• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

فلم ’کام چالو ہے‘سڑک کے گڑھوں کے مسئلے کو اجاگر کرتی ہے

Updated: April 20, 2024, 11:39 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

راج پال یادو جو کہ عام طور پر مزاحیہ کردار اداکرتے اور سب کو ہنساتے رہتے ہیں اس مرتبہ سنجیدہ کردار میں آکر آپ کو رونے پر مجبور کرتے ہیں۔

Rajpal Yadav, Jaya Manek and other actors can be seen in a scene from the movie `Kaam Chalu Hai`. Photo: INN
فلم’کام چالو ہے‘ کے ایک منظر میں راج پال یادو، جیا مانیک اور دیگر اداکار دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

کام چالو ہے (Kaam chalu hai)
اسٹار کاسٹ:راج پال یادو، جیا مانیک، کورنگی ناگراج، راج شری شاہ، پرم والیا، اکشے کاملے، میگھالی نرگچھے، شرے یش پنڈت
ہدایتکار اور رائٹر : پلاش موچھل
پروڈیوسر:دیپک گپتا، وکی ماتھر، خلیل سونار
 موسیقی:پلاش موچھل 
ایڈیٹنگ:شیام مال
سنیماٹوگرافی:پرویز پٹھانکاسٹنگ:برشا گوگوئی
آرٹ ڈائریکٹر:شیر شاہ محمد
میک اپ:وکرم گوساوی، پرگتی کولاگے، اویناش شندے، بپن شندے، ودیا
پروڈکشن منیجر:وپن بھاسکر، طاہر علی شیخ
 ریٹنگ: ****

ہندوستان میں سڑکوں پر پڑنے والےگڑھوں کے سبب ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔ درحقیقت سڑکوں کوخاموش قاتل بھی کہاجا سکتا ہے۔ اگرچہ شہری انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کاہمیشہ اخبارات میں نمایاں ذکر ملتا ہے، لیکن ایسا ہر روز نہیں ہوتا کہ اس پر فلم بنائی جائے۔ راج پال یادو اورجیا مانیک کی فلم’کام چالو ہے‘اس اہم مسئلے کےبارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ایک بہترین فلم ہے۔ 
دوسری جانب اداکارراجپال یادو نے ایک بات ثابت کر دی ہے کہ اگر وہ ہنسا ہنساکر آپ کے پیٹ میں درد کرسکتے ہیں تو وہ آپ کو رلا کر آپ کی آنکھیں نم بھی کر سکتے ہیں۔ اس کا ثبوت ان کی فلم ’کام چالو ہے‘ ہے۔ ایک سچے واقعے پر مبنی یہ فلم آپ کو انتہائی معمولی باتوں کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دے گی۔ 
کہانی:یہ ایک چھوٹے سے خاندان کی کہانی ہےجس میں والدین اور ان کی بیٹی ہےجسے وہ ایک بڑا کرکٹر بنانا چاہتے ہیں لیکن والدین کا یہ خواب ایک گڑھاچکناچورکردیتا ہے۔ دراصل سڑک پر پڑنے والے گڑھے کے سبب ان کی بیٹی کی موت ہوجاتی ہے۔ ہمارے ملک میں دہشت گردی کے حملوں سے زیادہ لوگ سڑکوں پر گڑھوں سےمرتےہیں۔ فلم میں ایسے ہی ایک سچے واقعے کو دکھایا گیاہے۔ جس شخص کے ساتھ یہ حادثہ حقیقت میں پیش آیا تھا کہ سڑک کے گڑھے کی وجہ سےان کی زندگی بدل گئی اس شخص کا اصل نام منوج پاٹل ہے اور یہ کہانی ان کی اور ان کے خاندان کی ہے۔ 
 فلم میں دکھایا گیا ہےکہ منوج پاٹل(راجپال یادو)، رادھا پاٹل (جیامانیک) اور ان کی بیٹی گارویتا پاٹل(کورنگی وجے شری ناگراج) ایک متوسط ​​طبقے کے مہاراشٹرین خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جو چھوٹی چھوٹی باتوں میں اپنی خوشی اور مقصد تلاش کرتےہیں۔ لیکن ان کی خوشی کا خاتمہ اس وقت ہوجاتاہےجب ایک گڑھے کی وجہ سے ان کی بیٹی کی جان چلی جاتی ہے۔ پاٹل اپنی بیٹی کو انصاف دلانے کیلئے حکام تک پہنچتےہیں کہ ان بڑھتے ہوئے گڑھوں کے تعلق سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بہت سے بند دروازوں پر دستک دینے کے بعد، وہ سڑک کےگڑھوں کو بھرنےکی ذمہ داری خود اپنے سر لےلیتے ہیں تا کہ پھرکوئی اپنے پیارےسے محروم نہ ہوجس طرح انہیں ہونا پڑا۔ 
کیسی ہے فلم :یہ کسی بھی بڑے بجٹ والی ان فلموں سے ۱۰؍ لاکھ گنا بہترہےجن کا بہت زیادہ پروموشن کیا جاتاہے۔ یہ فلم آپ کو باپ اور بیٹی کے انوکھے رشتے کا احساس دلاتی ہے اور اس کے ساتھ یہ سوچنے پر بھی مجبور کرتی ہے کہ سڑک حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کو انصاف کب، کیسے اور کہاں ملتا ہے، بلکہ انہیں انصاف ملتا بھی ہےیا نہیں ؟ فلم کےکچھ مناظر آپ کوتھوڑے طویل لگ سکتےہیں، لیکن وہ مناظر اتنے جذبات سے بھرے ہیں کہ آپ کو چونکا دیں گے۔ جب فلم ختم ہوگی تو آپ کی آنکھیں آنسوؤں سے بھری ہونگی اور ان گنت سوالات آپ کے ذہن میں ہوں گے۔ تاہم یہ فلم جس سماجی کارکن پر مبنی ہے ان کی جدوجہد کو بہتر انداز میں دکھایا جا سکتا تھا تاکہ قومی سطح پر قابل تشویش اس مسئلے پر مزید روشنی ڈالی جا سکے۔ 
اداکاری :فلم میں اداکار راجپال یادوہیں جو منوج پاٹل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ جیا مانیک نے ان کی بیوی کا کردار ادا کیا ہے اور چائلڈ آرٹسٹ کورنگی ناگراج نے ان کی بیٹی کا کردار ادا کیا ہے۔ راجپال یادو جو آپ کو کئی فلموں میں کئی گھنٹے ہنساچکے ہیں، اس فلم سے آپ کو رلا دیتےہیں اور آپ سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ کیا یہ وہی راجپال یادوہیں جو اسکرین پر اکثر مزاحیہ کرداروں میں نظر آتے ہیں۔ جیا مانیک کوجو بھی کردار ملا ہے، انہوں نےاسے بہت اچھے طریقے سے نبھایا ہے۔ ان کے ساتھ کورنگی ناگراج کی اداکاری بھی شاندار ہے۔ 
ہدایت کاری :کام چالوہےکی ہدایت کاری پلاش موچھل نےکی ہے۔ پلاش نے امیتابھ بچن کی فلم ’بھوت ناتھ ریٹرنز‘ اور جان ابراہم کی ’ڈشکیوں‘ کی بھی ہدایت کاری کی تھی لیکن جب آپ یہ فلم دیکھیں گے تو آپ کو ایسا محسوس ہوگا جیسے آپ واقعی ان کرداروں کے ساتھ خود منظرمیں موجودہیں۔ فلم میں ۲؍گانے بھی ہیں۔ 
نتیجہ: او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی ۵؍پر ریلیز ہونے والی یہ فلم اپنے موضوع اوراس کی سنگینی کے علاوہ راج پال یادو اور دیگر کی اداکاری کیلئےضرور دیکھنا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK