• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سیمسنگ گلیکسی ٹیب ایس۱۰؍الٹرا ایک عمدہ ٹیبلٹ

Updated: January 06, 2025, 12:16 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۹۳۰۰؍پلس کا پروسیسر، ۱۲؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍جی بی تک اسٹوریج دیا گیا ہے، تخلیقی کام کیلئے بھی ایک عمدہ متبادل ہے۔

Samsung Galaxy S10 Ultra seen from the front. Photo: INN.
سیمسنگ گلیکسی ایس ۱۰؍الٹراکو آگے سے دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

سیمسنگ گلیکسی ٹیب ایس ۱۰؍الٹرابلاشبہ ایک عمدہ ٹیب ہے، جو اپنےبڑے۱۴ء۶؍انچ امولیڈڈسپلے، اعلی درجے کی کارکردگی، اور تخلیقی صلاحیت پرمرکوز خصوصیات کے ساتھ ایک پریمیم تجربہ پیش کرتا ہے۔ اس کاشانداراسکرین اور اے آئی سےچلنے والے فنکشن اسےتخلیق کاروں اور پیشہ ور افراد کے لیے بہترین انتخاب بناتے ہیں۔ عام پیداواری صلاحیت، میڈیا کا استعمال، اور تفریح ​​کے لیے یہ ٹیبلٹ ایک عمدہ متبادل ہے۔ 
رنگ اور قیمت
ایپل کےآئی پیڈ پروسےبراہ راست مقابلہ کرتے ہوئے، ٹیب ایس ۱۰؍الٹراکو تخلیقی کام کے علاوہ میڈیا استعمال کرنے والے آلے، اور گیمنگ پاور ہاؤس کے طور پرپیش کیا گیا ہے۔ لیکن صرف وائی فائی سے چلنے والاٹیب کی ابتدائی قیمت ایک لاکھ ۸؍ہزار ۹۹۹؍ روپے سےشروع ہوتی ہے جبکہ۵؍جی پر چلنے والاٹیب ایک لاکھ ۲۲؍ہزار ۹۹۹؍ روپے میں دستیاب ہے۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اس قیمت کو حق بجانب قرار دیا جاسکتاہے۔ 
ڈیزائن
اس ٹیبلٹ کوجوپہلی چیزدوسروں سے ممتاز بناتی ہے وہ اس کا پتلا اور عمدہ ڈیزائن ہے۔ صرف۵ء۴؍ ملی میٹر موٹائی کے ساتھ یہ ٹیبلٹ اپنےزمرے میں سب سے پتلے ڈیوائسز میں سے ایک ہے، جو اس کےطاقتور ہارڈ ویئر کو دیکھتے ہوئے اور بھی زیادہ متاثر کن ہے۔ اس کے رنگ کے متبادل صرف مون اسٹارم گرے اور پلاٹینم سلور تک محدودہیں، یہ دونوں ہی پریمیم نظر آتےہیں۔ ڈیزائن کی مناسبت سے اس کی سب سے اچھی چیز اس کاایس پین ہے، جو وائرلیس چارجنگ کے لیے ٹیبلٹ کے پچھلے حصے سے مقناطیسی طور پر چپکا رہتاہے۔ ٹیبلٹ کے ساتھ پین بھی دیناایپل کے مقابلے سیمسنگ کی ایک اور خصوصیت ہے کیوں کہ ایپل میں اسے خریدنےکیلئے آپ کو اضافی رقم خرچ کرنا پڑتی ہے۔ 
ہارڈ ویئر
اس ٹیبلٹ میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۹۳۰۰؍پلس کا پروسیسر استعمال کیا گیا ہےجو اس وقت کسی بھی موبائل کے لیے دستیاب سب سےطاقتورپروسیسروں میں سے ایک ہے۔ اسکے علاوہ اس میں ۱۲؍ جی بی ریم اور ۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج دیا گیا ہےجس کی وجہ سے یہ ٹیبلٹ بجلی کی سی تیزی کے ساتھ کام کرتا ہےپھر چاہے آپ گیم کھیل رہے ہوں یا ویڈیو ایڈیٹنگ کررہے ہوں۔ 
اے آئی فیچرز
اس ٹیبلٹ میں گلیکسی اے آئی کا عمدہ سیٹ اپ دیا گیا ہےتاکہ آپ کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید مدد مل سکے۔ اے آئی سے چلنے والا چیٹ اسسٹ ٹول، جو براہ راست سیمسنگ کی بورڈ میں ضم ہوتا ہے، مختلف ایپس میں چیٹ کا ترجمہ، گرامر کی اصلاح اور کمپوزنگ کی تجاویز پیش کرتا ہے۔ یہ سیاق و سباق کی بنیاد پر کام کرتا ہے، چاہے آپ رسمی ای میل کا مسودہ تیار کر رہے ہوں یا براہ راست پیغام بھیج رہے ہوں، یہ پیشہ ور افراد اورنئےصارفین کیلئےیکساں طور پر ایک قیمتی ٹول ہے۔ اس کی ایک اوراہم خصوصیت انٹرپریٹر موڈ ہے، جو بات چیت کے دوران فوری طور پر(ریئل ٹائم)ترجمہ پیش کرتا ہے، جس سے یہ ڈیوائس مسافروں یا کثیرلسانی ماحول میں کام کرنے والے لوگوں کے لیے بہترین ساتھی بن جاتا ہے۔ یہ ہینڈز فری استعمال کے لیے گیلکسی بڈس کےساتھ بھی ضم ہوجاتا ہے، جس سے مختلف زبانوں میں ریئل ٹائم بات چیت کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ نوٹس اسسٹ بھی ایک ٹول ہے جوآپ کے نوٹس کا خودبخود خلاصہ پیش کردیتا ہے اور املا بھی درست کردیتا ہے۔ اس کے علاوہ ایک ٹول ہے جوخام سے اسکیچ کو عمدہ تصویر بنادیتا ہے۔ 
کیمرے
ٹیبلٹس کو عام طور پر ان کےکیمرہ کی صلاحیتوں کے لیے نہیں جانا جاتا ہے، لہٰذا یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ آپ کو یہاں ایک بنیادی سیٹ اپ ملتا ہے۔ عقب میں، ایک۱۳؍میگا پکسل کامین کیمرہ ہےجس کے ساتھ۸؍میگا پکسل کاالٹرا وائیڈسینسر بھی دیا گیا ہے جبکہ سامنے والے حصے میں ڈوئل۱۲؍میگا پکسل کا وائڈ اور الٹرا وائڈلینس دیئے گئے ہیں۔ 
ڈسپلے                          ۱۴ء۶؍انچ 
پروسیسر                      میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۹۳۰۰؍پلس
ریم                               ۱۲؍جی بی ریم
اسٹوریج                       ۲۵۶؍ اور۵۱۲؍جی بی 
آپریٹنگ سسٹم                ون یو آئی ۶
کیمرے                        ۱۳؍، ۸؍میگاپکسل، ۱۲؍ سیلفی
بیٹری                          ۱۱؍ہزار۲۰۰؍ ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK