• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

لواسا: منصوبہ بندی کے ساتھ بنایا گیا دلکش ہل اسٹیشن

Updated: September 21, 2023, 3:36 PM IST | Mohammad Habib | Mumbai

پونے سے قریب واقع سہیادری پہاڑیوں سے گھرے اس پرسکون ہل اسٹیشن پر آپ کئی طرح کی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں

Photo: INN
تصویر: آئی این این

آجہم آپ کو ایک ایسے ہل اسٹیشن کی سیر پر لے جائیں گے جوایک گائوں نہیں بلکہ خودشہر ہےاوریہ ایک ایسا شہر جسے باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ بسایا گیا ہے۔۲۵؍ہزار ایکڑ میں پھیلا یہ ہل اسٹیشن مغربی گھاٹ سےگھرا ہوا ہے۔ خوبصورت پہاڑوں ،وادیوں اور جھیلوں پر مشتمل یہ شہر مختلف قسم کی ترجیحات کے حامل سیاحوں میں کافی مقبولیت حاصل کررہاہے۔ 
لواساکیوں جائیں: قدرت کے بے مثال حسن کے ساتھ پر سکون ماحول روح کو روزمرہ کی زندگی کے تناؤ بھرے افراتفری والے ماحول سے دورسکون بخشتا ہے۔ لواسا کا شاندار شہر متعدد پرکشش مقامات کاحامل ہے۔ آپ ٹکونا قلعہ، دیو کنڈ آبشار، داسوے ویوپوائنٹ، اور تمہینی گھاٹ کی شکل میں فطرت کی پراسرار خوبصورتی کو تلاش کر سکتے ہیں ۔تاہم، اگر آپ ایڈونچرکےخواہاں ہیں ، توآپ ایکس تھرل ایڈونچر اکیڈمی،وورٹیکس اسپلیش پیڈوغیرہ پر جا سکتے ہیں ۔آپ کی سفر کےتعلق سے ترجیحات چاہے کوئی بھی ہوں وہ سب آپ کویہاں دستیاب آسکتی ہیں ۔بہت ساری سرگرمیاں ہیں جو آپ لاواسا میں کرسکتےہیں ۔ اگر آپ ایڈونچر کے شوقین ہیں تو آپ کے لیے مختلف دلچسپ مہم جوئی کے متبادل موجود ہیں ۔ آپ ریپلنگ، ہائیکنگ، کیمپنگ، رافٹ بلڈنگ،بائیکنگ وغیرہ کو بھی آزما سکتےہیں ۔ تاہم، اگر آپ محض پر سکون ماحول میں وقت گزارنا چاہتے ہیں تووہ بھی یہاں ممکن ہے۔ اگر آپ کھانے کے شوقین ہیں ، تو لواسا یقینی طور پر آپ کو مایوس نہیں کرے گا۔
جھیل کے کنارےگھومنے پھرنے کا راستہ: فرانسیسی رویرا طرز کا تفریحی علاقہ لواسا کی شان میں اضافہ کرتا ہے۔ یہاں ، آپ مختلف پکوانوں کامزہ چکھ سکتے ہیں ، تحائف کی خریداری کر سکتے ہیں ، یا اپنے ساتھی یاکنبہ کے ساتھ انسانوں کی بنائی ہوئی جھیل کے کنارے ٹہل سکتےہیں ۔اس کے علاوہ آپ یہاں کرائے پر سائیکل حاصل کرکے سائیکلنگ بھی کرسکتے ہیں ۔اس کے علاوہ کشتی میں بیٹھ کرجھیل کے اندر سے غروب آفتار کا دلکش نظارہ بھی کرسکتے ہیں ۔
ایکس تھرل ایڈونچر اکیڈمی:اگر آپ ایڈونچرکےشوقین ہیں لیکن پھر بھی خود کو خطرےمیں نہیں ڈالنا چاہتے تو یہ اس جگہ آپ کو ضرور جانا چاہئے۔یہاں ، آپ سنسنی پیدا کرنے والی بہت سی سرگرمیاں آزما سکتےہیں جیسے کہ ریپلنگ، ویلی کراسنگ، ہائیکنگ، رافٹ بلڈنگ، کیمپنگ،غارکے اندرآبشار کے نیچے چہل قدمی وغیرہ۔یہ آپ کو اپنے خاندان، ساتھی، یا دوستوں کے ساتھ کچھ قیمتی لمحات گزارنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔یہ سب کام انتہائی تحفظ کے ساتھ کئے جاتے ہیں ۔
تکوناقلعہ: تقریباً۳؍ہزار۶۳۳؍فٹ کی بلندی پر واقع تکوناقلعہ، جسے ویتندگڑھ بھی کہا جاتا ہے، ایک متاثر کن پہاڑی قلعہ ہے جو پون ماول کے علاقے میں واقع ہے۔یہ مثلث نما نظر آتا ہے اس لئے اسےتکونا قلعہ کہا جاتا ہے۔یہاں پانی کے ٹینکوں ، ستواہن غاروں ، اورسہیادری پہاڑیوں کی ہریالی کے بے مثال نظارے کئے جاسکتے ہیں ۔بہت زیادہ تاریخی اہمیت کاحامل یہ علاقہ یہاں آنےوالے سیاحوں میں کافی مقبولیت حاصل کرچکاہے اور یہ ایک دن کے ٹریکنگ کے سفر کے لیے بہترین جگہ ہے۔
لواسا کیسے جائیں؟
روڈ کے ذریعہ:سڑک کے ذریعہ ممبئی سے لواسا پہنچنا بہت آسان ہےکیوں کہ اس شہر کا خود کا بس اسٹینڈ ہے جہاں مہاراشٹر کے اہم شہروں سےبراہ راست بسیں جاتی ہیں ۔پونےیہاں سے محض ۲۲؍کلومیٹر دور ہے اور اس فاصلہ کو آدھے گھنٹے میں طے کیا جاسکتاہے جبکہ ممبئی ۱۹۳؍کلومیٹر دور ہے اوراسے ممبئی پونے ایکسپریس وے کے ذریعہ محض ۴؍گھنٹے میں عبور کیا جاسکتا ہے۔ 
 کار میں ممبئی سےلواسا جانے کیلئے آپ کوسب سےپہلے پنویل کی جانب سفر کرنا ہوگا اور ممبئی پونے ایکسپریس وے پر سفر کرتے ہوئے آپ پمپری چنچوڑ پہنچ جائیں گے۔ یہاں سے رائٹ ٹرن لے کر آپ پیرانگٹ،گاڈےواڑی،امبے گائوں ، موتھا، کھار واڑے، کولاواڑے، ٹیم گھر ہوتے ہوئے لواسا ہل اسٹیشن پہنچ سکتے ہیں ۔
ٹرین کے ذریعہ: لواسا ہل اسٹیشن کا اپنا کوئی ریلوے اسٹیشن نہیں ہے اس لئے آپ کو لواسا پہنچنے کیلئے لوناولا ریلوے اسٹیشن اترنا ہوگاجو لواسا سے محض ۲۹؍کلومیٹر دور ہے۔یہ ریلوے اسٹیشن ممبئی سے پونے جانے والی مین لائن پر واقع ہے۔ یہاں سے آپ کو لواسا جانے کیلئے بسیں یا ٹیکسیاں مل جائیں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK