اس میں ڈیزائن اور کیمرہ سیٹ اپ تھوڑی تبدیلیوں کے ساتھ تقریباً پرانے فون والا ہی استعمال کیا گیا ہے،اے آئی فیچر اس کی اہم خصوصیت۔
EPAPER
Updated: March 03, 2025, 1:08 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس میں ڈیزائن اور کیمرہ سیٹ اپ تھوڑی تبدیلیوں کے ساتھ تقریباً پرانے فون والا ہی استعمال کیا گیا ہے،اے آئی فیچر اس کی اہم خصوصیت۔
گزشتہ ماہ سیمسنگ نےاپنی جدید فلیگ شپ ایس ۲۵؍سیریز متعارف کرائی، جو کہ کمپنی کے جدید ترین اسمارٹ فونز میں سے ایک ہے۔ یہ ہندوستان میں ون پلس ۱۳؍کےبعد لانچ ہونے والے پہلےبڑے اسمارٹ فونز میں شامل ہے، اور سب کی نظریں اس پر مرکوز تھیں۔ تاہم، سیمسنگ نے’اگر کچھ خراب نہیں تو اسے ٹھیک کرنے کی ضرورت نہیں ‘ کے اصول پر عمل کیا اور اس فون میں کوئی بڑی تبدیلیاں متعارف نہیں کرائیں۔ معمولی ہارڈ ویئر اپڈیٹس کے علاوہ، واحدنمایاں تبدیلی گلیکسی ایس ۲۵؍الٹرا کا نیا ڈیزائن اور نئے گیلکسی اے آئی فیچرزکا ہی اس میں اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمت
فون کی قیمت ایک لاکھ ۲۹؍ہزار ۹۹۹؍(۲۵۶؍جی بی ورژن)سے شروع ہوتی ہے، جبکہ ۵۱۲؍جی بی اورایک ٹی بی ورژنز کی قیمتیں بالترتیب ایک لاکھ ۴۱؍ ہزار۹۹۹؍اور ایک لاکھ ۶۵؍ہزار ۹۹۹؍رکھی گئی ہیں۔ تمام ورژنز میں ۱۲؍جی بی ریم دیا گیا ہے اور مختلف رنگوں میں دستیاب ہیں۔
ڈیزائن
گلیکسی ایس ۲۵؍الٹرا کی سب سے پہلی نمایاں تبدیلی اس کا فلیٹ فریم اورگول کنارےہیں۔ اس کا ڈیزائن اس سیریز کے دیگر ماڈلزجیسا ہی ہے، اس کی گرفت زیادہ آرام دہ ہو گئی ہے۔ اگرچہ اس کا ڈیزائن منفرد نہیں رہا، لیکن اس کے کنارے ہاتھوں میں چبھتے بھی نہیں۔ سیمسنگ نےاس کے فریم میں گریڈ۵؍ٹائٹینیم کا استعمال کیا ہے، جبکہ پچھلی جانب گوریلا آرمر۲؍کی پروٹیکشن دی گئی ہے۔ یہ پچھلے ماڈل(ایس ۲۴؍الٹرا)سے ۱۴؍گرام ہلکا اور قدرے پتلا ہے۔ فون کے بیک سائیڈ پرکیمرا رِنگ کا نیا ڈیزائن دیا گیا ہے، جو قدرے نمایاں اور ابھرا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ فون کے بائیں طرف والیوم اورپاور بٹن، اوپر اسپیکر گرِل، نیچے یو ایس بی سی پورٹ، دوسرا اسپیکر، اور سم کارڈ ٹرےموجود ہیں۔ نیچے بائیں طرف ایس پین کا سلاٹ دیا گیاہے، مگر بدقسمتی سے اب اس میں بلوٹوتھ سپورٹ نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے آپ اسے ریموٹ کیمرہ شٹر یا ایئر گیشچر کے طور پر استعمال نہیں کر سکتے۔
ڈسپلے
گلیکسی ایس ۲۵؍الٹرا کاڈسپلے پچھلے ماڈل سے زیادہ مختلف نہیں، لیکن یہ اب بھی بہترین نظر آنے والےاسکرینز میں شمار ہوتا ہے۔ اس بار اس کا سائز۶ء۹؍انچ کر دیا گیا ہے۔
ہارڈ ویئر
یہ فون کئی سال تک بغیر کسی اسپیڈ ڈراپ کے کام کرے گا۔ اس میں موجوداسنیپ ڈریگون۸؍ ایلائٹ چپ سیٹ اینڈروئیڈ دنیا کے سب سےطاقتور چپس میں سے ایک ہے۔
سافٹ ویئر
ایس ۲۵؍سیریز کے لانچ ایونٹ میں زیادہ تر گلیکسی اے آئی فیچرزپر فوکس کیا گیا تھا۔ ہارڈ ویئر میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی، لیکن سافٹ ویئر میں کئی نئے اے آئی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
کیمرے
اس میں پیچھے کی جانب مین کیمرہ ۲۰۰؍ میگا پکسل کا ہے، الٹرا وائڈ کیمرہ ۵۰؍میگا پکسل کا ہے جس سے ۱۲۰؍ڈگری تک کی تصویر لی جاسکتی ہے۔ اس میں ٹیلی فوٹوکے دو لینس دیئے گئے ہیں جن میں سے ایک۳؍ گنا زوم کرسکتا ہے جس کیلئے ۱۰؍میگا پکسل کا کیمرہ ہے جبکہ دوسرے سے ۵؍گنا تک زوم کیا جاسکتاہے اور اس کیلئے ۵۰؍ میگا پکسل کا کیمرہ استعمال کیا گیا ہےجبکہ سیلفی کیلئے ۱۲؍میگا پکسل کا کیمرہ ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو اس کاکیمرا سیٹ اپ زیادہ تر ایس ۲۴؍الٹراجیسا ہی ہے، تاہم الٹرا وائیڈ لینس کو۵۰؍میگا پکسل کر دیاگیا ہے۔ سیلفی کیمرا وہی پرانا ۱۲؍ میگا پکسل والا ہے۔ اس کے آپریٹنگ سسٹم ون یو آئی ۷؍میں کیمرا ایپ کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے، اور اب مختلف کیمرا موڈز شٹر بٹن کے نیچے دکھائے جاتے ہیں۔
بیٹری
اس میں بیٹری ۵؍ہزار ایم اے ایچ کی دی گئی ہے جسے وائر سے ۴۵؍ اور بغیر تار کے ۲۵؍واٹ فاسٹ چارج کیا جاسکتاہے۔
ڈسپلے ۶ء۹؍انچ
پروسیسر اسنیپ ڈریگون ۸؍ایلائٹ
ریم ۱۲؍جی بی ریم
اسٹوریج ۲۵۶؍، ۵۱۲؍ اور ایک ٹی بی
آپریٹنگ سسٹم ون یو آئی ۷؍
کیمرے ۲۰۰؍، ۵۰؍۱۰؍۵۰؍ اور ۱۲؍میگا پکسل
بیٹری ۵؍ہزارایم اے ایچ،۴۵؍واٹ چارجنگ