• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کرافورڈ مارکیٹ : مناسب دام میں خریداری کی بہترین جگہ

Updated: July 02, 2024, 10:58 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

یہاں تمام ضروری اشیاء فروخت ہوتی ہیں، کپڑوں اور جوتوں کےعلاوہ پھلوں، سبزیو ں اور پھولوں کی بھی بڑے پیمانے پر خرید و فروخت ہوتی ہے۔

The picture is of a flower shop. Photos, Revolution: Anurag Ahire/Shadab Khan
تصویر پھولوں کی ایک دکان کی ہے۔ تصاویر، انقلاب:انوراگ اہیرے/شاداب خان

کرافورڈ مارکیٹ جنوبی ممبئی کے مشہور بازاروں میں سے ایک ہے۔ یہ مارکیٹ ایک عمارت میں  واقع ہے جس کی تعمیر۱۸۶۹ء میں مکمل ہوئی تھی اور اسے کوواس جی جہانگیر نے شہر کو بطور عطیہ دیا تھا۔ اس کا نام شہر کے پہلے میونسپل کمشنر آرتھر کرافورڈ کے نام پر رکھا گیا تھا۔ یہ بازار ممبئی پولیس ہیڈ کوارٹر کے سامنے، چھترپتی شیواجی ٹرمینس ریلوے اسٹیشن کے شمال میں اور جے جے فلائی اوور کے مغرب میں ایک مصروف چوراہے پر واقع ہے۔ یہ مارچ۱۹۹۶ء تک ممبئی میں پھلوں کا مرکزی ہول سیل بازار تھا، جب تھوک تاجروں کو نوی ممبئی منتقل کر دیا گیا تو اس مارکیٹ کی تصویر بد ل گئی۔ اب کرافورڈ مارکیٹ سے روزمرہ کے ساتھ ساتھ دیگر اشیاء کی بھی خریداری کی جاسکتی ہے۔ کرافورڈ مارکیٹ بیگ، گھر کی سجاوٹ کی اشیاء، ا سٹیشنری، کپڑے، پھل، سبزیوں اور پولٹری مصنوعات کیلئے بھی مشہور ہے۔ 
   عوام کی بڑی تعداد کر افورڈ کا مارکیٹ کا رخ اس لئے کرتی ہے، کیونکہ یہاں انواع واقسام کے تازہ پھل اور سبزیاں  ملتی ہیں، وہ بھی مناسب قیمت پر۔ زیادہ خریدنے پر ہو ل سیل ریٹ لگا یا جاتا ہے۔ تیوہاروں کی مناسبت سے بھی یہاں خریداری کی جا تی ہے۔ 
 یہاں کچھ ایسی اشیاء بھی ملتی ہیں  جنہیں   دوسری منڈیوں میں تلاش کرنا بہت مشکل ہے۔ یہاں  تک کہ تازہ بیکری مصنوعات، پالتو جانوروں کی خوراک، پنیر اور چکن وغیرہ بھی کرافورڈ مارکیٹ میں فروخت ہوتے ہیں۔ 
 اس بازار میں کاسمیٹک اور برتنوں کی دکانوں سے گزرنے کے بعد آپ کو ایک چھوٹی سی گلی ملے گی جسے `مرچی گلی کہا جاتا ہے، جو مسالوں  کی چھوٹی چھوٹی کی دکانوں سے بھری ہوئی ہے۔ اگر آپ کو اسے ڈھونڈنے میں پریشانی ہو تو آپ کسی کی بھی مدد سے پوچھ سکتے ہیں۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں آپ کو ملک بھر میں فروخت ہونے والے تقریباً تمام قسم کے مسالے ملیں گے، آندھرا پردیش کی مرچ سے لے کر کشمیری مرچ تک یہاں   دستیاب ہے۔ 
  اسی طرح کرافورڈ مارکیٹ کے اندر، بہت سی دکانیں اور اسٹالز ہیں جو پرنٹ سوٹ، ساڑی، آرام دہ ٹی شرٹس، ٹاپس اور کرتیاں فروخت کرتے ہیں۔ ان کے علاوہ آپ کو بہت سے پرنٹ اور پرکشش اور ہینڈ بیگز انتہائی کم قیمت پر فروخت ہوتے دیکھ کر خوشی ہوگی۔ اسکارف، تولئے، بیڈ شیٹ اور برانڈڈ میک اپ پروڈکٹس بھی یہاں سے خرید ے جاتے ہیں۔ 
 اس پورے بازار میں آپ کو بہت سارے اسٹال نظر آئیں گے جہاں دکاندار آپ کو انگوٹھیاں، چوڑیاں، بالیاں اور گھڑیاں وغیرہ خریدنے پر بھی آمادہ کریں گے۔ 
 کرافورڈ مارکیٹ میں کپڑوں کے علاوہ خشک میوہ جات، کرانہ اور تمام گھریلو اشیاء آسانی سے دستیاب ہیں۔ یہ بازار ممبئی کے جنوبی حصے میں موجود ہے اور یہاں تک پہنچنے کیلئے لوکل بس یا ٹرین کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ یہاں کا قریب ترین مقامی بس اسٹاپ منگل داس مارکیٹ ہے اور قریب ترین مقامی ریلوے اسٹیشن چھترپتی شیواجی مہاراج اسٹیشن ہے۔ یہ روزانہ بازار صبح۱۱؍ بجے سے رات۸؍ بجے تک کھلا رہتا ہے۔ 
  اس مارکیٹ میں ہر چیز آپ کو ہول سیل داموں پر مل جائے گی۔ ا س میں  کپڑوں سے لے کر جوتے تک شامل ہیں۔ اس مارکیٹ میں سلک سے لے کر پلین ساڑیاں بھی ملتی ہیں۔ روزانہ کے استعمال کے کپڑے بھی یہاں  ملتے ہیں۔ ظاہری بناؤ سنگارکی اشیاء بھی اس بازارمیں  فروخت ہوتی ہیں۔ 
  اس مارکیٹ میں  سب سے زیادہ بھیڑ تہواروں کے مواقع پر ہوتی ہے۔ اس وقت مارکیٹ میں چلنا مشکل ہو تا ہے۔ پھلوں  کے موسم میں  اس مارکیٹ میں  ریاست کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف حصوں  سے بھی پھل آتے ہیں اور بڑے پیمانے پر فروخت ہوتے ہیں۔ ا س مارکیٹ میں  ہر سال آم خوب فروخت ہوتا ہے۔ مارکیٹ میں  جابجا آم کے تاجر بیٹھتے ہیں۔ ان کے اسٹال بھی ہوتےہیں اوران کی دکانیں  بھی سجی ہوتی ہیں۔ مجموعی طور پر یہ مارکیٹ کھانے سے لے کر پہننے، اوڑھنے اور بچھانے تک کی اشیاء کی خرید وفروخت کامرکز ہے۔ اس کا شمار ممبئی کے اہم بازاروں میں ہوتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK