یہ چند ایسے تحفے ہیں جوآپ کسی کو دیں گے تو نہ صرف اسے خوشی ہوگی بلکہ اس کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ بھی ہوگا اور ان کے ذریعہ وہ نیا کچھ سیکھ سکتا ہے۔
EPAPER
Updated: January 30, 2024, 10:42 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
یہ چند ایسے تحفے ہیں جوآپ کسی کو دیں گے تو نہ صرف اسے خوشی ہوگی بلکہ اس کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ بھی ہوگا اور ان کے ذریعہ وہ نیا کچھ سیکھ سکتا ہے۔
تحفہ دینا اور قبول کرنا ایک نہایت عمدہ عمل ہے جس سے نہ صرف مختلف لوگوں میں تعلقات بڑھتے ہیں بلکہ آپس میں قرابت بھی بڑھتی ہے۔ ہر سطح پر اس کی اہمیت اجاگر کی گئی ہے۔ عام طور پر لوگوں کو سمجھ نہیں آتا کہ تحفہ میں کیا چیز دی جائے۔ ایسے میں چند ہی چیزیں ہوتی ہے جو لوگ ایک دوسرے کو دیتے رہتے ہیں۔ آج ہم آپ کو کچھ منفرد چیزوں کے تعلق سے بتاتے ہیں جو کہ آپ کسی کو تحفہ میں دے سکتے ہیں اور اسے پانے والا خوش بھی ہوجائے گا۔
وائر لیس چارجر:آج کل سوشل میڈیا کا زمانہ ہے اورتقریباً ہر شخص اپنے فون کے ذریعہ سوشل میڈیا سے ہمہ وقت جڑا رہنا چاہتا ہے۔ لیکن موبائل کی بھی اپنی ایک حد ہوتی ہےکیوں کہ زیادہ استعمال کرنے سے اس کی بیٹری جلد ختم ہوجاتی ہے۔ بیٹری ختم ہونے سے ہر کوئی پریشان ہوجاتا ہے۔ ایسے میں ایک وائرلیس موبائل چارجر ہر کسی کو پسند آئے گا۔ اگر آپ کسی کو تحفہ دینا چاہتے ہیں تو۱۰؍ہزار ایم اے ایچ بیٹری والا وائرلیس چارجر دے سکتے ہیں جس سے موبائل جلد چارج ہوجاتا ہے جبکہ اس میں مختلف قسم کے وائر بھی ہوتے ہیں جس سے کوئی بھی فون چارج کیا جاسکتاہے۔
کیسیو کی پیک مین ماڈل کی گھڑی:حالانکہ موبائل کے کثرت استعمال کی وجہ سے بہت ساری چیزوں کی ضرورت ختم ہوچکی ہے، گھڑی بھی ان میں سے ایک ہے۔ کچھ عرصے پہلے تو گھڑی کا رواج بالکل ہی ختم ہوگیا تھا لیکن اب اس کا رجحان دوبارہ لوٹ آیا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ موبائل ہونے کے باوجود گھڑی باندھنا پسند کرتے ہیں۔ ایسے میں گھڑی دینا بھی آج کے وقت میں تحفہ دینے کیلئے ایک اچھا متبادل بن گیا ہے۔ اس پر اگر منفرد اسٹائل اور ڈیزائن کی گھڑی دی جائے تو زیادہ لوگوں کو پسند آئے گی۔
اینٹک نظر آنے والی دور بین:حالانکہ ممبئی جیسے شہر میں جہاں پورا آسمان اونچی اونچی عمارتوں کے پیچھے چھپ جاتا ہے لیکن شوقیہ طور پر لوگ دوربین استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔ اس پر اگر وہ پرانے دور کی یا اینٹک نظر آتی ہو تو اس تحفے کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ آپ اپنے رشتہ داراور دوست احباب کو زمانہ قدیم کی نظر آنے والی دور بین دیں گے تو وہ یقیناً خوش ہوگا۔
کتابوں کی الماری: حالانکہ براہ راست کتاب ہاتھوں میں لے کر پڑھنے کا رجحان کم ہوچکا ہے لیکن آج بھی کچھ لوگ ہیں جو کتابیں پڑھنا پسند کرتے ہیں۔ اپنے ایسے ہی دوست کو آپ تحفہ میں کتابوں کی الماری دے سکتے ہیں۔ اس الماری کو کتابیں رکھنے کے ساتھ دیگر چیزیں رکھنے کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتاہے جبکہ منفرد ڈیزائن کی حامل الماری دینے سےتحفہ پانے والے کے گھر کی رونق میں بھی اضافہ ہوگا اور اسے دیکھنے میں اچھا لگے گا۔
کشیدہ کاری کا سامان:حالانکہ آج کل کڑھائی بنائی اور کشیدہ کاری جیسے فنون عوام کے بیچ سے تقریباً ختم ہوچکے ہیں لیکن آج بھی کچھ لوگ ہیں جو اسے پسند کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اس فن میں ماہر نہیں ہیں لیکن کچھ نئی چیز سیکھنے کیلئے تیار رہتے ہیں۔ عام طور پر ایسا بھی ہوتا ہے کہ لوگ خود سے کسی نئے کام کی جانب مائل نہیں ہوتے لیکن جب کوئی محرک انہیں اس جانب راغب کرتا ہے تو ان کی رغبت بڑھ جاتی ہے۔ ایسے ہی افراد کیلئے کشیدہ کاری میں استعمال ہونے والا سامان یا ایسے ہی دیگر فن میں استعمال ہونے والا سامان آپ تحفہ کے طور پر دے سکتے ہیں۔ اس سے مذکورہ شخص میں تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور وہ کچھ نیا سیکھ سکیں گے۔
ایکریلک پینٹنگ کا سیٹ:جیسا کہ اوپر بیان کیاگیا ہے کہ لوگوں کو نئے فن یا ہنر کی جانب راغب کرنے سے وہ اس جانب متوجہ ہوسکتے ہیں ایسا ہی معاملہ ایکریلک پینٹنگ کا بھی ہےجو زیادہ دقت طلب نہیں ہے اور تھوڑی سی کوشش کرنے سے انسان اسے سیکھ سکتا ہے۔ ایسے میں ایکریلک پینٹنگ یا دیگر پینٹنگ کا سیٹ دینے سے بھی لوگوں خصوصی طور پربچوں کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
چھوٹا ساپینڈینٹ:اگر آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ جسے آپ تحفہ دینا چاہتے ہیں وہ مطالعہ یا تخلیقی صلاحیتوں کی جانب مائل نہیں ہوگا تو آپ اسے چھوٹا سا پینڈنٹ یا لاکٹ وغیرہ تحفہ میں دے سکتے ہیں جسے پاکر وہ یقینی طور پر خوش ہوجائے گا۔