• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سرپھرا: کم خرچ میں ہوائی سفر کی سہولت کیلئے کوشاں نوجوان کی کہانی

Updated: July 13, 2024, 12:04 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

تمل فلم پر مبنی اس فلم کے ذریعہ اکشے کمار کی ڈوبتی کشتی کو بچانے کی کوشش،بنیادی فلم کی ہدایتکار نے اسے وہی رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔

Akshay Kumar can be seen in a scene from the movie `Saraphra`. Photo: INN
فلم ’سرپھرا‘ کے ایک منظر میں اکشے کمار کو دیکھاجاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

سرپھرا(Sarfira)
اسٹار کاسٹ :اکشے کمار، رادھیکا مدان، پریش راول، آر سرت کمار، سیما بسواس، راہل ووہرا، انل چرنجیت، سوربھ گوئل
ڈائریکٹر :سدھا کونگرا 
رائٹرس:سدھا کونگرا، پوجا تولانی، شالینی اوشا دیوی
پروڈیوسر:سوریہ، وکرم ملہوترا، جیوتیکا، ارونا بھاٹیہ، نوید فاروقی، انترا بنرجی، کرونا وشوناتھ
 سنیماٹوگرافی:نکیت بومی 
 موسیقی:جی وی پرکاش کمار
 ایڈیٹنگ :ستیش سوریہ 
آرٹ ڈائریکٹر:رمیش یادو
کاسٹنگ:شروتی مہاجن، رنویر وادھوانی
کاسٹیوم ڈیزائنر: پھالگنی ٹھاکور
 ریٹنگ: ***
 اکشے کمار کی گزشتہ کئی فلمیں فلاپ ہوچکی ہیں، یہاں تک کہ پچھلی فلم’بڑے میاں چھوٹے میاں‘ جس کے تعلق سے بلند بانگ دعوے کئے گئے تھے اوراسے کافی زیادہ بجٹ سے بنایا گیا تھا اور اسے عید کے موقع پر ریلیز کیا گیالیکن وہ فلم بھی فلاپ ثابت ہوئی۔ اس لئے اب جنوبی ہند کی فلم کےریمیک کا فارمولا اپنایا گیا ہے۔ اس کے تحت اب ان کی نئی فلم’سرپھرا‘ ریلیز ہوئی ہے۔ کیا یہ کوئی جادو جگاسکے گی یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔ 
فلم کی کہانی
 تمل فلم سوررئےپوترو جس پر یہ فلم مبنی ہےکی کہانی کا پس منظر جنوبی ہندوستان کاتھا لیکن سرپھرامیں مہاراشٹر کا پس منظر دکھایا گیا ہے۔ مہاراشٹرکے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہونے والے ویر مہاترے (اکشے کمار) بچپن سے ہی انقلابی سوچ رکھتاہے۔ وہ معاشرےکے پسماندہ طبقےکےلیےکچھ کرنا چاہتا ہے۔ اسی سوچ کو ذہن میں رکھتے ہوئے وہ ہندوستانی فضائیہ میں شامل ہوتا ہے، تاہم اس دوران ایک واقعہ رونما ہو جاتا ہے۔ ویر کے والد کی طبیعت بہت خراب ہو جاتی ہے، وہ آخری لمحات میں اپنےبیٹے کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ ویر کسی طرح اپنے دوستوں سے کچھ رقم ادھار لینے کا انتظام کرتا ہے اور فوجی کیمپ سے نکل جاتا ہے۔ جلدی گھر پہنچنے کے لیے وہ ائیرپورٹ جاتاہے۔ تاہم وہاں پہنچ کر اسے پتہ چلا کہ ایئر لائن کا ٹکٹ بہت مہنگاہےاور اس کےپاس ٹکٹ کے صرف آدھے پیسے ہیں۔ وہ ایئر لائن سے التجا کرنے لگتا ہے کہ اسے کسی بھی طرح سے جانےدیا جائے۔ وہ وہاں موجود لوگوں سے مدد بھی مانگتا ہے، لیکن کوئی دلچسپی نہیں لیتا۔ بالآخر ویر وقت پرگھر نہیں پہنچ پاتا اور اس کے والد کا انتقال ہو جاتا ہے۔ اس واقعے کے بعد ویر نے عہد کیا کہ وہ ایسی ایئر لائن شروع کرےگاجس میں لوگ کم قیمت پر ہوائی سفر کر سکیں گے۔ اس کے کام میں بہت سی رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔ 
 بزنس مین پریش گوسوامی (پریش راول) جو ایک اعلیٰ ایئرلائن کمپنی چلاتےہیں، ویر کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ پریش کی سوچ یہ ہے کہ نچلے طبقے یا متوسط طبقے کے لوگ ہوائی جہاز میں سفر نہیں کر سکتے، صرف پیسے والوں کو اس میں سفر کرنے کا حق ہے۔ پریش ویر کونیچا دکھانےکیلئےتمام حربے استعمال کرتا ہے۔ ویر اپنے خاندان اور دوستوں کے تعاون سے اس سمت میں مسلسل کام کر رہا ہے۔ یہ جاننے کیلئےکہ ویر ان مشکلات پر کیسے قابوپاتاہے اور اپنا خواب کیسے پورا کرتا ہے آپ کو فلم دیکھنا پڑے گی۔ 
ہدایت کاری
 اصل فلم (سوررئےپوترو) بنانےوالی سدھا کونگرا پرساد ہی فلم ’سرپھرا کی ہدایت کار ہیں۔ حالانکہ ریمیک فلموں کا رجحان کافی عرصے سے چل رہا ہے لیکن بہت کم فلمیں ایسی ہیں جو اپنی اصل فلم سےبہتر یاقریب تر بن سکیں۔ سرپھرا ان میں سے ایک ہے اور ہدایت کار سدھا کونگراکو اس کے لیے پورے نمبر ملنا چاہیے۔ اپنی تمل فلم کی کہانی کوانہوں نےنئےرکھ رکھائو اور نئے کرداروں کےساتھ نئے انداز میں پیش کیاہے۔ انہوں نے فلم میں سنسنی، جوش اور جذبات کومزید بڑھانےکی کوشش کی ہے اور اس میں کامیاب بھی رہی ہیں۔ 
اداکاری
اس فلم میں توجہ کا مرکزاکشے کمار کی اداکاری ہے۔ اکشے کمار طویل عرصےکےبعد اپنی اداکاری سے لوگوں کو رلاتے نظر آئے ہیں۔ انہوں نےجذباتی مناظر کواچھی طرح سے اسکرین پر پیش کیا ہے کہ آپ کی آنکھیں نم ہو سکتی ہیں۔ پریش راول نے بھی ایک مغرور تاجر کےکردار میں کافی فطری اداکاری کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ رادھیکا مدان نےویر مہاترے کی بیوی رانی کے کردار میں اچھا کام کیا ہے۔ باقی اداکاروں نے بھی اچھا کام کیا ہے۔ 
نتیجہ
 اگر آپ نے اس کابنیادی ورژن نہیں دیکھا ہے تو آپ کو یہ فلم ہر طرح سے پسند آئے گی۔ اگر آپ نے اسے دیکھا بھی ہے تب بھی یہ فلم آپ کو بور نہیں کرےگی۔ چونکہ کہانی میں اتنی طاقت ہے کہ اسے چاہے کسی بھی زبان میں بنایا جائے، ضرور پسند کیا جائے گا۔ اگر آپ عمدہ کہانی کے متمنی ہیں تویہ فلم دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK