• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھانڈوپ کا نیپچون میگنٹ مال۱۰؍لاکھ مربع فٹ میں پھیلا ہے

Updated: March 12, 2024, 8:47 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں میٹرو کیش اینڈ کیری کے علاوہ پنٹالون، بیبا اور شاپراسٹاپ جیسے بڑے آئوٹ لیٹ موجود ہیں، ۲؍منزلے پارکنگ کیلئے مختص۔

The name Neptune Magnet Mall can be seen. Photo: INN
نیپچون میگنٹ مال کا نام دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

ممبئی میں بڑے پیمانے پر مال پھیلے ہوئے ہیں جن میں مغربی مضافات سے لے کر مشرقی مضافات تک متعدد مال آپ کو نظر آجائیں گے۔ ایسا ہی ایک بڑا سا مال بھانڈوپ میں بھی واقع ہے۔ نیپچون کمپنی کے ذریعہ میگنیٹ مال کے نام سے بنایا گیا یہ مال بھانڈوپ کے ایل بی ایس روڈ پر واقع ہے۔ ۱۰؍لاکھ ۵۶؍ہزار مربع فٹ پر مشتمل یہ مال شہر کے وسطی خطے کا سب سے بڑا مال ہے۔ نیپچون میگنیٹ مال ممبئی کا پہلا مال ہے جس کا ایک منزلہ ۲؍لاکھ ۵۰؍ہزار مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے۔ اس میں ۲؍منزلے تو محض پارکنگ کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ 
میگنیٹ مال کیوں جائیں 
 نیپچون میگنیٹ مال کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ اس میں ۴؍ایٹریم ہیں۔ واضح رہے کہ ایٹریم ایسی جگہ ہوتی ہے جو کسی عمارت کے بیچ میں موجود ہونے کے باوجود اوپر تک کھلی ہوتی ہے۔ اس میں اوپر سے روشنی آتی ہے اور اس میں گیلری، بالکنی یا آرکیڈ موجود ہوسکتے ہیں۔ ان میں عام طور پر کانچ کی چھت ہوتی ہے۔ 
 اس کے علاوہ اس میں ممبئی کے مالز میں سب سے بڑا فوڈ کورٹ ہے جو دو منزلوں تک پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ اس میں ۱۰؍ اسکرین پر مشتمل سنیما ہال ہے اور کئی ہوٹل موجود ہیں۔ اس میں میٹرو نامی ہائپر مارکیٹ ہے جس میں آپ کچھ بھی سامان خرید سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسے کنزیومر ٹرینڈ اور عوام کی خریداری کی عادات کی بنیاد پر سائنسی طور پر ڈیزائن کیا گیاہے کہ کس چیز کی دکان کہاں ہونا چاہئے اور کون سی دکان آگے اور کون سے پیچھے ہونا چاہئے۔ 
۱۰؍لاکھ ۵۶؍ہزار مربع فٹ کا یہ مال ۲۲؍ ایکڑ میں پھیلے رہائشی علاقے میں واقع ہے جس میں ۲۲؍منزلہ عمارتوں کی تعداد ۶؍ ہے۔ اس کے علاوہ یہ ہندوستان کا دوسرا ایسا مال ہے جس میں انڈور آئس اسکیٹنگ رنک موجود ہے۔ 
خریداری کیلئے اسٹور
 اس مال میں خریداری کے لئے کئی بڑے بڑے اسٹور موجود ہیں جن میں پینٹالون، بیبا، جیک اینڈ جونز، اونلی، ویرو موڈا، پےپے جینز، اسپائیکار، ووڈلینڈ، یو سی بی، میری کلیئر، بیورلی ہلز پولو کل، ڈونیئر، لوئی فلپ اوروین ہیوسن کے علاوہ بھی متعدد بڑے اسٹور موجود ہیں۔ 
میٹر کیش اینڈکیری
 یہ ایک ایسا اسٹور ہے جہاں آپ کچھ بھی خرید سکتے ہیں۔ یہاں پر خریداری کےمتعددمتبادل موجود ہیں جن میں سے آپ اپنی ضروری کی چیز لے سکتے ہیں۔ میٹرو کیش اینڈ کیری دنیا کی سب سے بڑی ریٹیل چینز میں سے ایک ہے جو اس مال میں موجود ہے۔ یہاں خریداری کرنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ کے پاس یہاں کا دعوت نامہ ہو اور آپ یہاں کے ممبر بنیں۔ 
پنٹالون
 پنٹالون بھی ہندوستان میں ایک بڑا رٹیلر برانڈ ہے۔ لوئی فلپ، وین ہیوسن، ایلن سولی اور پیٹر انگلینڈ جیسے برانڈس پر مشتمل یہ اسٹور ۲۵؍سال سے زیادہ عرصے سے اپنی خدمات فراہم کررہا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے پاس فار ایور ۲۱؍ نیٹ ورک کے بھی آن لائن اور آف لائن حقوق موجود ہیں۔ اس طرح اس کےیہاں سائمن کارٹر جیسے ملٹی برانڈ اور امریکن ایگل، رالف لورین، ہیکٹ لنڈن، ٹیڈ بیکر اور فریڈ پیری جیسے مونو برانڈکی مصنوعات بھی دستیا ہیں۔ 
لذت کام و دہن
 جیسا کہ پہلے ہی بتایا گیا یہاں پر فوڈ کورٹ بہت بڑا ہے جو کہ دو منزلوں پر پھیلا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں میک ڈونالڈ، پیزا ہٹ، کے ایف سی، اسپورٹس باکس اور کیفے کافی ڈے جیسے برانڈس کے آئوٹ لیٹ موجود ہیں۔ 
تفریحات
 یہاں پر تفریحات کیلئے سب سے پہلے تو سنے پولس کا ملٹی پلیکس موجود ہےجس میں ۲؍ یا ۴؍ نہیں بلکہ ۱۰؍اسکرین موجود ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں گیم زون ہے جس میں آپ اپنے پورے خاندان کے ساتھ مختلف قسم کے کھیلوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ یہاں کار ریسنگ، بائک ریسنگ اور بمپنگ کار بھی موجود ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK