کامشیت میں واقع اس پہاڑی سے آپ پرندوں کی طرح ہوا میں اڑنے کا لطف لےسکتےہیں، یہاں کے قدرتی نظارے لاجواب ہیں۔
EPAPER
Updated: April 24, 2025, 12:01 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
کامشیت میں واقع اس پہاڑی سے آپ پرندوں کی طرح ہوا میں اڑنے کا لطف لےسکتےہیں، یہاں کے قدرتی نظارے لاجواب ہیں۔
شندے واڈی، مہاراشٹر کے ضلع پونے میں واقع ایک خوبصورت اورپُرسکون سیاحتی مقام ہے، جو قدرتی مناظر، ایڈونچر سرگرمیوں اور تاریخی اہمیت کیلئے مشہور ہے۔ یہ علاقہ خاص طور پر کامشیت کےقریب واقع ’شندے واڈی ہلز‘ کے لیے جانا جاتا ہے، جو پیراگلائیڈنگ کے شوقین افراد کے لیے ایک مقبول مقام ہے۔
خوبصورتی اور قدرتی مناظر
شندے واڈی ہلز سہیا دری پہاڑی سلسلے کے درمیان واقع ہیں، جہاں سے وادیوں، جھرنوں اور سرسبز پہاڑیوں کے دلکش مناظر دیکھنےکوملتے ہیں۔ یہاں کا طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کا منظر خاص طور پرقابل دید ہوتا ہے، جو فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
ایڈونچر سرگرمیاں
یہ علاقہ پیراگلائیڈنگ کے لیے مشہور ہے، جہاں ۱۰۰؍سے ۲۰۰؍فٹ کی بلندی سےپرواز کا لطف اٹھایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہاں ٹریکنگ، راک کلائمبنگ اور کیمپنگ جیسی سرگرمیاں بھی دستیاب ہیں، جو ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے مثالی ہیں۔ یہاں پر نوآموز سےلےکر پروفیشنلز تک سب کیلئے پیراگلائڈنگ دستیاب۔ آپ انسٹرکٹر کے ساتھ’ٹنڈیم پیراگلائڈنگ‘کر سکتے ہیں، جس میں آپ کو اڑانے کی مکمل رہنمائی دی جاتی ہے۔ ۱۲۰۰؍ تا ۲؍ہزارفٹ کی اونچائی سے ہوا میں پرندے کی مانند اُڑنے کا مزہ کچھ اور ہی ہے۔ پیراگلائڈنگ کیلئےاکتوبر سے مئی تک بہترین موسم ہوتا ہے، سردیوں کی صبح کی اڑان خاص طور پر مشہور ہے، جب نیچے دھند اور اوپر سورج کا سنہرا ہالہ ہوتا ہے۔ پیراگلائڈنگ کے علاوہ یہاں ہائکنگ اور نیچر واک سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ شندے واڈی میں کئی ایسے راستے ہیں جو گھنے درختوں، کھیتوں، پہاڑیوں اور جھیلوں کے درمیان سے گزرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں کیمپنگ بھی کی جاتی ہے۔ دراصل شندے واڈی کی راتیں خاموش، ٹھنڈی، اور ستاروں بھری ہوتی ہیں۔ یہاں کیمپنگ ایک روحانی تجربہ ہے۔ اگر آپ یہاں کیمپنگ کرتے ہیں تو آپ بون فائر(الائو)، مقامی کھانے، گھاس پر سونے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
کیسے جائیں ؟
بذریعہ ٹرین :شندے واڑی دراصل کامشیت سے انتہائی قریب ہے اس لئے آپ کو یہاں جانے کیلئے آپ کوریل گاڑی کے ذریعے ’کامشیت ریلوے اسٹیشن‘ تک جانا ہوگا۔ اگر آپ ممبئی سے جارہے ہیں تو آپ کو لوکل ٹرین یا انٹرسٹی ٹرین سے لوناوالہ تک جانا ہوگا۔ وہاں سے پونے کی طرف جانےوالی لوکل ٹرین پکڑیں اوراس میں آپ کو اگلا اسٹیشن کامشیت کا ہی ملے گا۔ اگر آپ پونے سےجارہے ہیں توپونےاسٹیشن سے لوکل ٹرین یا پیسنجر ٹرین کے ذریعے کامشیت تقریباً ایک گھنٹے کا سفر ہے۔ ’کامشیت اسٹیشن سے شندے واڈی کا فاصلہ تقریباً۲؍تا۳؍کلومیٹر ہے، جو آپ آٹو رکشا سے یا اگر آپ کو پیدل چلنا پسند ہے توپیدل بھی طے کر سکتے ہیں۔
سڑک کے راستے:اگر آپ اپنی کار یا بائیک سے جا رہے ہیں تو یاد رہے کہممبئی سے شندے واڑی تک کا فاصلہ تقریباً۱۱۰؍کلومیٹر ہے۔ اس کیلئے آپ کوممبئی → ایکسپریس وے سےلوناولا’کامشیت → شندے واڈی‘ سڑک پر سفر کرنا ہوگا۔ دوسری جانب پونے سے یہاں کا فاصلہ تقریباً ۴۵؍ تا ۵۰؍کلومیٹر۔ یہ راستہ آپ کوپونے’اولہے → کامشیت → شندے واڈی‘ کے ذریعہ طے کرنا ہوگا۔ یہ ضرور ہے کہ سڑک کےراستےسےجانےپر آپ خوبصورت وادیوں، پہاڑیوں، اورچھوٹےگاؤں کے دلکش نظاروں سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں جو آپ کو سفر میں تازگی عطا کریں گے۔
بس کے ذریعہ:اگرآپ بس کے ذریعہ یہاں جانا چاہتے ہیں تو آپ کوایم ایس آر ٹی سی یا نجی بس کے ذریعے لوناولایا پونے تک جانا ہوگا، وہاں سےلوکل ٹرین یانجی ٹیکسی کے ذریعے کامشیت اور پھر شندے واڈی جا سکتے ہیں۔