Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

دی ڈپلومیٹ:ایک سچے واقعے پر مبنی حقیقت سے قریب تر فلم

Updated: March 15, 2025, 11:52 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

کہانی کو پاکستان پر تنقید کیلئے استعمال نہیں کیا گیا،ایکشن ہیرو کے طور پر مشہورجان ابراہم نےایک سنجیدہ سفارتکار کا کردار عمدگی سے ادا کیا ہے۔

John Abraham and others can be seen in a scene from the film `The Diplomat`. Photo: INN
فلم’دی ڈپلومیٹ ‘کے ایک منظر میںجان ابراہم اور دیگر کودیکھاجاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

دی ڈپلومیٹ (The Diplomat)
اسٹارکاسٹ:جان ابراہم، سعدیہ خطیب، کمود مشرا، شارب ہاشمی، امیتوج من، جگجیت سندھو، بھوانی مزمل، ریوتی، اشوت بھٹ
 ڈائریکٹر :شیوم نائر 
 رائٹر:رتیش شاہ
پروڈیوسر:جان ابراہم، راجیش بہل، راکیش دانگ، بھوشن کمار، کرشن کمار، وپل ڈی شاہ، اشون وردے، سمیر دکشت
میوزک:منن بھردواج، ایشان چھابرا
 سنیماٹوگرافی:ڈیموپوپوف 
 ایڈیٹنگ:کنال والوے
 کاسٹنگ:امرپریت سنگھ ایمی، جوگی ملنگ
پروڈکشن ڈیزائن:روی شریواستو
 ریٹنگ:ےے ے چ چ

 بالی ووڈ میں عام طور پر جب بھی حب الوطنی والی فلمیں بنتی ہیں، توان میں ہندوستان اور پاکستان کے کشیدہ تعلقات کو ہی دکھایا جاتا ہے اوران میں پاکستان کی بھرپور بے عزتی ہی کی جاتی ہے۔ ہدایت کار شیوم نائر کی’دی ڈپلومیٹ‘بھلے ہی پاکستان میں پھنسی عظمیٰ احمد کو سفارتکار جے پی سنگھ کے ذریعے واپس لانے کی سچی کہانی پر مبنی ہے، لیکن ہدایت کار کی سمجھداری کی تعریف کرنی ہوگی کہ انہوں نے اسے ایک عام ہند-پاکستان کہانی بنانے کے بجائے انسانیت پر مبنی کہانی کےطور پر پیش کیا ہے، جہاں ملک کی سالمیت اور فخر کو ظاہر کرنے کے لیےپڑوسی ملک کو نیچا دکھانے کی کوشش نہیں کی گئی۔ 
 اس کہانی کا حیران کن پہلو فلم کےہیرو جان ابراہم ہیں، جو اپنی ایکشن ہیرو کی امیج کے برخلاف ایک سلجھے ہوئے سفارتی کردار میں نظر آتے ہیں، جو پوری فلم کے دوران ناظرین کو اپنے کردار کے ساتھ جوڑے رکھتے ہیں۔ 
فلم کی کہانی
 فلم کی کہانی کو بیان کرنےسےپہلے ہم آپ کو یہ بتا دیں کہ یہ فلم ایک سچی کہانی پر مبنی ہے۔ ہندوستانی خاتون عظمیٰ احمد کو پاکستان میں دھوکہ دے کر شادی کے بندھن میں باندھ کر قید کر لیا گیا تھا۔ جنسی تشددکی شکار عظمیٰ کو اُس وقت کی وزیر خارجہ سشما سوراج اور ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کی انتھک کوششوں کے بعد ملک واپس لایا گیا۔ 
 فلم کا آغاز ملائیشیا میں رہنے والی عظمیٰ احمد(سعدیہ خطیب) سےہوتا ہے، جو اپنی بچی کے علاج کیلئےپریشان ہے۔ تبھی اس کی ملاقات پاکستانی نوجوان طاہر (جگجیت سندھو) سے ہوتی ہے۔ طاہر عظمیٰ کو محبت اور اس کی بچی کے علاج کا جھانسہ دے کر پاکستان بلاتا ہے۔ پاکستان کے خیبر علاقے میں پہنچتے ہی عظمیٰ کو احساس ہوتا ہے کہ اسے ایک جال میں پھنسایا گیا ہے۔ وہاں اس جیسی اور بھی کئی خواتین قید ہیں اور جسمانی و جنسی تشدد کا سامنا کر رہی ہیں۔ وہاں نوجوان لڑکوں کو خطرناک ہتھیار چلانے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ 
 عظمیٰ کسی طرح چالاکی سے ہندوستانی ایمبیسی پہنچتی ہے اور ڈپٹی ہائی کمشنرجے پی سنگھ (جان ابراہام) سے مدد کی اپیل کرتی ہے۔ مگرپاکستانی حکومت اور طاہرکے اثر و رسوخ کی وجہ سے عظمیٰ کو ہندوستان واپس لانا آسان نہیں ہوتا۔ 
  سنسنی خیز سفارتی حالات کے درمیان جےپی سنگھ اپنی ٹیم اوروزیر خارجہ سشما سوراج (ریوتی) کےتعاون سے مشکل حالات کے باوجود عظمیٰ کوواپس لانے میں کیسے کامیاب ہوتے ہیں، یہ جاننے کے لیے آپ کو فلم دیکھنی ہوگی۔ 
ہدایت کاری
 ’نام شبانہ‘ جیسی فلم اور’اسپیشل آپس‘جیسی ویب سیریز کے ہدایت کار شیوم نائرنےسچی کہانی کو فلم میں تبدیل کرتے ہوئے کہیں بھی حد سے زیادہ ڈرامائی بنانے کی کوشش نہیں کی ہے۔ فلم میں جان ابراہم جیسے ایکشن ہیرو کی موجودگی کے باوجود کہانی کو حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ فلم کی شروعات اگرچہ تھوڑی سست رفتار سے ہوتی ہے، مگر پھر کہانی اپنے تھرلر انداز میں آگے بڑھتی ہے۔ ریتیش شاہ کے چست اور چٹپٹے ڈائیلاگز کہانی کو ہلکے پھلکے لمحات فراہم کرتےہیں۔ فلم کی اسکرین پلے مضبوط ہے، کُنال والووے کی ایڈیٹنگ شاندار ہے، جبکہ ڈینو پاپوو نے پاکستان کے خیبر علاقے کی سنسان اور خوفناک فضاء کو خوبصورتی سے اپنے کیمرے میں قید کیا ہے۔ البتہ شیوم نائر کورٹ روم کے مناظر کو مزید مؤثر بنا سکتے تھے۔ 
ادا کاری
 اپنی ایکشن ہیرو کی عام امیج کے برخلاف جان ابراہم نے یہاں ایک سنجیدہ اور سفارتی کردار کو پوری سنجیدگی کے ساتھ نبھایا ہے۔ انہوں نے اپنی اداکاری میں توازن اور ہلکے مزاح کے امتزاج کے ساتھ کردار میں سچائی اور اثر پیدا کیا ہے۔ 
نتیجہ
 اگر آپ حقیقت سے قریب کہانیوں پر مبنی فلموں کے شوقین ہیں تو’دی ڈپلومیٹ‘ آپ کے لیے ایک بہترین انتخاب ثابت ہو سکتی ہے۔ اس فلم میں جان ابراہم کی بہترین اداکاری اور شیوم نائر کی ہدایت کاری ایک منفرد امتزاج پیش کرتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK