سن رائز پوائنٹ یا سن سیٹ پوائنٹ تو آپ متعدد مقامات پر دیکھ سکتے ہیں لیکن یہاں سے تھوڑے فاصلے پر واقع دیگر مقامات دیکھنا زیادہ پرلطف ہے
EPAPER
Updated: June 15, 2023, 12:12 PM IST | Muhammad Habib | Mumbai
سن رائز پوائنٹ یا سن سیٹ پوائنٹ تو آپ متعدد مقامات پر دیکھ سکتے ہیں لیکن یہاں سے تھوڑے فاصلے پر واقع دیگر مقامات دیکھنا زیادہ پرلطف ہے
مہاراشٹرگوناگوں خصوصیات کی حامل ریاست ہےجس میں ایک سمت اونچے اونچے پہاڑہیں تو دوسری جانب سمندر کی عمیق گہرائی۔ممبئی جیسےسمندر کنارے آباد شہر سے کچھ دنوں کیلئے دوری اختیارکرنے کیلئے اکثر لوگ پہاڑی مقامات کا رخ کرتے ہیں جنہیں عام طور پرہل اسٹیشن کہا جاتا ہے۔یہ ہل اسٹیشن ممبئی سے زیادہ دور نہیںلیکن ماحول قطعی مختلف فراہم کرتے ہیں۔ماتھیران کے بعد دوسراسب سے اہم اور سب سے زیادہ شہرت کا حامل ہل اسٹیشن مہابلیشورہے۔ممبئی سے ۲۸۵؍کلومیٹر دور یہ ہل اسٹیشن ۱۵۰؍مربع کلومیٹر کے رقبہ میں پھیلا ہوا ہے۔یہاں کے خوبصورت نظاروں اور دلکش موسم کیلئے ممبئی اور پونے ہی نہیں دور دور سے سیاح آتے ہیں۔
مہابلیشور میں دیکھنے لائق مقامات: مہابلیشوریوںتوپورا علاقہ ہی دلکش اور قدرتی حسن سے مالا مال ہے،اس میںکئی پوائنٹس اس کے حسن کو مزید دیکھنے لائق بناتے ہیں ۔ان مقامات میںسب سے زیادہ مقبول کیٹس پوائنٹ،ایلیفنٹ ہیڈپوائنٹ،پارسی پوائنٹ، سڈنی پوائنٹ، ایلفسنٹن پوائنٹ، آرتھرز سیٹ، ولسن پوائنٹ جسےسن رائز پوائنٹ بھی کہا جاتا ہے،سن سیٹ پوائنٹ، ہیلنز پوائنٹ، کیسل راک پوائنٹ، مارجوری پوائنٹ، بیبنگٹن پوائنٹ،فاک لینڈ پوائنٹ، کارنک پوائنٹ اور سدھارتھ پوائنٹ بھی قابل دید ہیں مگران پوائنٹس کے علاوہ بھی یہاں دیکھنے اور سیروتفریح کیلئے کئی عمدہ مقامات ہیں، ان میںوینا لیک، پرتاپ گڑھ کا قلعہ، ٹیبل لینڈ اورٹپولا منی کشمیر شامل ہیں۔
اگر آپ کہیں بھی سیر و تفریح کیلئے جاتے ہیں تو سب اہم ہوتا وہاں قیام کا مسئلہ۔مہابلیشور میں یوں تو دور دراز کےکئی مقامات پر ہوٹل وغیرہ دستیاب ہیں لیکن مہابلیشور کے مین مارکیٹ علاقے میں ہوٹل لینازیادہ دانشمندانہ فیصلہ ہے۔ کیوںکہ یہاں سیر و تفریح کے تمام مقامات ۵؍تا ۱۰؍کلومیٹر کے دائرے میںہیں ۔ یہاں آپ کو کہیں بھی جانے کیلئے ٹیکسی کا سہارا لینا پڑے گا۔یہاں کے پوائنٹس میں سب سےپہلےآپ کوکیٹس پوائنٹ جانا چاہئے کیوں کہ یہاں کا نظارہ کافی دلکش ہوتا ہے اور ایلیفنٹ ہیڈ پوائنٹ یہاں سے قریب ہی واقع ہے۔یہ یہاں کا سب سے دلکش پوائنٹ ہے۔ یہاں پہاڑی ایسے انداز میں بنی ہوئی ہے کہ وہ ہاتھی کےسر جیسی معلوم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ یہاں سے دور دور تک کی وادیاں نظر آتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک آبشار اور ایک خوبصورت ندی دعوت نظارہ دیتی ہے اور ذہن و دل کو فرحت و تازگی عطا کرتی ہے۔
وینا لیک
ان خوبصورت پوائنٹس کے علاوہ بھی یہاں تھوڑی تھوڑی دور پر مختلف مقامات ہیںجو اپنی مثال آپ ہیں۔ ان میں سے ایک وینا لیک یا جھیل ہے۔ اونچے درختوں اور گھاس سے گھری انسانوں کی بنائی ہوئی یہ جھیل دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔یہاں آپ بوٹنگ اور آس پاس گھڑ سواری کا بھی لطف لے سکتے ہیں۔
پرتاپ گڑھ کا قلعہ
مہابلیشور سے ۲۳؍کلومیٹر دور سطح سمندر سے ۱۰۴۰؍میٹر کی بلندی پر واقع یہ قلعہ قابل دید ہونےکے علاوہ شیواجی کی افضل خان سے لڑائی کیلئے بھی مشہور ہے۔
تپولا(چھوٹا کشمیر)
مہابلیشور سے ۲۸؍کلومیٹر دور تپولانامی سیاحتی مرکز ہے۔ قدرتی خوبصورتی کی وجہ سےاسے منی کشمیر بھی کہا جاتا ہے۔یہاں گھنے جنگلوں کے بیچ تاریخ کی خاموش داستان بیان کرتے ہیں۔ یہاں آپ ٹریکنگ اور کشتی کی سواری کا لطف بھی لے سکتے ہیں۔
لنگ مالا واٹر فال
یہاںاونچے پہاڑوں کے بیچ سے ایک خوبصورت آبشار گرتا ہے جہاں سیاح قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے آتے ہیں۔
اسٹرابیری گارڈن
مہابلیشورکو اسٹرابیری کیلئے بھی جانا جاتا ہے۔یہاں پر اسٹرابیری کے متعدد گارڈن ہیں جہاں جدید تکنیک سے اسٹرابیری اگائی جاتی ہے۔ یہاں جب آپ جائیں گے توایک کے اوپر ایک پلاسٹک کےپائپ نظرآئیں گے۔ ان پائپ میںتھوڑی تھوڑی دوری پر سوراخ بنائے جاتے ہیں اور ان میں اسٹرابیری کے پودے لگائےجاتے ہیں۔ان چھوٹے چھوٹے پودوں میں چاروں جانب اگی ہوئی اسٹرابیری دلکش نظارہ پیش کرتی ہے۔
مہابلیشورکیسے جائیں؟
سڑک کا راستہ: اگر آپ مہابلیشور اپنی کار سے بائے روڈ جانا چاہتے ہیں تو اس میں آپ کوٹریفک کی مناسبت سے۴؍تا ۵؍ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ممبئی سےیہاں پہنچنے کیلئے دو متبادل راستےاختیار کئے جاسکتے ہیں، پہلا تویہ کہ آپ پنویل سے ہوتے ہوئے مہاڈ اور پولادپور کے راستے مہابلیشور پہنچ سکتےہیں دوسرا راستہ ممبئی پونے ایکسپریس وے کا ہے۔پونے پہنچنے کےبعد آپ کو پونے تا ستارا ہائی وے سے جانا ہوگا۔ حالانکہ ہائی وے کا راستہ اختیار کرنے پر آپ کو ۴۰؍ کلومیٹر زیادہ سفر کرنا ہوگا لیکن یہ تیز رفتار ہے اس لئے آپ دوسرے راستے کے مقابلے اس راستےسے جلدی پہنچ سکتے ہیں۔
ٹرین کا راستہ:حالانکہ وادھیر یہاں کا قریب ترین ریلوےاسٹیشن ہے لیکن پونے سے ہوکر جانا زیادہ بہتر اور آسان رہےگا۔ممبئی سے پونے کیلئے کئی ٹرینیں دستیاب ہیں اور وہاں سے آپ بس یا ٹیکسی کے ذریعہ مہابلیشور آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔
بس کا راستہ:ممبئی سے مہابلیشور کیلئےمتعدد بسیں چلتی ہیںجو ۲۴۷؍ کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے آپ کو وہاں پہنچاتی ہیں۔دادر ایسٹ، سائن یا واشی سے آپ بس میں سوار ہوسکتے ہیں جو تقریباً ۶؍ گھنٹے میں آپ کو وہاں پہنچادے گی۔ممبئی سے مہابلیشور جانے کیلئےایس ٹی بسیں بھی دستیاب ہیں۔
ہوائی جہاز:مہابلیشور میں کوئی ہوائی اڈہ نہیں ہے۔قریب ترین ایئر پورٹ پونے میں ہی ہےجو تقریباً ۱۲۰؍کلومیٹردور ہے۔ پونےسے بھی بس یا ٹیکسی کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔