• Thu, 02 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سردیوں کی چھٹیوں کو یاد گاربنانا ہے ، پالم پور چلئے

Updated: November 29, 2023, 9:55 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

ہما چل پردیش کے اس سیاحتی شہر میں چائے کےباغات ، فطرت کے مناظر اور ندی بہنے کے شور سے ذہن پر سکون ہوتا ہے۔

Palampur located at the foot of the hill. Photo: INN
پہاڑی کے دامن میں واقع پالم پور۔ تصویر : آئی این این

ہماچل پردیش کا پالم پور معروف سیاحتی مقام ہے ۔ یہاں نئے سال کا جشن منانے کیلئے ہر سال سیاح جمع ہوتے ہیں۔ لوگ اپنی دسمبر کی چھٹیوں کو خاص بنانے کیلئے یہاں کا رخ کرتے ہیں ۔ سیاح پالم پور کی سڑکوں کی بر ف تہوں پر چلتے ہیں ، خاندان کے ساتھ پالم پور جانےوالے سیاح جا بجا بکھرے ہوئے بر ف کے ٹکڑوں سے کھیلتے ہیں۔ اس طرح وہ برف کے ساتھ اپنے اس سفر کو یاد گار بناتےہیں ۔ پہاڑوں کوڈھکنے والی برف کی چادر بھی سیاحوں کیلئے خاص ہوتی ہے ، یہ خوشنما ہوتی ہے ۔ آپ بر ف باری کے دوران پالم پور پہنچیں گے تو پہاڑ پر جمی برف کے سحر میں کھو جائیں گے ۔ چائے کے باغات میں  جاکر خوش ہوجائیں گے۔ یہاں پالم پور کے کچھ مقامات کا ذکر کیا جار ہا ہے۔ 
چائے کے باغات
 پالم پور کے چائے کے باغات سیاحوں کیلئے خصوصی توجہ کا مرکز ہیں ۔ سچ پوچھئے تو یہ جگہ شمالی ہندوستان کی چائے کی راجدھانی کے طور پر جانی جاتی ہے۔ آپ کو شہر کے کونے کونے میں ہر قسم کے چائے کے پودے نظر آئیں گے۔ اگر آپ چائے پینا پسند کرتے ہیں تو جاکر دیکھئے کہ اس کی کھیتی کیسے کی جاتی ہے؟ یہ جگہ پالم پور کے اہم مقامات میں سے ایک ہے۔ باغات میں چہل قدمی کرنے ، باغات سے باہر چائے کے پودوں اور فطرت کے نظاروں سے لطف اندوز ہونے سےذہن بالکل تروتازہ ہوجاتاہےاور آپ تکان مٹ جاتی ہے آپ روزانہ صبح ۱۰ ؍بجے سے شام ۵ ؍ بجے تک باغات کا دورہ کر سکتے ہیں۔
نوربولنگکا انسٹی ٹیوٹ
 پالم پور میں نوربولنگکا انسٹی ٹیوٹ واقع ہے۔ یہ پالم پور کا دورہ کرنے والوں کیلئے دیکھنے کے سرفہرست مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ ایک ثقافتی ورثہ ہے اور تبتی تہذیب کو ظاہر کرتا ہے۔ اس ادارے میں تبتی ثقافت سے متعلق بہت سی نایاب چیزیں رکھی گئی ہیں ۔ آپیہاں جا کر تبتی ثقافت کے بارے میں پڑھ اورجان سکتے ہیں ۔انسٹی ٹیوٹ کے آس پاس تبتی لباس کے ساتھ ساتھ آپ گھریلو اشیاء بھی خرید سکتے ہیں ۔ انسٹی ٹیوٹ روزانہ صبح ۹ ؍بجے سے شام ساڑھے۵؍بجے تک کھلا رہتا ہے۔ہندوستانیوں کیلئے داخلہ فیس ۲۰ ؍روپے ہے جبکہ غیر ملکیوں کیلئے یہ ۵۰ ؍روپے ہے۔
تاشی جونگ مٹھ
 تاشی جونگ مٹھ ایک بدھ مٹھ ہے جو کانگڑا ضلع سے تقریباً ۱۵؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ پالم پور کے پرکشش مقامات میں سے ایک ہے۔ سرسبز و شاداب پہاڑیوں کے درمیان واقع ہے۔ بتاتے ہیں کہ اس مٹھ کو دیکھ کر خود بخود احترام اور عقیدت کا جذبہ پیدا ہوجاتا ہے۔ مٹھ کو لکڑی پر نقش و نگار، بدھ کے مجسموں اور پینٹنگز سے آراستہ کیا گیا ہے۔ یہاں آپ تبتی دستکاری کے نمونے دیکھ سکتے ہیں اور انہیں بھی خرید سکتے ہیں۔
نیگل کھڈ ندی
 پالم پور سے تقریباً ۳ ؍سے ۴ ؍کلومیٹر کے فاصلے پرنیگل کھڈ نامی ندی بہتی ہے۔ یہ سیر کرنے والوں میں سب سے زیادہ مقبول ہے۔ ندی کے اوپر دیہاتی طرز کا لوہےکا ایک انتہائی پل بھی ہے۔ بلند و بالا پہاڑوں کا منظراور بہتی کا ندی شور انتہائی سکون دیتاہے۔ کھڈ پالم پور کے سب سے پرکشش سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہاں آپ فوٹوگرافی بھی کر سکتے ہیں۔ ندی کے قریب ایک پارک بھی ہے جسے نیگل پارک کہا جاتا ہے۔ یہاں   بہت سے چھوٹے چھوٹے کیفے ہیں ، مقامی ڈش کے مرکز ہیں جہاں آپ بیٹھ کر لذیذ ناشتوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK