Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

سیمسنگ گلیکسی اے۵۶:زبردست اے آئی سے لیس فون

Updated: March 17, 2025, 11:44 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہ فون پائیدار،عمدہ ڈسپلے،بہتر کیمرے اور۶؍سال تک سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کی سپورٹ کے ساتھ ایک عمدہ امتزاج کا حامل ہے۔

Samsung Galaxy A56 in different colors and front and back. Photo: INN
سیمسنگ گلیکسی اے ۵۶؍ کے مختلف رنگ اور آگے پیچھے۔ تصویر: آئی این این

سیمسنگ گلیکسی اے ۵۶؍کمپنی کی ’اے‘سیریز کا نیا اضافہ ہے، جو فلیگ شپ ماڈلز کے مقابلے میں کم قیمت پراے آئی(جسے Awesome Intelligenceیعنی زبردست ذہانت کے طور پر مارکیٹ کیا گیا ہے)کےلیےڈیزائن کیا گیا ہے۔ اگرچہ یہ گلیکسی ’ایس‘ سیریز کی اعلیٰ خصوصیات کا حامل نہیں ہےلیکن اے ۵۶؍پائیداری، ڈسپلے کے معیار، کیمرہ کارکردگی اور سافٹ ویئر سپورٹ کا ایک مضبوط امتزاج پیش کرتاہے، جو اسے اپنے زمرے میں ایک مضبوط دعویداربناتا ہے۔ بہتر ڈیزائن، ۶؍سالہ اپ ڈیٹ کےوعدے اور کچھ فلیگ شپ خصوصیات کے ساتھ، کیا گلیکسی اے ۵۶؍اپنی قیمت کاجواز پیش کرتا ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔ 
ڈیزائن
 سیمسنگ گلیکسی اے ۵۶؍کاڈیزائن اپنے پیشرو گلیکسی اے ۵۵؍سےتقریباً ملتا جلتا ہے۔ فرق صرف رنگوں کے آپشنز اور نئے انداز میں پیش کئے گئے کیمروں کے اندازمیں ہے، جو۳؍سینسرز کو سموئےہوئے ایک چمکدار، سیاہ رنگ کے گولی کی شکل کے ماڈیول میں بدل دیتا ہے۔ یہ ماڈیول فریم سے چند ملی میٹر باہر نکلا ہوا ہے اور اس کےکنارے کروم سے ڈھکے ہوئے ہیں، جو شیشے کے بیک پینل سےجڑے ہوئے نہیں ہیں، جس سے اسے ایک منفرد ’فلوٹنگ‘یعنی ابھرا ہوا تاثرملتاہے۔ یہ کیمرہ ماڈیول فون کو ہموار سطح پر رکھتے وقت ڈگمگانے کاسبب بنتا ہے، اس لیے اسے متوازن رکھنے کے لیے آپ کو ایک کیس کی ضرورت ہوگی۔ سیمسنگ گلیکسی اے ۵۶؍تین رنگوں میں دستیاب ہے جن میں ’ آسم اولائیو‘، ’آسم گریفائٹ‘ اور آسم لائٹ گرے‘ شامل ہیں۔ 
ڈسپلے
 یہ فون ہلکا اورپتلاہے، لیکن اتنا کمپیکٹ نہیں ہے۔ گلیکسی اے ۵۶؍کی لمبائی۱۶۲ء۲؍ملی میٹراور چوڑائی۷۷ء۵؍ملی میٹرہے، جس سےیہ قدرے چوڑا محسوس ہوتا ہے۔ اس کے باوجود، اس کے فلیٹ کنارے اسے ہاتھ میں تھامنے میں آرام دہ بناتے ہیں۔ فون میں والیوم اور پاور بٹن کے لیے کی آئی لینڈ دیا گیا ہے، جس سے بٹنوں کو شناخت کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ 
 جہاں تک انپٹ اور آئوٹ پٹ کاتعلق ہے، گلیکسی اے ۵۶؍ کے نچلے کنارے پر چارجنگ اور ڈیٹاٹرانسفر کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ، اسپیکر گرِل اور ایک مائیکروفون موجودہے۔ سیمسنگ اسمارٹ فون اسٹیریو اسپیکر آؤٹ پٹ فراہم کرتا ہے، جو زیادہ والیوم پر بھی کم سے کم ڈسٹورشن کے ساتھ اچھی آواز دیتے ہیں۔ ڈسپلے کی بات کریں تو گلیکسی اے ۵۶؍میں ۶ء۷؍انچ کا سوپر امولیڈ پینل دیا گیا ہے، جوایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن، ۱۲۰؍ہرٹز ریفریش ریٹ اور سیلفی کیمرے کے لیے سینٹر پنچ ہول کے ساتھ آتا ہے۔ 
ہارڈ ویئر
 سیمسنگ گلیکسی اے ۵۶؍میں ایکسینوس ۱۵۸۰؍چپ سیٹ نصب ہے، جو۸/۱۲؍جی بی ریم اور ۱۲۸/۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج کےساتھ آتا ہے۔ 
سافٹ ویئر
 فون میں اینڈرائیڈ ۱۵؍ کی بنیاد پر بنائے گئےون یو آئی ۷؍ کا تجربہ فلیگ شپ ماڈلز جیساہے۔ سیمسنگ نے۶؍سال کی بڑی اپ ڈیٹس کا وعدہ کیا ہے، جو۲۰۳۱ءتک اسے اپ ڈیٹ رکھے گا۔ 
کیمرے
 فوٹو گرافی کے لحاظ سے، سیمسنگ گلیکسی اے ۵۶؍میں ٹرپل ریئر کیمرے ہیں، جس میں ۵۰؍میگا پکسل کاپرائمری سینسر۱۲؍ میگا پکسل کاالٹرا وائیڈ لینس اور ۵؍میگا پکسل کا میکرو یونٹ ہے جبکہ فرنٹ پر۱۲؍میگا پکسل کااپ گریڈڈ سیلفی کیمرہ دیا گیا ہے، جو ویڈیو کالنگ اور سیلفیز کے لیے بہترین ہے۔ 
بیٹری
 فون میں ۵؍ہزار ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے، جو پی سی مارک بیٹری ٹیسٹ میں ۱۰؍گھنٹے۴؍منٹ کی پرفارمنس دیتی ہے۔ ۳۰؍ منٹ یوٹیوب ویڈیو دیکھنے سے بیٹری۴؍کم ہوتی ہے۔ جبکہ ۹۰؍منٹ کی گیمنگ کے بعد بیٹری میں ۲۶؍فیصدکی کمی ہوتی ہے۔ 

ڈسپلے                 ۶ء۷؍انچ
پروسیسر            سیمسنگ ایکسی نوس ۱۵۸۰
ریم                    ۸؍ اور۱۲؍جی بی ریم
اسٹوریج             ۱۲۸؍،۲۵۶؍ جی بی 
آپریٹنگ سسٹم        فن ٹچ او ایس ۱۵
کیمرے            ۵۰؍، ۱۲؍،۵؍ اورسیلفی۱۲؍میگا پکسل
بیٹری               ۵؍ہزارایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK