Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

سپر بوائز آف مالیگائوں: چند نوجوانوں کی جدوجہد کی کہانی

Updated: March 01, 2025, 1:00 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

مالیگائوں کی شعلے جیسی فلمیں بنانے والے نوجوانوں کی زندگی پر مبنی یہ فلم اپنی مثال آپ ہے،عمدہ ہدایتکاری کے ساتھ اچھی اداکاری دیکھنے کو ملتی ہے۔

Shashank Arur and others can be seen in a scene from the movie `Superboys of Malegaon`. Photo: INN
فلم’سپر بوائز آف مالیگائوں ‘کے ایک منظر میںششانک اروڑ اور دیگرکودیکھاجاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

سپر بوائز آف مالیگائوں (Superboys of Malegaon)
اسٹارکاسٹ: آدرش گورو، ششانک اروڑا، ونیت کمار سنگھ، انوج سنگھ دوہان، انمول کجانی، اقبال شیخ، ثاقب ایوب، ہرشد شاہ
ڈائریکٹر :ریما کاگتی 
 رائٹر:ورون گروور، شعیب نظیر
پروڈیوسر:فرحان اختر، زویا اختر، ریما کاگتی، رتیش سدھوانی
میوزک:سچن جگر
سنیماٹوگرافی:سوپنل سونائونے 
کاسٹنگ:کرن مالی، نندنی شریکانت
پروڈکشن ڈیزائن:سیلی وھائٹ
کاسٹیوم ڈیزائن:بھائونا شرما
 ریٹنگ: ****
 مالیگائوں ایک نہایت ہی مشہور شہرہے جو کئی اعتبار سے شہرت رکھتاہےجن میں وہاں کی پاورلوم انڈسٹری کے علاوہ دیگر کئی چیزیں شامل ہیں۔ کچھ برس قبل یہ علاقہ اپنی فلموں کیلئے بھی کافی مشہور ہوا تھا۔ وہاں کے کچھ نوجوانوں نے بالی ووڈ اور ٹالی ووڈ کی طرح اپنے شہر کو مالی ووڈ بنانے کی کوشش کی تھی۔ اس کوشش کے تحت ’مالیگائوں کے شعلے‘، ’مالیگائوں کا سپر مین‘ اور دیگر فلمیں منظر عام پر آئی تھیں جو نہ صرف مالیگائوں بلکہ دیگر علاقوں میں بھی دیکھی گئی تھیں۔ ریما کاگتی نے انہی نوجوانوں کی زندگی پر فلم’سپر بوائزآف مالیگائوں ‘ بنائی ہے۔ 
فلم کی کہانی
 یہ فلم مالیگاؤں کی عام زندگی میں چھپی غیر معمولی کہانیوں کو سامنےلاتی ہے۔ ناصر (آدرش گورو) اپنے بھائی کے لوکل ویڈیو پارلر کی دنیا میں رچ بس گیا ہے۔ شادیوں میں ویڈیو ریکارڈنگ سے لے کر ایڈیٹنگ سیکھنے تک، ناصر نےمحدود وسائل میں ایسی فلمیں بنا ڈالیں جومالیگاؤں کے لوگوں کے دلوں کو چھو گئیں۔ اپنے دوست فروغ جعفری (ونیت کمار سنگھ)، اکرم (انوج دُہان)، علیم (پلوّ سنگھ)، شفیق (ششانک اروڑا) اور عرفان (ثاقب ایوب) کی مدد سے ناصر نے بالی وُڈ کی ہٹ فلم ’شعلے‘کا اسپوُف، ’مالیگاؤں کے شعلے‘ بنایا۔ لیکن جیسے ہی کامیابی کی راہ پر قدم بڑھتے ہیں، دوستوں کے درمیان اختلافات اور ذاتی جدوجہدسامنے آجاتی ہیں۔ جب شفیق کو پھیپھڑوں کےکینسر کی خبر ملتی ہے، تو ناصر اپنے دوستوں کےساتھ مل کر شفیق کو ہیرو بناتے ہوئے’سُپرمین آف مالیگاؤں ‘ بنانے کی ٹھان لیتا ہے۔ یہ فلم ایک جذباتی موڑ پر لے جاتی ہے، جہاں دوستی، جنون اور زندگی کی جنگ ایک ساتھ نظر آتی ہے۔ 
ہدایت کاری
 ڈائریکٹر ریماکاگتی نےفلم کی ہر باریکی پر بھرپور توجہ دی ہے اور اداکاروں سے بہترین کارکردگی نکلوانے میں کامیاب رہی ہیں۔ ورون گروور کی تحریرنے فلم کو ایک نیا رخ اور جذباتی گہرائی دی ہے۔ ان کے مکالمے ناظرین کے دل میں اتر جاتے ہیں، جیسے کہ ’رائٹر ہی باپ ہوتا ہے‘۔ تکنیکی لحاظ سے بھی یہ فلم بہترین ہے۔ فلم کے سنیماٹوگرافر سوپنِل ایس سوناونے کاشاندار کیمرہ ورک اور پروڈکشن ڈیزائنر سیلی وائٹ کی تخلیقی سوچ نے مالیگاؤں کی باریکیوں کو خوبصورتی سےپردے پر پیش کیا ہے۔ کاسٹیوم اور ہیئر ڈیزائن بھی حقیقت پسندانہ اور متاثر کن ہیں۔ 
ادا کاری
 فلم کی سب سے بڑی خوبی اس کی حقیقت پر مبنی اور شاندار کاسٹنگ ہے۔ ناصر کا کردار نبھانے والے آدرش گورو نے اس جذبےکو گہرائی سے پیش کیا ہے جو ہر جدوجہد کرنے والے آرٹسٹ کے اندر ہوتا ہے۔ 
 فروغ کےکردار میں ونیت کمار سنگھ نے درد، حقیقت اورمصنف کی سنجیدگی کو اس انداز میں اجاگر کیا ہے کہ جب آپ اصلی فروغ کاویڈیوز دیکھیں گے، تو ایسا لگے گا جیسے ونیت نے ان کی شخصیت پر جادو کر دیا ہو۔ شفیق کے کردار میں ششانک اروڑا کی زبردست اداکاری نے ناظرین کے دل میں گہری چھاپ چھوڑی ہے۔ باقی اداکار بھی اپنے اپنے کرداروں میں جان ڈال دیتے ہیں، جس سے فلم کا ہر لمحہ حقیقت سے قریب تر محسوس ہوتا ہے۔ 
موسیقی
 سچن-جگر کی موسیقی اس فلم کے تھیم کے مطابق بہترین ہے۔ بیک گراؤنڈ میوزک نے ہر جذباتی لمحے کو مزید نکھار دیا ہے، جبکہ جاوید اخترکالکھاہواگانا’بندے‘ناظرین میں ایک نئی توانائی پیدا کرتاہے۔ 
نتیجہ
 اگر آپ ایک ایسی فلم دیکھنا چاہتے ہیں جو زندگی کی جدوجہد، دوستی اور جنون کو حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کرتی ہے، تو’سُپربوائز آف مالیگاؤں ‘ آپ کو ضرور پسند آئے گی۔ بہترین اداکاری، زبردست ہدایت کاری، جاندار تحریر اور تکنیکی مہارت کے ساتھ یہ فلم ان خوابوں کو جِلا بخشتی ہے جو عام طور پر ناممکن سمجھے جاتے ہیں۔ اگر آپ مالیگاؤں کی حقیقی کہانیوں میں کھو جانا چاہتے ہیں اور اپنے اندر چھپی امیدوں کو جگانا چاہتے ہیں، تو یہ فلم ضرور دیکھیں !۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK