Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ویوو وی۵۰؍ اوسط سے کچھ بہتر درجہ کا اسمارٹ فون

Updated: March 10, 2025, 12:46 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس فون کواپنے پیشرو وی ۴۰؍ کا معقول اپ گریڈ قرار دیا جاسکتاہے،کمپنی نے اس میںاےآئی کے چند اچھے فیچرزشامل کئے ہیں۔

The items that come with the Vivo V50 can be seen. Photo: INN
ویوو وی ۵۰؍ کے ساتھ ملنے والی اشیاء دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

 ویوو، جو بنیادی طور پر اپنے مڈ-پریمیم اسمارٹ فونز کے لیے جانا جاتاہے، ہر گزرتے سال کے ساتھ بڑھتی ہوئی مسابقت کا سامنا کر رہاہے۔ کچھ سال پہلے، اس طبقے میں اچھےکیمرہ کی کارکردگی اور بہتر بیٹری لائف جیسی خصوصیات تلاش کرنا مشکل تھا، لیکن اب مارکیٹ میں مسابقت بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔ شیاؤمی کا ریڈ می نوٹ ۱۴؍ پرو پلس جو پہلے بجٹ سیریز کا حصہ تھا، اب ۳۰؍ہزار ۹۹۹؍کی ابتدائی قیمت میں بہترین فیچرزفراہم کر رہا ہے۔ اس بڑھتے ہوئے مقابلےکےپیش نظر، ویوونےاپنے وی ۴۰؍سیریزکے جانشین وی ۵۰؍کو متعارف کرایا ہے، جو کئی حوالوں سے ایک معقول اپ گریڈ محسوس ہوتا ہے۔ 
ڈیزائن
 ویوو وی ۵۰؍اپنے پیشروؤں کے مقابلے میں ایک سلم اور گول کناروں والا ڈیزائن رکھتا ہے، جو ہاتھ میں ایک پریمیم احساس دیتا ہے۔ یہ فون ٹائٹینم گرے، اسٹاری نائٹ اور روز ریڈجیسے تین دلکش رنگوں میں دستیاب ہے۔ ویووکےمخصوص اورا رِنگ لائٹ کا سائز بھی بڑھا دیا گیا ہے، جو اب پچھلے ماڈلزکے مقابلے میں بہتر روشنی فراہم کرتا ہے۔ فون کی گولائی والی شکل اسے پکڑنے میں آرام دہ بناتی ہے، جبکہ کروم-فنشڈ پولی کاربونیٹ فریم وزن کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ گرفت کو بھی بہتربناتاہے۔ تاہم، ۱۹۹؍گرام وزن کے ساتھ، فون ہلکا محسوس نہیں ہوتا، لیکن اس کا ایک اہم سبب اس میں موجود ۶؍ہزار ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری ہے۔ 
ڈسپلے
 فون کی باریک بیزلزاور مڑے ہوئے کنارے ڈسپلے کو ایک جدید لک دیتے ہیں، لیکن اس کا نقصان یہ ہے کہ باہر استعمال کے دوران روشنی کی چمک زیادہ منعکس ہوتی ہے، جو کسی حد تک پریشان کن ہوسکتی ہے۔ تاہم، ۴؍ہزار۵۰۰؍نٹس کی مبینہ چمک کی بدولت باہر کی روشنی میں پڑھنے کی صلاحیت کافی بہتر ہے۔ ویوو، وی ۵۰؍ میں ایچ ڈی آر ۱۰؍کی مکمل سپورٹ موجود ہے، جو عام روشنی میں ایک زبردست بصری تجربہ فراہم کرتا ہے۔ 
ہارڈ ویئر
 اس فون میں کوالکوم اسنیپ ڈریگون ۷؍جنریشن ۳؍پروسیسر دیاگیاہے، جو پچھلے دو ماڈلز میں بھی استعمال ہوا تھا۔ تاہم، اس پروسیسرکی کارکردگی کچھ متوسط محسوس ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں ۱۲؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج دیا گیا ہے۔ 
سافٹ ویئر
 ویوو، وی ۵۰؍ کاسافٹ ویئر فن ٹچ او ایس ۱۵؍پر مبنی ہے، جو اب اینڈرائڈ ۱۵؍کے ساتھ مزید مستحکم اور ہموار تجربہ فراہم کرتا ہے۔ اس میں کچھ نئے بصری عناصر شامل کیے گئے ہیں، جن میں آئیکون اور تھیم کسٹمائزیشن بھی شامل ہیں۔ 
 اے آئی فیچرز کی بات کی جائے تو ویوونےکچھ نئے اے آئی ٹولز شامل کیے ہیں جن میں اے آئی ایریزٹول فوٹو ایڈیٹنگ میں مدد دیتاہے۔ جبکہ اے آئی کال ٹرانسلیٹرٹول کافی اچھی طرح کام کرتا ہے جوہندی اورمراٹھی جیسی زبانوں میں کالزکو درست طریقے سے ترجمہ کرنے میں بھی کامیاب ثابت ہوتا ہے، بشرطیکہ بولنے والا صاف اور روانی سے بات کرے۔ 
کیمرے
 اس کا پرائمری کیمرہ ۵۰؍میگا پکسل کا ہےجبکہ الٹرا وائڈ کیمرہ بھی ۵۰؍میگا پکسل کا ہے یہاں تک کہ اس کا سیلفی کیمرہ بھی ۵۰؍ میگا پکسل کا ہے۔ الٹرا وائیڈکیمرہ ۱۲؍میگا پکسل کے کیمرے جیسی تصاویر کھینچتا ہے، مگر نتائج کچھ خاص متاثرکن نہیں محسوس نہیں ہوتے۔ روشنی میں کمی ہونے پر، کیمرہ کی ڈائنامک رینج کمزور ہوجاتی ہے، اور سائے والے حصے تقریباً غائب ہوجاتے ہیں۔ 
بیٹری
اس فون میں ۶؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری استعمال کی گئی ہےجسے ۹۰؍واٹ فاسٹ چارجنگ سے چارج کیا جاسکتا ہےجبکہ اس میں وائرلیس چارجنگ کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ اس کی بیٹری عمدہ ہے جو ایک دن تک چل سکتی ہے۔ 

ڈسپلے         ۶ء۷۷؍انچ
پروسیسر      اسنیپ ڈریگون۷؍جنریشن ۳؍
ریم             ۸؍ اور۱۲؍جی بی ریم
اسٹوریج       ۱۲۸؍،۲۵۶؍ اور ۵۱۲؍ جی بی 
آپریٹنگ سسٹم  فن ٹچ او ایس ۱۵
کیمرے        ۵۰؍، ۵۰؍ اورسیلفی۵۰؍میگا پکسل
بیٹری           ۶؍ہزارایم اے ایچ،۹۰؍واٹ چارجنگ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK