Inquilab Logo Happiest Places to Work

شائومی ۱۵؍الٹرا: انتہائی شاندار کیمروں کا حامل عمدہ فون

Updated: April 14, 2025, 11:38 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس فون میںعمدہ کیمرہ سیٹ اپ کے ساتھ کوالکوم کا جدید اسنیپ ڈریگون۸؍جنریشن ۳؍ پروسیسر،۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍جی بی اسٹوریج دیاگیا ہے۔

Xiaomi 15 Ultra. Photo: INN
شائومی ۱۵؍الٹرا۔ تصویر: آئی این این

جب اسمارٹ فون کیمروں کی بات ہوتی ہے، تو اکثر صارفین کی نظر سب سے پہلے کسی ایسے آلے پر جاتی ہے جو نہ صرف تصویری معیار میں بہترین ہو بلکہ اس کی بناوٹ، کارکردگی، اور پائیداری بھی قابلِ رشک ہو۔ شائومی نےاپنے جدید فلیگ شپ ماڈل الٹرا ۱۵؍ کے ذریعے نہ صرف اس امید پر پورا اترنے کی کوشش کی ہے، بلکہ کیمرا سینسرز اور ڈیزائن کے لحاظ سے ایک نیا معیار قائم کر دیا ہے۔ 
ہارڈ ویئر
 کوالکوم کا جدید اسنیپ ڈریگون۸؍ جنریشن ۳؍ ایلائٹ چپ سیٹ ۱۶؍جی بی ریم اور۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج، اور ہائپر او ایس۲؍پر مشتمل یہ فون ایک جن کی مانندہے جو ہر حکم پر لبیک کہتا ہے۔ ۳۰؍ سےزائد ایپس کھول کرجب اس کی آزمائش کی گئی تو فون نے کہیں بھی ہچکچاہٹ یا سست روی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ گیمنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، یا فوٹو پروسیسنگ، ہرمیدان میں یہ فون عمدہ ثابت ہوتا ہے۔ 
ڈیزائن
 شائومی ۱۵؍ الٹراکو دیکھتےہی ایک سنجیدہ فوٹوگرافر کی آنکھیں چمک اٹھتی ہیں۔ اس کی پشت پر Leica کی طرز کا بڑا، گول کیمرا ماڈیول موجودہے، جو پہلی نظر میں ہی بتا دیتا ہے کہ یہ فون عام موبائلز سےالگ ہے۔ پی یوچمڑے اور خلائی معیار کے گلاس فائبر کا حسین امتزاج اس فون کو نہ صرف مضبوط بناتا ہے بلکہ اسے ہاتھ میں تھامتے وقت ایک شاہانہ احساس بھی دیتا ہے۔ ۲۲۹؍گرام وزنی یہ فون بھاری ضرورہے، لیکن اس کا یکساں ڈیزائن اور گرفت میں آسانی اسے ایک عمدہ فون بناتے ہیں۔ 
ڈسپلے
 اس میں ۶ء۷۳؍انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جو ۳۲۰۰؍نٹس تک کی برائٹ نیس فراہم کرتا ہے۔ ۱۹۲۰ء ہرٹز پی ڈبلیو ایم ڈمنگ، ڈی سی ڈمنگ اور’ویٹ ٹچ‘جیسی ٹیکنالوجی اسے ہر موسم اورہر حالت میں قابلِ استعمال بناتی ہے۔ ویڈیو دیکھنے، گیم کھیلنے یا صرف خبروں کامطالعہ کرنے کے لئے یہ اسکرین نہایت عمدہ ہے۔ 
سافٹ ویئر
 اینڈرائڈ ۱۵؍پر مبنی ہائپر او ایس ۲؍نہ صرف مستحکم ہے بلکہ صارف کے لیے ذاتی حسبِ ضرورت آپشنز بھی فراہم کرتا ہے۔ شائومی کی جانب سے۴؍سال تک سافٹ ویئر اپڈیٹس اور۶؍سال تک سیکورٹی اپڈیٹس فراہم کرنےکاوعدہ کیا گیا ہے۔ صارف کے لیے یہ ایک تسلی بخش پیش کش ہے۔ 
بیٹری
 ۵۴۱۰؍ ایم اے ایچ بیٹری کو ۹۰؍واٹ ہائپرچارج ٹیکنالوجی کےساتھ چارج کرنے پر یہ کم از کم ایک دن آرام سے چلتا ہے۔ اسے پوری طرح چارج میں صرف ایک گھنٹہ لگتا ہے، جو کہ آج کے مصروف دور میں ایک نعمت سے کم نہیں۔ 
کیمرہ
 جیسا کہ پہلے کہا گیا اس کا کیمرہ ہی اس کی سب سے اہم خصوصیت ہے، جس کا ثبوت اس کے عمدہ کیمرے ہیں۔ اس میں ۵۰؍ میگا پکسل کا مین کیمرہ، ۱۰۰؍ ایم ایم فوکل لینتھ کے ساتھ ۲۰۰؍ میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو لینس، ۷۰؍ ایم ایم لیکافلوٹنگ کے ساتھ ۵۰؍ میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو لینس، ۱۱۵؍ڈگری کے ساتھ ۵۰؍میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ لینس اور ۳۲؍میگا پکسل کا سیلفی کیمرہ دیا گیا ہے۔ 
 یہ کیمرا سسٹم نہ صرف تصاویر بلکہ ویڈیو ریکارڈنگ میں بھی بے مثال ہے۔ شاؤمی نےاس بار ویری ایبل اپرچر ہٹا دیا ہے، جو کچھ صارفین کے لیے مایوسی کا سبب بن سکتاہے، مگر۲۰۰؍میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس اس کمی کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے۔ 
نتیجہ
 شائومی ۱۵؍ الٹرا جدید ٹیکنالوجی، شاندار کیمرا سیٹ اپ، عمدہ کارکردگی، اور پائیدار ڈیزائن کاحسین امتزاج ہے۔ یہ فون نہ صرف فوٹوگرافی کے شوقین افراد کیلئےبہترین انتخاب ہے بلکہ وہ صارفین جو ہر میدان میں اعلیٰ کارکردگی چاہتے ہیں، ان کے لیے بھی ایک مضبوط دعویدارہے۔ اگر آپ کسی ایسے فون کی تلاش میں ہیں جو ہر لحاظ سے مکمل ہوتو یہ بلاشبہ آپ کے لیے بہترین انتخاب بن سکتا ہے۔ 

ڈسپلے             ۶ء۷۳؍انچ
پروسیسر          اسنیپ ڈریگون ۸؍ایلائٹ
ریم                 ۱۶؍جی بی ریم
اسٹوریج           ۵۱۲؍ جی بی 
آپریٹنگ سسٹم      اینڈرائڈ ۱۵؍پر مبنی ہائپر او ایس ۲؍
کیمرے             ۵۰؍، ۵۰؍، ۲۰۰؍، ۵۰؍ اور ۳۲؍ سیلفی
بیٹری               ۵۴۱۰؍ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK