• Mon, 24 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریڈمی۱۴؍سی فائیوجی: سستے دام میں مہنگے فیچرز کا حامل فون

Updated: February 24, 2025, 1:11 PM IST | Azhar Mirza | Mumbai

اس نئے فون میں ۱۲۰؍ گیگاہرٹز کے ریفریش ریٹ والا ڈسپلے،۵۱۶۰؍ایم اے ایچ کی بیٹری اور ۵۰؍ میگا پکسل کا مین کیمرا دیا گیا ہے۔

This phone is available in three colors. Photo: INN
یہ فون تین رنگوں میں دستیاب ہے۔ تصویر: آئی این این

 ریڈ می نے پچھلے ماہ ہندوستانی بازار میں اوسط قیمت کا نیا فائیو جی اسمارٹ فون’ریڈمی ۱۴؍سی فائیوجی‘ لانچ کیا ہے۔ ۱۰؍ہزار روپے سے کم قیمت والے اس فون میں  ۱۲۰؍ گیگاہرٹز کے ریفریش ریٹ والا ڈسپلے، طاقتور پروسیر، پریمیم ڈیزائن اور دَم دار بیٹری اور ۵۰؍ میگا پکسل کے مین کیمرا کے ساتھ کئی زبردست فیچر دئیے گئے ہیں۔ 
 قیمت
 ریڈمی ۱۴؍سی فائیوجی کی ہندوستان میں ابتدائی قیمت ۹؍ہزار ۹۹۹؍ روپے(۴؍جی بی ریم+۶۴؍جی بی اسٹوریج) ہے۔ جبکہ دیگر ۲؍ ویریئنٹ میں  ۴؍جی بی ریم+۱۲۸؍جی اسٹوریج ماڈل کی قیمت ۱۰؍ہزار ۹۹۹؍روپے اور ۶؍جی بی ریم+۱۲۸؍جی بی اسٹوریج ماڈل کی قیمت ۱۱؍ہزار ۹۹۹؍روپے ہے۔ 
ڈیزائن
 ریڈمی ۱۳؍ سی سے اس کا ڈیزائن بالکل جداگانہ ہے۔ فون کے پچھلی جانب کا حصہ دیدہ زیب لگتاہے۔ بیک پینل، چمک دارہے۔ اس کا راؤنڈ کیمرا ماڈیول بھی کافی پرکشش لگتا ہے۔ اس میں  دو کیمروں  کے ساتھ ایل ای ڈی فلیش دیاگیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ دور سے دیکھنے پر یہ ایل ای ڈی فلیش کے ساتھ ٹرپل کیمرا سیٹ اَپ جیسا لگتا ہے۔ بیک پینل پر دیا گیا کیمرے کا اُبھار بھی مہین ہے جو بہت سے صارفین کو پسند آئےگا۔ 
ڈسپلے
 اس فون میں ۶ء۸۸؍ انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے۔ جس میں آپ کو بیزل دیکھنے کو ملیں  گے۔ فون کا باٹم بیزل کے مقابلے زیادہ موٹا ہے۔ فون کے ڈسپلے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ ۱۲۰؍ گیگاہرٹز کے ریفریش ریٹ کو سپورٹ کرتا ہے۔ یہ فیچر اس طرح کے کچھ منتخبہ فونز میں ہی ہوتا ہے۔ فون پر نیٹ فلکس کے ساتھ دیگر او ٹی ٹی ایپ اور یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے میں  لطف آئے گا۔ اس ڈسپلے میں برائٹنیس اور وِوِڈ کلر بھی ملتاہے۔ 
ہارڈ ویئر
 کارکردگی کے معاملے میں  یہ فون، سیگمنٹ کے دیگر فون کوسخت ٹکر دیتا ہے۔ اس کے ۶؍ جی بی ریم اور ۱۲۸؍ جی بی اسٹوریج والے ماڈل میں اسنیپ ڈریگون۴؍ جنریشن ۲؍ چپ سیٹ دیا گیا ہے۔ فون کا یہ پروسیسر تھوڑا پرانا ضروری ہے لیکن کارکردگی اس کی زبردست ہے۔ اس میں گیم کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ ’گِیک بینچ‘ کے سنگل کور ٹیسٹ میں اسے ۸۹۷؍ پوائنٹس اور ملٹی کور ٹیسٹ میں ۲۱۶۹؍ پوائنٹس ملے تھے۔ یہ فون اینڈرائیڈ۱۴؍ پر مبنی ہائپر او ایس ۱۴؍ پر کام کرتا ہے، جو کافی سلیس معلوم ہوتا ہے۔ 
کیمرے
 ریڈمی ۱۴؍ سی فائیو جی کے بیک پینل پر ایل ای ڈی فلیش لائٹ کے ساتھ ۲؍ کیمرے دستیاب ہیں۔ فون کا مین کیمرا ۵۰؍  میگاپکسل کا ہے، اس کے علاوہ فون میں آپ کو ایک ۲؍ میگاپکسل کا سیکنڈری سینسر بھی ملے گا۔ فون کا مین کیمرا عمدہ کوالیٹی کی تصویریں کھینچنے کی صلاحیت رکھتاہے لیکن ہمیں  لگتا ہےکہ اسے مزید نکھارا جاسکتا تھا۔ کچھ فوٹوز میں آپ کو ’فوٹوڈِیٹیل‘ کی کمی کھٹک سکتی ہے۔ سیگمنٹ کے لحاظ سے اس کا کیمرا برا نہیں  ہے۔ فوٹوگرافی کیلئے اس میں  آپ کو نائٹ موڈ، پورٹریٹ موڈ اور سنیمیٹک کیمرا کے ساتھ کچھ اوربھی متبادل ملیں  گے۔ مجموعی طور پر کہا جائے تو فون کا کیمرا ۱۰؍ ہزار روپے کی رینج میں شاندار نتیجہ دیتا ہے۔ کیمرے کی ’لو لائٹ فوٹوکوالیٹی‘ ٹھیک ٹھاک ہے۔ اس فون میں آپ کو ۸؍ میگاپکسل کا سیلفی کیمرا ملے گا۔ اس میں  ’بائے ڈیفالٹ‘ بیوٹی موڈ آن رہتا ہے، جسے آپ چاہیں تو بند کرسکتے ہیں۔ فرنٹ کیمرے کی فوٹو کوالیٹی بھی بہتر ہے۔ 
بیٹری
 ریڈمی کا یہ فون ۵۱۶۰؍ ایم اے ایچ کی بیٹری کے ساتھ آتا ہے، اس لحاظ سے اسے طاقتور بیٹری والا فون کہا جاسکتا ہے۔ یہ بیٹری ۱۸؍ واٹ کی فاسٹ چارجنگ کو سپورٹ کرتی ہے۔ فون کے ریٹیل باکس میں ۳۳؍واٹ کا چارجر دیا جاتا ہے۔ یہ فون صفر سے ۱۰۰؍ فیصد چارج ہونے میں تقریباً ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کا وقت لیتا ہے۔ عمومی استعمال میں فون کی بیٹری دن بھر چل سکتی ہے۔ 
ڈسپلے              ۶ء۸۸؍انچ 
پروسیسر          اسنیپ ڈریگون۴؍جنریشن ۲؍
ریم                 ۴؍جی بی ریم
اسٹوریج           ۶۴؍جی بی 
آپریٹنگ سسٹم    اینڈرائیڈ۱۴؍ہائپر او ایس
کیمرے          ۵۰؍میگاپکسل، ۸؍میگاپکسل سیلفی
بیٹری           ۵۱۶۰؍ ایم اے ایچ، ۳۳؍واٹ چارجنگ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK