والدین سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے انہیں لاوارث چھوڑ دینے کے موضوع پر کہانی، نانا پاٹیکر کی عمدہ اداکاری فلم کی جان ثابت ہوتی ہے۔
EPAPER
Updated: December 21, 2024, 11:01 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
والدین سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے انہیں لاوارث چھوڑ دینے کے موضوع پر کہانی، نانا پاٹیکر کی عمدہ اداکاری فلم کی جان ثابت ہوتی ہے۔
ونواس (Vanvaas)
اسٹارکاسٹ:نانا پاٹیکر، اتکرش شرما، اشونی کالسیکر، راجپال یادو، سمرت کور رندھاوا، شروتی مراٹھے، پریتوش ترپاٹھی، کیتن سنگھ
ڈائریکٹر :انیل شرما
رائٹر :انیل شرما، امجد علی، سنیل سرویا
پروڈیوسر:انیل شرما، سمن شرما، گورو اگروال، روہت چودھری، کملیش کاننگو، جواہر لال، فرقان قریشی، رانا بھاٹیا، کنال سنگھ
میوزک:متھن شرما
سنیماٹوگرافی:کبیر لال
ایڈیٹنگ:سنجے شنکلا
پروڈکشن مینجمنٹ:اکرم علی، الیکس انتھونی فرنانڈس، منیش دیو جھا، راہل مشرا، ششانک پرجاپتی
ریٹنگ: ***
ہندوستان میں ہر سال متعددفلمیں ریلیز ہوتی ہیں۔ اس عرصے میں انڈسٹری کی جانب سے کچھ ایسی فیملی ڈرامہ فلمیں پیش کی گئیں جنہوں نے شائقین کے دلوں پر گہرے نقوش چھوڑے۔ لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے ایسی فلمیں کچھ کم ہی ریلیز ہورہی ہیں جسے مجموعی طور پر فیملی فلم قرار دیا جائے۔ ایسے میں برسوں بعد سینما گھروں میں ایک ایسی فلم ریلیز ہوئی ہے جو مکمل طورپرخاندان پرمبنی ہے۔ تجربہ کار اداکار نانا پاٹیکر ایک سال بعد ونواس کے ذریعے سلور اسکرین پر واپس آئے ہیں جسے ایک اچھا تجربہ قرار دیا جاسکتاہے۔ ’غدر۲‘کےبعد انیل شرما نے ایک بار پھر سمرت کور کی جوڑی کو اپنے بیٹےاتکرش شرما کے ساتھ بڑے پردے پرپیش کیاہے۔
فلم کی کہانی
کہانی پالم پور، ہماچل پردیش سے شروع ہوتی ہے، جہاں دیپک تیاگی (نانا پاٹیکر) نامی ایک بوڑھا آدمی اپنے ۳؍شادی شدہ بیٹوں کےساتھ رہتا ہے۔ دیپک اپنی بیوی سے بہت پیار کرتا تھا لیکن اب وہ اس دنیا میں نہیں رہی۔ بڑھتی عمر کے ساتھ دیپک کو بھولنے کی بیماری ہو گئی ہے، اسے صرف اپنی بیوی اور چھوٹے بچے یاد آتےہیں، وہ جانتا ہے کہ اس کےتینوں بیٹے بڑے ہو چکے ہیں اور سب کی شادی ہو چکی ہے اور اب ان کے بھی بچے ہیں۔
دیپک جس گھر میں اپنے بچوں کے ساتھ رہتا ہے وہ پالم پور کےپوش علاقے میں ہے اور وہ اس گھر کو ٹرسٹ میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، جو اس کے بیٹوں اوربہوؤں کو پسند نہیں ہے۔ چنانچہ پوری منصوبہ بندی کے ساتھ ہر کوئی دیپک کو بنارس لے جاکرچھوڑ دیتا ہے۔ اپنی کمزور یادداشت کی وجہ سے وہ اپنی بیوی اور جوان بیٹوں کو نامعلوم جگہوں پر تلاش کرتا رہتا ہے۔ اسی دوران اس کی ملاقات ایک ٹھگ ویرو (اتکرش شرما) سے ہوتی ہے۔ ویرو دیپک تیاگی سے جان چھڑانا چاہتا ہے، لیکن ایسا ممکن نہیں ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا دیپک تیاگی اپنےگھرواپس جا سکیں گے؟ یہ جاننے کے لیے آپ کو تھیٹرجا کر پوری فلم دیکھنا پڑے گی۔
ہدایت کاری
یہ فلم اپنی دل کو چھو لینے والی کہانی کے لیے خاص ہے جسے انیل شرمانےلکھا ہے۔ اس نے کہانی میں مزاح، تصادم اور معافی کو خوبصورتی سےپیش کیا گیاہے۔ نانا پاٹیکر کہانی کامرکزہیں۔ ون واس جذبات پرمرکوز ہے، لیکن اسے حد سے زیادہ ڈرامائی نہیں بناتی۔ کہانی ناظرین کے ساتھ گہرا تعلق رکھتی ہے اور ہر مسکراہٹ اور آنسو کو حقیقی محسوس کراتی ہے۔ انیل شرما کی ہدایت کاری ان لمحات کو زندگی بخشتی ہے، جس کی وجہ سے فلم کی کہانی شروع سے آخر تک آپ کو جوڑے رکھتی ہے۔
ادا کاری
فلم میں اداکاروں کی اداکاری کی بات کی جائےتو نانا پاٹیکر کے سامنے سب کی اداکاری کمزور ہو جاتی ہے۔ اتکرش شرما اور سمرت کور نے بھی بہت محنت کی ہے لیکن انہیں اداکاری میں ابھی مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ کوتاہیوں کے بارے میں بات کریں تو پہلا ہاف آپ کو مصروف رکھتا ہے لیکن دوسرے ہاف میں فلم کی رفتار کچھ کم ہو جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فلم میں ڈائیلاگ ڈیلیوری پر مزید کام کیا جاتا تو بہتر ہوتا۔
تاہم فلم کی سینماٹوگرافی میں خاندانی ماحول کی خوبصورتی سے عکاسی کی گئی ہے جس سے فلم کے ذاتی احساس میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ بیک گراؤنڈ میوزک فلم کے جذباتی اتار چڑھاؤ سے بالکل میل کھاتاہے، جس سے تجربے کو اور بھی گہرا ہوتا ہے۔ ’غدر۲‘کے بعد انیل شرما نے ایک بار پھر موسیقی کی ذمہ داری متھن شرما کو دی، لیکن فلم کے گانے آپ کو قدرے مایوس ضرور کریں گے۔ ’ونواس‘ صرف ایک فلم نہیں ہے، یہ ہماری زندگی کا آئینہ ہے، جو ہمیں انسانی رشتوں کی نزاکت اور مضبوطی کو دکھاتی ہے۔
نتیجہ
والدین سے بیزاری اور ان سے پیچھا چھڑانے کا رجحان ہمارے ملک میں بڑھتا ہی جارہا ہے۔ اگر آپ ایسے جذباتی موضوعات پسند کرتے ہیں تو آپ کو یہ فلم دیکھنا چاہئے۔