• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سیمسنگ گلیکسی اے۱۶؍۵؍جی: کم قیمت میں عمدہ فون

Updated: December 09, 2024, 12:00 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

میڈیا ٹیک ڈائمسٹی ۶۳۰۰؍پلس پروسیسر کے حامل اس فون میں۶؍سال سیکوریٹی اور سافٹ ویئراپ ڈیٹ کا وعدہ کیا گیا ہے،ڈسپلے بھی اچھا ہے۔

Samsung Galaxy A 16.5G. Photo: INN
سیمسنگ گلیکسی اے ۱۶؍۵؍جی۔ تصویر: آئی این این

کوریا کی کمپنی سیمسنگ کے گلیکسی اے سیریز میں نیا اسمارٹ فون گلیکسی اے ۱۶؍ ہندوستان میں بھی لانچ کردیا گیاہے۔ یہ سیمسنگ کا مڈ بجٹ سیگمنٹ کا اسمارٹ فون ہے جس میں ۶؍سال تک سیکوریٹی اورسافٹ ویئر اپ ڈیٹس فراہم کیے جانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ یعنی ایک بار فون خرید کر آپ۶؍ سال تک ٹینشن فری رہ سکتے ہیں۔ 
قیمت
 سیمسنگ گلیکسی اے ۱۶؍۵؍ جی دواسپیسی فکیشن میں آتا ہے۔ اس کے۸؍جی بی ریم اور۱۲۸؍جی بی اسٹوریج ویرینٹ کی قیمت ۱۸؍ہزار ۹۹۹؍روپے ہے، جبکہ۸؍ جی بی ریم اور ۲۵۶؍جی بی اسٹوریج ویرینٹ کی قیمت ۲۱؍ہزار ۹۹۹؍روپےہے۔ یہ فون گولڈ، لائٹ گرین اور بلیو بلیک کلر آپشنز میں آتا ہے۔ فون کو سیمسنگ اسٹورز اورفلپ کارٹ سے خریدا جاسکتا ہے۔ 
ڈیزائن
 کمپنی کا جدید ترین فون گلیکسی اے ۱۶؍ دیکھنے میں گلیکسی ایس ۲۴؍ کی طرح نظر آتا ہے، حالانکہ اس میں کچھ واضح فرق بھی موجود ہےوہ یہ کہ اس میں پیچھے کی جانب پولی کاربونیٹ کا پینل دیا گیا ہے جس کے کنارے پلاسٹک سے بنائے گئے ہیں۔ اس کے دائیں جانب والیوم کیلئے بٹن اور پاور بٹن ہے۔ بائیں جانب سم ٹرے اور میموری کارڈ ٹرے دی گئی ہے۔ نیچے کی جانب یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ اور اسپیکر گرل ہے۔ اس کے ساتھ فو ن کا کور نہیں دیا جاتا۔ اس کے کنارے پلاسٹک کے ہونے کی وجہ سے اس پر خراشیں پڑنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ اس کے ساتھ صرف ٹائپ سی کیبل اور سم نکالنے کیلئے آلہ دیا جاتا ہے، چارجر بھی آپ کو خریدنا ہوگا۔ 
سافٹ ویئر
 سیمسنگ گلیکسی اے ۱۶؍ ۵؍جی میں اینڈرائڈ ۱۴؍کی بنیاد پر بنایا گیا ’ون یو آئی ۶ء۱؍‘ استعمال کیا گیا ہے۔ یہی وہ سافٹ ویئر ہے جو اس سے مہنگے فون یعنی اے ۳۵؍ اور اے ۵۵؍ میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس قیمت میں دستیاب دیگر فون کی طرح اس فون میں ڈیفالٹ سیٹ اپ کا متبادل منتخب کرنے پرڈائون لوڈ کے بعد تھرڈ پارٹی اپلی کیشن ڈائون لوڈ ہوجاتے ہیں اس لئے اس وقت توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس میں جو ایپ خود ڈائون لوڈ ہوتے ہیں ان میں پے ٹی ایم، کال ایپ، واٹر سارٹ، اڈوب فوٹوشاپ ایکسپریس، اسنیپ چیٹ اور دیگر سافٹ ویئر شامل ہیں جنہیں نکالا جاسکتاہے۔ 
ہارڈ ویئر
 اس موبائل میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۶۳۰۰؍ ایس او سی پروسیسر استعمال کیا گیا ہے۔ اس میں ۶ء۵؍انچ کا فل ایچ ڈی پلس ڈسپلے ہے جس کا ریزولیوشن (۱۰۸۰ ۲۳۴۰X؍پکسل) ہے۔ اس میں امولیڈ ڈسپلے استعمال کیا گیا ہے جس باہر کی روشنی میں بھی آسانی سے دیکھا جاسکتاہے۔ 
کیمرہ
 اس میں پیچھے کی جانب ۳؍کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے جس میں سے مین کیمرہ ۵۰؍میگاپکسل کا ہے جبکہ الٹرا وائڈ کیمرہ ۵؍ میگاپکسل کا اورمیکرو کیمرہ ۲؍میگا پکسل کا ہے۔ اس کے علاوہ آگے کی جانب سیلفی کیلئے ۱۳؍میگا پکسل کا کیمرہ دیاگیا ہے۔ 
بیٹری
 اس میں ۵؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جسےاگر کفایت شعاری سے استعمال کیا جائے تو ۲؍دن بھی چل سکتی ہے۔ اگر اسے زیادہ استعمال کیا جائے یعنی ایک دن میں ۶؍گھنٹے کا اسکرین ٹائم استعمال کیا جائے تب بھی اس کی بیٹری ڈیڑھ دن تک چلتی ہے۔ اس میں وائر سے چارجنگ کیلئے ۲۵؍واٹ فاسٹ چارجنگ کی سہولت دستیاب ہے۔ لیکن چونکہ اس میں چارجر ساتھ میں نہیں دیا جاتا اس لئے تھرڈ پارٹی کے ۱۸؍واٹ فاسٹ چارجر سے اسے چارج کرنے پر تقریباً ۲؍گھنٹے میں پورا چارج ہوجاتا ہے۔ آدھےگھنٹے میں اس کی بیٹری ۳۵؍فیصد اور ایک گھنٹے میں ۶۶؍فیصد تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ 
 اگر اس میں لگاتار ایچ ڈی ویڈیو چلانے پر بھی اس کی بیٹری ۱۹؍ گھنٹے ۴۵؍منٹ تک چلتی ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو اس کم قیمت میں یہ ایک اچھا فون ثابت ہوتا ہے۔ 
ڈسپلے                ۶ء۵؍انچ 
پروسیسر            میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۶۳۰۰
ریم                    ۶؍ اور۸جی بی ریم
اسٹوریج            ۱۲۸؍ اور۲۵۶؍جی بی 
آپریٹنگ سسٹم      اینڈرائڈ ۱۴؍پر مبنی ون یو آئی۶ء۱
کیمرے            ۵۰؍، ۵؍ اور۲؍میگاپکسل، ۱۳؍ سیلفی
بیٹری                ۵؍ہزار ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK