Inquilab Logo Happiest Places to Work

تم کو میری قسم: حقیقی کہانیوں پر مبنی فلموں میں ایک اور اضافہ

Updated: March 22, 2025, 11:16 AM IST | Mohammed Habib | Mumabi

ہاررفلموں کیلئے مشہور ہدایت کار وکرم بھٹ، جذبات سے پر ایک کہانی لے کر حاضر ہوئے ہیں، فلم میںایک ڈاکٹر کاکورٹ روم ڈرامہ دکھایا گیا ہے۔

Anupam Kher, Esha Deol and others can be seen in a scene from the film `Tum Ko Meri Kaath`. Photo: INN
فلم’تم کو میری قسم کے ایک منظر میں انوپم کھیر اورایشا دیول اور دیگر کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کے فلم سازوں کا رجحان ایک طویل عرصے سے حقیقت پر مبنی کہانیوںپرفلمیں بنانے کی طرف بڑھتا جا رہا ہے۔ حقیقی زندگی کےکرداروں پر مبنی فلمیں مسلسل بنائی جا رہی ہیں۔گزشتہ ہفتے ریلیز ہونےوالی فلم ’دی ڈپلومیٹ‘سفارت کارجےپی سنگھ کی زندگی پر مبنی تھی۔اس سے پہلے ’چندو چیمپئن‘،’شری کانت‘،’امر سنگھ چمکیلا‘،’سیم بہادر‘ اور’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘جیسی کئی فلمیں بن چکی ہیں،جو حقیقی کرداروں پرمبنی تھیں۔ب ہدایت کار وکرم بھٹ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ’تم کو میری قسم‘لےکر آئے ہیں، جو آئی وی ایف تکنیک کے بانی ڈاکٹر اجے مُرڈیا کی زندگی پر مبنی ہے۔
ہارر فلمیں بنانے کےلئے شہرت رکھنے والےڈائریکٹر وکرم بھٹ اس بار ایک جذباتی اور متاثر کن کہانی لےکرآئےہیں۔ آئی وی ایف ٹیکنالوجی کےمعروف ڈاکٹر اجے مرڈیا کی زندگی پر مبنی فلم’تم کو میری قسم‘ میںمحبت، جدوجہد، دھوکہ اور کورٹ روم ڈرامہ کا زبردست امتزاج ہے۔ اس فلم میں انوپم کھیر، ایشواک سنگھ، ادہ شرما اور ایشا دیول نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔
فلم کی کہانی
کہانی کا آغاز اندرا آئی وی ایف کے بانی ڈاکٹر اجے مُرڈیا (انوپم کھیر) کے عدالتی مقدمے سے ہوتا ہے۔ اجے مُرڈیا پر راجیو کھوسلا(مہرجان مزدا) کے قتل کی کوشش کا الزام ہے۔ یہیںسے کہانی ۲؍مختلف ادوارمیں آگے بڑھتی ہے۔موجودہ وقت میں اجے مُرڈیا پر راجیو کھوسلا کے قتل کی کوشش کا مقدمہ چل رہا ہے۔ راجیو کھوسلا، ڈاکٹر اجے کے چپراسی درگیش کمار کا بیٹا ہے۔ اجے نے ہی اسے پال پوس کر کمپنی میں ایک اہم عہدہ دیا تھا۔ عدالت میں ڈاکٹر اجےمُرڈیا کا کیس معروف وکیل میناکشی (ایشا دیول) لڑتی ہیں، جس میں اس کے دو بیٹے اس کا ساتھ دیتےہیں۔عدالت میں ڈاکٹر اجے مُرڈیا اپنی بے گناہی ثابت کرنے کی کوشش میں کہانی کو ماضی میں، ۱۹۸۰ءکی دہائی کی ایک محبت بھری کہانی کی طرف لے جاتےہیں۔ اس وقت نوجوان اجے مُرڈیا ( اشواک سنگھ) پیتھالوجی کی تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ وہ اپنی ٹیچربیوی اندرا (ادا شرما) سے بے حد محبت کرتا ہے۔جب وہ ملک میں پہلی بار آئی وی ایف تکنیک کے ذریعے بچوں کی پیدائش کی بات کرتا ہے، تو اسے شکوک و شبہات اور سماجی مخالفت کا سامناکرنا پڑتا ہے۔ مگر اس وقت اس کی بیوی اندرا ایک چٹان کی طرح اس کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔
ہدایت کاری
وکرم بھٹ نے اس فلم کو جذباتی اور سسپنس سے بھرپور بنایا ہے۔کورٹ روم کے منظر اثرانگیز ہیں اور دیکھنے والوں کو باندھے رکھتےہیں۔ تاہم، کچھ مناظر ضرورت سےزیادہ کھنچے ہوئے محسوس ہوتے ہیں، جس سے فلم کی رفتار تھوڑی سست ہو جاتی ہے۔ سنیماٹوگرافی اچھی ہے، لیکن کہانی کو اور زیادہ مربوط بنایا جا سکتا تھا۔ کچھ مناظرلمبے کھینچتے ہیں، خاص طور پر فلیش بیک میں، جس سے فلم کی رفتار متاثر ہوتی ہے۔ کورٹ روم ڈرامہ دلچسپ ہے، لیکن کچھ جگہوں پر قانونی کارروائی حقیقت سے تھوڑی مختلف لگتی ہے۔
اداکاری
انوپم کھیرنے اپنے کردار میں گہرائی اور ایمانداری دکھائی ہے۔ ان کی اداکاری ہرمنظر میں اثر چھوڑتی ہے۔ ایشواک سنگھ نے جوان ڈاکٹر مرڈیا کےکردار میں اچھا کام کیا ہے۔ ادہ شرما نے ڈاکٹر مرڈیا کی بیوی اندرا کا کردار ادا کیا ہے، جو اپنے شوہر کی جدوجہد میں ہمیشہ ساتھ کھڑی رہتی ہیں۔ ان کی پرفارمنس متوازن ہے۔ ایشا دیول ایک زبردست وکیل کے طور پر نظر آتی ہیں اور طویل عرصے بعد اسکرین پر ان کا اثر نظر آتا ہے۔
نتیجہ
اگر آپ کو متاثر کن کہانیاں اور کورٹ روم ڈرامہ پسند ہے، تو’تم کو میری قسم‘ ایک بار دیکھنے لائق فلم ہے۔ انوپم کھیر اور ایشا دیول کی زبردست اداکاری، وکرم بھٹ کی اثر انگیز ہدایت کاری اور ایک متاثر کن کہانی اسے دلچسپ بناتی ہے۔ تاہم، اس کی سست رفتار اور کچھ خامیوں کی وجہ سے یہ ماسٹرپیس نہیں بن پاتی، لیکن پھر بھی یہ ایک اچھی فلم ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK