اس مال میں کپڑوں سے لے کر جوتے، گھڑی، بیگ، الیکٹرانکس اور تحفہ تک خریدنے کا انتظام ہے، تفریح کیلئے ملٹی پلیکس اور لذت کام و دہن کی سہولت بھی دستیاب۔
EPAPER
Updated: February 06, 2024, 10:38 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس مال میں کپڑوں سے لے کر جوتے، گھڑی، بیگ، الیکٹرانکس اور تحفہ تک خریدنے کا انتظام ہے، تفریح کیلئے ملٹی پلیکس اور لذت کام و دہن کی سہولت بھی دستیاب۔
ممبئی سےملحق نوی ممبئی ایک ایسا علاقہ بن چکا ہے جو ممبئی سے قریب ہونے کی وجہ سے ممبئی کا ہی ایک حصہ معلوم ہوتا ہے بلکہ جدید طریقے اور منصوبہ بندی کے ساتھ بسائے جانے کے سبب یہ رہنے کیلئے زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں جدید طرز کی بھی تمام چیزیں موجود ہیں جن میں بڑے بڑے شاپنگ مال بھی شامل ہیں۔ ایسے ہی شاپنگ مالز میں سے آج ہم یہاں ایک بڑے اور اہم شاپنگ مال کا جائزہ پیش کررہے ہیں۔ یہ شاپنگ مال نوی ممبئی کے کھارگھر علاقے میں واقع لٹل ورلڈ مال ہے۔ نام کی مناسبت سے یہاں دنیا کی تقریباً ہر چیز یعنی ہر قسم کی چیز یہاں خریدی جاسکتی ہے۔ یہیں کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہاں خریداری کے علاوہ آپ متعدد قسم کی سہولیات بھی حاصل کرسکتے ہیں جن میں بال کٹوانے سے لے کر اسپا وغیرہ کی سہولت بھی شامل ہے۔
خواتین کی شاپنگ:جہاں خریداری کی بات ہوگی تو وہاں سب سے پہلے خواتین کیلئے خریداری کی بات ہی ہوگی۔ یہاں خواتین کیلئے کپڑوں وغیرہ کی خریداری کیلئے کئی اسٹور موجود ہیں جہاں خواتین اپنے لئے کپڑوں کے علاوہ دیگر چیزیں بھی خرید سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں پہلا نام پینٹالون کا لیا جاسکتا ہے جو کہ ایک بڑا سا اسٹوربلکہ ایک سیکشن ہے جہاں سے خواتین اپنے لئے ہر طرح کا سامان خرید سکتی ہیں۔ اگر خصوصی طور پر کاٹن کے کپڑے خریدنا ہیں تو آپ’کاٹن کلچر کا رخ کرسکتی ہیں جہاں کاٹن کے مختلف اسٹائل، ڈیزائن اور رنگ کے کپڑے مل جائیں گے۔ اگر آپ میچنگ کپڑے خریدنے کی خواہش مند ہیں تو آپ کیلئے ’مکس اینڈ میچ‘ نامی اسٹور موجود ہے جہاں ہر رنگ میں مختلف شیڈ کے کپڑے خریدے جاسکتے ہیں۔ اگر فیشن ایبل کپڑے کفایتی قیمت میں خریدنا ہوں تو فیشن فیکٹری اسٹور میں جاسکتی ہیں جہاں دام میں براہ راست ۳۰؍فیصد رعایت ہوتی ہے۔ ویسٹرن اسٹائل کے کپڑے خریدنے کیلئے ایس اینڈ وی کمپنی نامی اسٹور ہے جہاں خواتین کے ساتھ مردوں اور بچوں کے کپڑے بھی خریدے جاسکتے ہیں۔ کپڑوں کے علاوہ اگر دیگر چیزیں خریدنا ہوں توبنگاری اسٹور کا رخ کریں جہاں آپ کو بیگز، ٹاپس، پرس اور بیلٹ جیسی چیزیں مل جائیں گی۔ یہاں قیمت زیادہ بھی نہیں ہوتی۔
ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء:عام طور پر ہماری ضرورت صرف کپڑے ہی نہیں ہوتے بلکہ دیگر کئی چیزیں ہیں جو زندگی کیلئے ضروری ہوتی ہیں۔ کپڑوں کے بعد سب سے اہم چیز جوتے ہوتے ہیں تو اس کیلئے یہاں کئی اسٹور موجود ہیں جن میں ٹریس موڈ، پے لیس شوز، ریڈ شوز، واکی شوز، شو ریک اوراسٹیپ ون جیسے اسٹور موجود ہیں۔ اگر آپ اپنے موبائل کی مرمت کروانا چاہتےہیں یا اس سے متعلق کوئی چیزیا خود موبائل خریدنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے یہاں ۲؍ اسٹور ہیں جن میں سے ایک کا نام سیل فون شاپ اور دوسرا کرشناٹیلی کامپ ہے۔ خواتین کیلئے بالوں میں لگائے جانے والے کلپ وغیرہ کیلئےراج گیلکسی اور ٹپ ٹاپ کارخ کرسکتے ہیں، تحفہ تحائف کیلئے آرچیز اور تصویری تحفے کیلئےفوٹو ورلڈمیں جاسکتے ہیں الیکٹرانکس کیلئے وجے سیلز جیسا بڑا اسٹوربھی یہاں موجود ہے اس کے علاوہ ٹی وی کے ذریعہ سامان فروخت کرنے والےٹیلی برانڈکا اسٹور بھی یہاں واقع ہے۔ اس کے علاوہ گدے تکئے کیلئے سلیپ ویل گیلری، عمدہ گھڑیوں کیلئے ٹائٹن اور بیگز کیلئے وی آئی پی کا شوروم بھی یہاں موجود ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ کتابیں خریدنا چاہتے ہیں تو اس کا بھی یہاں انتظام ہے۔ اس کیلئے بک فیئر نامی اسٹور موجود ہے۔
دیگر خدمات: خریداری کے بعد تفریح کیلئے یہاں کارنیول سنیماز کا ملٹی پلیکس موجود ہے۔ اس کے علاوہ جاوید حبیب کا ہیئر ایکسپریسو، سبھا سلون، کلمورا اسپا جیسی خدمات بھی یہاں دستیاب ہیں۔
لذت کام و دہن:یہاں لذت کام ودہن کیلئے بھی بھرپور انتظام ہے۔ اگر آپ جلدی میں کچھ کھانا چاہتے ہیں تو رول بنگال نامی اسٹور ہے، اس کے علاوہ موموز کیلئے سالسا موموز، فرینکی، نوڈل یا شیزوان رائس جیسے چینی ذائقوں کیلئے کارپیڈیم، پائوبھاجی، مسل پائو جیسے ممبئی کے ذائقوں کیلئے ممبئی دیسی مسالہ نامی اسٹور ہےجہاں آپ آلو پراٹھے، سموسہ، چھولے بھٹورے اور دہی پوری جیسی چیزیں بھی کھا سکتے ہیں۔ کھانے کے بعد میٹھے میں آئیس کریم کیلئے باسکن روبنس ہے۔