Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

وگامون: کیرالہ کا دلکش ہل اسٹیشن قدرتی نظاروں اورپرسکون ماحول کیلئے مشہور

Updated: March 19, 2025, 10:11 AM IST | Mumabi

کیرالہ کےاس ہل اسٹیشن میںدیودار درختوں کا جنگل،آبشار،ڈیم اور جھیل جیسی چیزیں ہیں جبکہ تھنگل پارا میں ایک بڑی چٹان بھی قابل دید ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

کیرالہ میں واقع وگامون جنوبی ہندوستان کا ایک خوبصورت ہل اسٹیشن ہے، جو اپنی فطری دلکشی، خوشگوار موسم اور پُرسکون ماحول کے لیے مشہور ہے۔ یہ مقام ضلع اِڈُکّی کی سرحد سے متصل ہے اور فطرت کے دلدادہ اور سکون کے متلاشی سیاحوں کے لیے کسی خزانے سےکم نہیں ہے۔ کچھ سال پہلے تک یہ پہاڑی مقام زیادہ مشہور نہیں تھا، لیکن آج یہ دور دراز سے آنے والے مسافروں کے لیے ایک پسندیدہ سیاحتی مقام بن چکا ہے۔
کیرالہ کا یہ ہل اسٹیشن ابھی تک تجارتی رنگ سے آزاد ہے، جس کی وجہ سے یہاں کی قدرتی خوبصورتی کو اصلی رنگ و روپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ مصروف طرز زندگی سے دور، یہ مقام ایک بہترین تفریحی منزل کے طور پر جانا جاتا ہے۔
 وگامون اپنی قدرتی خوبصورتی، مذہبی اہمیت اور پُرسکون ماحول کے باعث جنوبی ہند کے بہترین سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔ اگر آپ ایک خوبصورت اور سکون بخش چھٹی گزارنے کی خواہش رکھتے ہیں، تو وگامون کا سفر آپ کے لیے بہترین انتخاب ہوگا۔ 
دیودار کے جنگلات
وگامون کے سفر کی شروعات آپ یہاںکے خوبصورت دیودار کے جنگلات سے کر سکتےہیں۔ اگر آپ جنگلات کی سیر کے شوقین ہیں تو یہ مقام آپ کے لیے بہترین انتخاب ہے۔ دیودار کے ان جنگلات کی خصوصیت یہ ہے کہ یہاں کے دلکش مناظر کو کئی فلموں میں بھی عکس بند کیا جا چکا ہے۔ دیودار کے درختوں کی سرسبزی اور پُرسکون ماحول سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔یہ جنگل برطانوی راج کے دوران قائم کیا گیا تھا اور کیرالہ کے منتخب اہم سیاحتی مقامات میں شامل ہے۔ جنگل کے آس پاس کئی قدرتی نظارے موجود ہیں، جنہیں آپ وگامون کی سیر کے دوران دیکھ سکتے ہیں۔
وگامون آبشار
وگامون قدرتی خوبصورتی کے خزانوں سے بھرا ہوا ہے، جہاں آپ فطرت کے حسین مناظر کا بھرپور لطف اٹھا سکتے ہیں۔ یہاں واقع وگامون آبشار سیاحت کے لیے خاص مقام رکھتی ہے۔ یہ آبشار بہت زیادہ اونچانہیں ہے، لیکن اس کا دودھیا پانی سیاحوں کو بہت متاثر کرتا ہے۔سبزے سے گھرے اس آبشار کے نظارے بہت دلکش نظر آتے ہیں۔ اگر آپ ایک یادگار تجربہ چاہتے ہیں تو وگامون کے سفر میں اس آبشار کو ضرور شامل کریں۔
تھنگل پارا
وگامون کے قدرتی مقامات میں آپ تھنگل پارا کی سیر کا منصوبہ بھی بنا سکتے ہیں۔ تھنگل پارا یہاں کے مشہور مقامات میں سے ایک ہے، جہاں سیاح زیادہ آنا پسند کرتے ہیں۔یہ ایک مذہبی اور قدرتی نظاروں سے پرمقام ہے، جہاں ایک بڑی چٹان موجود ہے، جو اس مقام کی ایک الگ پہچان ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ مقام صوفی بزرگ حضرت شیخ فرید الدین باباؒ کی رہائش گاہ ہوا کرتا تھا۔
اڈُکّی ڈیم
وگامون کے قریبی مشہور مقامات میں آپ اڈُکّی ڈیم کی سیر کا منصوبہ بھی بنا سکتے ہیں۔ خوبصورت پیریار ندی پر بنا یہ ڈیم ایک انجینئرنگ کا عجوبہ ہے۔ڈیم کی خوبصورت تعمیر اور آس پاس کے مناظر سیاحوں کو بہت متاثرکرتے ہیں۔ اڈُکّی ڈیم کو کیرالہ کے مشہور سیاحتی مقامات میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں سیاح سکون حاصل کرنے اور فطرت کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہونے کیلئے آتے ہیں۔ اگر آپ قدرتی خوبصورتی کو پسند کرتے ہیں تو یہ مقام آپ کے لیے بہترین ہوگا۔
وگامون جھیل
وگامون کے قدرتی مقامات میں آپ وگامون جھیل کی سیر کا منصوبہ بھی بنا سکتے ہیں۔ یہ جھیل شہر کی حدود میں ایک خوبصورت سیاحتی مقام ہے۔پہاڑوں کے خوبصورت نظاروں کے درمیان واقع یہ جھیل سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ 
یہ جھیل بہت بڑی تو نہیں ہے، لیکن یہاں آپ کشتی رانی اور دیگر واٹر ایکٹیوٹیز کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ جھیل کے آس پاس کے قدرتی مناظر اس کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔یہ جھیل پورے خاندان کے ساتھ تفریح کیلئےبہترین مقام ہے، جہاں بچے اور بڑے سبھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK