنایا گیا ہے، بیٹری بھی بڑی اور فاسٹ چار بھی ہے۔
EPAPER
Updated: March 31, 2025, 2:07 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس کا ڈسپلے بڑا اور بہتر بنایا گیا ہے، اچھا اے آئی کیمرہ اور فلیش کے سسٹم کو کافی بہتر بنایا گیا ہے، بیٹری بھی بڑی اور فاسٹ چار بھی ہے۔
ریئل می نےاپنی تازہ ترین ۱۴؍سیریزکو جنوری میں ہندوستان میں پیش کیا تھا، جس میں ریئل میں ۱۴؍پرو اور ۱۴؍ پرو پلس شامل ہیں۔ یہ نئے فون ریئل میں ۱۳؍ پرسیریزکے مقابلے میں بہترخصوصیات کے ساتھ آتےہیں، لیکن حیرت انگیز طور پر قیمت میں تھوڑی سی کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ ریئل میں ۱۴؍پرو پلس اس سیریزکا سب سے اعلیٰ ماڈل ہے، جو نئے چپ سیٹ، بہتر ڈیزائن اورپائیداری، بڑی بیٹری، اور جدید کیمرہ سسٹم کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جس میں ایک منفرد’ایلین لُک‘ فلیش سیٹ اپ بھی شامل ہے۔
قیمت
ریئل می ۱۴؍پرو پلس ۵؍ جی کی قیمت کا آغاز۲۹؍ہزار ۹۹۹؍روپے سے ہوتا ہے جس میں آپ کو ۸؍ جی بی ریم اور ۱۲۸؍ جی بی اسٹوریج کا متبادل ملتا ہے۔ اس کے علاوہ ۸؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج اور۱۲؍ جی بی ریم اور ۲۵۶؍جی بی اسٹوریج کا متبادل بھی موجود ہے جن کی قیمتیں بالترتیب ۳۱؍ہزار ۹۹۹؍ روپے اور ۳۴؍ہزار ۹۹۹؍ روپے رکھی گئی ہیں۔ یہ فون بیکانیر پرپل، پرل وھائٹ اور سیوڈے گرےرنگوں میں دستیاب ہے۔
ڈیزائن
ریئل می ۱۴؍پرو پلس کے ڈیزائن میں پچھلے ماڈل کے مقابلےکئی چھوٹی مگر اہم بہتریاں کی گئی ہیں۔ فون کے سرکیولر کیمرہ ماڈیول کو برقرار رکھاگیاہے، لیکن اب واچ جیسا بیرونی رنگ ختم کرکے دھاتی بیزل شامل کیا گیا ہے۔
نیا’میجک گلو‘فلیش سسٹم ۳؍ ایل ای ڈی فلیش یونٹس پر مشتمل ہے، جو تصویر کو زیادہ قدرتی روشنی دینے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
فون کے کواڈ کروڈبیک ڈیزائن کی وجہ سے اسےہاتھ میں پکڑنا آرام دہ ہو گیا ہے۔ حالانکہ فریم پلاسٹک کا بنا ہوا ہے، لیکن اس پر ایک چمکدار فنش دیا گیا ہے جو اسے زیادہ پریمیم بناتا ہے۔ دائیں طرف پاور اور والیوم بٹنز موجود ہیں۔ نیچے کی طرف سم ٹرے، مائیکروفون، اسپیکر، اور یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ ہے۔ اوپر کی طرف ایک اور مائیکروفون، اسپیکر، اور انفرا ریڈ(آئی آر)بلاسٹر موجود ہے۔
ڈسپلے
ریئل می ۱۴؍پرو پلس میں پچھلی جنریشن کے مقابلے ذرا بڑا ڈسپلےدیا گیا ہے۔ کواڈ کروڈاسکرین کی وجہ سے بیزلز اور بھی پتلے محسوس ہوتےہیں، جو کہ ایک زیادہ جدید اور ایمیسرسیو ویژول کا تجربہ فراہم کرتا ہے۔ اس میں ۶ء۸۳؍انچ کا او ایل ای ڈی پینل دیا گیا ہے۔ ۱۵۰۰؍نٹس کی زیادہ سے زیادہ برائٹنس کی وجہ سے اس میں براہ راست سورج کی روشنی میں پڑھنا آسان ہوجاتا ہے۔ اس میں ۱۰؍بٹ کلر پینل دیا گیا ہے لیکن ایچ ڈی آر اور ڈولبی ویژن کا سرٹیفیکیشن نہیں ہے۔ اس کے علاوہ انڈر ڈسپلے فنگر پرنٹ اسکینر، سیلفی کیمرہ کے لیے ہول پنچ کٹ آؤٹ دیا گیا ہے۔
اس کے منفی پہلو کی بات کی جائے تو ایچ ڈی آر اورڈولبی ویژن کی کمی ایک بڑا مائنس پوائنٹ ہے۔ اس کے علاوہ بہت زیادہ کرو ہونے کی وجہ سے غلط ٹچز کا امکان رہتا ہے۔
سافٹ ویئر
فون میں اینڈرائڈ ۱۵؍ پر مبنی ریئل می یو آئی ۶؍دیا گیا ہے، جو زیادہ تراوپو کےکےکلر اوایس اور ون پلس کے آکسیجن او ایس جیسا محسوس ہوتا ہے۔ سافٹ ویئر میں کافی زیادہ بلوٹ ویئر(اضافی غیر ضروری ایپس) شامل ہیں، جن میں سے کچھ کو ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے اور کچھ کو نہیں۔
کیمرے
ریئل می نےپرائمری، الٹرا وائیڈ، اور سیلفی کیمروں میں بہتری کی ہے، جبکہ ٹیلی فوٹو کیمرا پچھلے ماڈل جیسا ہی ہے۔ اس کا پرائمری کیمرہ ۵۰؍میگا پکسل، ۳؍ایکس زوم کے ساتھ ٹیلی فوٹو کیمرہ ۵۰؍ میگاپکسل، ۸؍میگا پکسل الٹرا وائڈ کیمرہ اور سیلفی کیلئے ۳۲؍میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے۔
بیٹری
بیٹری توبڑی دی گئی، لیکن بیٹری لائف میں بہتری نہیں آئی۔ ۶؍ہزار ایم اے ایچ بیٹری میں ۸۰؍واٹ فاسٹ چارجنگ ہے۔