Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویوو وی۵۰؍ای: قدرے چھوٹا لیکن کئی خصوصیات کا حامل

Updated: April 21, 2025, 12:05 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس میں کمپنی نے عمدہ فوٹوگرافی کا تجربہ فراہم کرنے کی کوشش کی ہے، ہارڈ ویئر اورسافٹ ویئر کے ساتھ اے آئی کے عمدہ فیچر دیئے گئے ہیں۔

Vivo V50e seen in different colors. Photo: INN
ویوو وی۵۰؍ای کے مختلف رنگ نظر آرہا ہیں۔ تصویر: آئی این این

ویوواپنی وی سیریزکے ذریعے ہمیشہ سے صارفین کو بہترین فوٹوگرافی کا تجربہ دینے کی کوشش کرتاآیاہے۔ اس سال ویوو نے ہندوستان میں وی سیریزکا پہلا فون ویوو وی ۵۰؍ کے نام سے فروری میں لانچ کیا، اور اب اس سلسلے میں ایک نیا درمیانی درجے کا فون ویوو وی ۵۰؍ای پیش کیا گیا ہے۔ یہ ویوو وی ۵۰؍کے مقابلے میں خاصا سستاہے، لیکن کیمرہ کے اعتبار سے یہ بھی ایک طاقتور ڈیوائس ہے۔ 
قیمت
 اس فون میں آپ کو ۵۰؍میگا پکسل کا پرائمری کیمرہ اور ۵۰؍ میگاپکسل آٹو فوکس فرنٹ کیمرہ ملتا ہے۔ اس کی ابتدائی قیمت ۲۲؍ ہزار۹۹۹؍ روپےہے، جس میں ایچ ڈی آر ۱۰؍پلس سپورٹ کے ساتھ امولیڈڈسپلے، ۱۸۰۰؍نٹس تک کی زیادہ سے زیادہ برائٹنیس، ۹۰؍واٹ فاسٹ چارجنگ، اور کئی اے آئی خصوصیات شامل ہیں۔ 
بکس میں کیا ہے
 ویوو وی ۵۰؍ ای ایک بڑے سیاہ رنگ کے بکس میں آتا ہے، جس پر فون کا نام نمایاں انداز میں درج ہے۔ باکس کھولتے ہی سب سےپہلے فون نظر آتا ہے۔ بکس میں دیگراشیاءمیں ٹائپ اےسے ٹائپ سی کیبل، ۹۰؍ واٹ اڈاپٹر، وارنٹی کارڈ، ہدایت نامہ، سم ایجیکٹر، اور ایک ٹی پی یو کور شامل ہے۔ 
ڈسپلے
 فون میں ۶ء۷۷؍انچ کا امولیڈڈسپلے دیاگیاہے، جو ۱۲۰؍ ہرٹز ریفریش ریٹ، فل ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور ایچ ڈی آر ۱۰؍ پلس سپورٹ کے ساتھ آتا ہے۔ اس میں ۳؍کلرپروفائلز اسٹینڈرڈ، برائٹ اور پروفیشنل دستیاب ہیں جنہیں حسبِ پسند ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔ 
سافٹ ویئر
 ویوو وی ۵۰؍ ای میں اینڈرائیڈ ۱۵؍پر مبنی فن ٹچ او ایس ۱۵؍ انسٹال ہے۔ سافٹ ویئر کا انٹرفیس صاف ستھرا اور رنگین ہے، مگر اس میں کئی پری انسٹال ایپس جیسےکہ فون پے، اسنیپ چیٹ، فیس بک، لنکڈ ان اور نیٹ فلکس موجود ہیں، جنہیں اگرچہ ہٹایا جا سکتا ہے لیکن یہ مکمل صاف تجربے میں رکاوٹ محسوس ہوتی ہیں۔ 
 اے آئی فیچرزمیں اے آئی ایریزر۲؍شامل ہے جس سے تصاویرمیں موجود غیر ضروری اشیاء کو آسانی سےہٹایاجا سکتا ہے۔ اے آئی ایکسپانڈرتصویر کے کنارے بڑھانے کے لیے، اور سرکل ٹو سرچ فیچرکسی بھی اسکرین پر موجودشےکی فوری معلومات کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کالنگ کے لیے بھی خاص فیچرز شامل کیے گئے ہیں جیسےکہ لائیو کال ٹرانسلیشن اور اے آئی اسکرین ٹرانسلیشن جو زبان کی دیوار کو توڑتے ہیں۔ 
ہارڈ ویئر
 یہ فون میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۳۰۰؍پروسیسر کے ساتھ آتا ہے، جسےہم پہلے کئی فونز میں دیکھ چکےہیں۔ اس کے ساتھ ۸؍ جی بی ریم اور ۲۵۶؍تک کااسٹوریج فراہم کیا گیاہے۔ یہ چپ سیٹ عام استعمال، گیمز اور فوٹو ایڈیٹنگ جیسے کاموں کے لیے بھرپور کارکردگی فراہم کرتی ہے۔ اگرچہ مارکیٹ میں کچھ سستے فونز بھی اسی چپ سیٹ کے ساتھ موجود ہیں، لیکن وہ فاسٹ چارجنگ اور کیمرہ کے شعبے میں اس فون کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ 
کیمرہ
 ویوو وی ۵۰؍ ای کے پچھلے حصے پر دو کیمرے ہیں جن میں پرائمری کیمرہ ۵۰؍ میگا پکسل کا اور ۸؍میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرہ ہے۔ سامنے کی طرف ۵۰؍میگا پکسل کاآٹو فوکس سیلفی کیمرہ دیا گیا ہے۔ دن کی روشنی میں پرائمری کیمرہ سے لی گئی تصاویر میں کافی تفصیل، قدرتی رنگ، اور اچھی ڈائنامک رینج دیکھنے کو ملتی ہے۔ سیلفی کیمرہ بھی صاف ستھری اور تفصیلی تصاویر لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 
بیٹری
 اس میں ۵۶۰۰؍ ایم اے ایچ کی بیٹری ہے، جودن بھر کے استعمال کےبعد بھی مکمل ختم نہیں ہوتی۔ ویوو کے مطابق یہ۴؍ جی وی او ایل ٹی ای پر ۲۰؍گھنٹے تک کا ٹاک ٹائم فراہم کرتی ہے۔ مزید یہ کہ ۹۰؍ واٹ کی فاسٹ چارجنگ سپورٹ بھی موجود ہے، جو فون کو تقریباً ۵۰؍منٹ میں مکمل چارج کر دیتی ہے۔ 

ڈسپلے            ۷۷ء۶؍انچ
پروسیسر        میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۳۰۰
ریم                ۸؍جی بی ریم
اسٹوریج         ۲۵۶؍ جی بی 
آپریٹنگ سسٹم    اینڈرائڈ ۱۵؍پر مبنی فن ٹچ او ایس ۱۵؍
کیمرے          ۵۰؍،۸؍ اور ۵۰؍ سیلفی
بیٹری            ۵۶۰۰؍ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK